my page 1
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
Type 1 or more characters for results.
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Tawakkal Kay Fazail | توکل کے فضائل

book_icon
توکل کے فضائل
            
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنط اَمَّا بَعْدُ! فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمط بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم ط

روزِ قیامت قُرْبِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پانے کا نُسخہ

اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشا دفرمایا: اَوْلَى النَّاسِ بِيْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ اَكْثَرُهُمْ عَلَيَّ صَلَاةً یعنی قیامت کے دن لوگوں میں سے میرے زیادہ قریب وہ ہوگا جس نے مجھ پر زیادہ دُرُود پڑھا ہوگا۔ (ترمذی،2/27، حدیث:484) صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد

توکل کیسا ہونا چاہیے؟

﴿1…حضرت سیِّدُنا عمر فاروق رَضِیَ اللہ عَنْہُ فرماتے ہیں کہ میں نے نبی پاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو فرماتے سنا:اگر تم اللہ پاک پر ایسا توکل کرو جیسا کہ اُس پر توکُّل کرنے کا حق ہے تو تم کو ایسے رِزق دے جیسے پرندوں کو دیتا ہے کہ وہ پرندے صبح بھوکے جاتے ہیں اور شام کو سیر لوٹتے ہیں۔(1) ﴿2…حضرت سیِّدُنا ابنِ عباس رَضِیَ اللہ عنہمافرماتے ہیں کہ نبی پاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نےدعا کرتے ہوئے فرمایا:” اَللّٰهُمَّ لَكَ اَسْلَمْتُ وَبِكَ اٰمَنْتُ وَعَلَيْكَ تَوَكَّلْتُ وَاِلَيْكَ اَنَبْتُ وَبِكَ خَاصَمْتُ اَعُوْذُ بِعِزَّتِکَ لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ الْحَیُّ الَّذِیْ لَا یَمُوْتُ وَالْجِنُّ وَالْاِنْسُ یَمُوْتُوْنَ ( اے اللہ ! میں نے تیرے لئے سرِ تسلیم خم کیا،تجھی پر ایمان لایا،تجھی پر توکل کیا،تیری طرف رجوع کیا،تیری ہی مدد سے دشمنوں سے لڑتا ہوں،میں تیری عزت کی پناہ میں آتا ہوں،تیرے سوا کوئی معبود نہیں ،توزندہ ہے جسے موت نہیں آئے گی اور جن وانسان سب کو موت آئے گی۔) ﴿3…حضرت امام عبد الرحمن اوزاعی رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں کہ نبی پاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی دعا میں ہے: اَللّٰهُمَّ اِنِّي اَسْاَلُكَ التَّوْفِيْقَ لِمَحَابِكَ مِنَ الْاَعْمَالِ وَصِدْقَ التَّوَكُّلِ عَلَيْكَ وَحُسْنَ الظَّنِّ بِكَ (اے اللہ !میں تجھ سے تیرے پسندیدہ اعمال کی توفیق،تجھ پر سچا توکل کرنےاور تجھ سے اچھا گمان رکھنے کا سوال کرتا ہوں۔) ﴿4…حضرت سیِّدُنا انس بن مالک رَضِیَ اللہ عَنْہُ فرماتے ہیں کہ نبی پاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اپنی دعا میں فرمایا کرتے:اے اللہ !ہمیں اُن لوگوں میں سے بنا جنہوں نے تجھ پر بھروسا کیا اور تُو اُنہیں کافی ہوا، جنہوں نے تجھ سے ہدایت کا سوال کیا اور تُو نے اُنہیں سیدھی راہ چلایا اور جنہوں نے تجھ سے مدد مانگی اور تُو نے اُن کی مدد فرمائی۔

ایمان کی بنیاد:

﴿5…حضرت سعید بن جبیر رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: اللہ پاک پربھروسا رکھنا ایمان کی بنیاد ہے۔ ﴿6…ایک شخص نے حضرت ابنِ شُبْرُمہ رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ سے کہا:کیا میں تمہیں وہ حدیث نہ بتاؤں جو مجھے نبی پاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے پہنچی ہے۔ حضرت ابن شبرمہ رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ نے کہا:سناؤ!تم بہت سی اچھی حدیثیں لاتے ہو۔کہا:چار چیزیں صرف ان لوگوں کو ملتی ہیں جنہیں اللہ پاکمحبوب رکھتاہے: (۱)…خاموشی جو عبادت کی ابتدا ہے (۲)… اللہ پاک پر توکل (۳)…عاجزی اور (۴)…دنیا سے بے رغبتی۔(2) ﴿7…حضرت سیِّدُناعلی المرتضٰی رَضِیَ اللہ عَنْہُ فرماتے ہیں:اے لوگو! اللہ پاک پرتوکل کرو اور اسی پر اعتماد کرو کیونکہ وہ دوسروں سے کافی ہے۔

دنیا گہرا سمندر ہے:

﴿8…حضرت لقمان حکیم رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ نے اپنے بیٹے سے فرمایا:اے میرے بیٹے! دنیا گہرا سمندر ہے جس میں بہت سے لوگ غرق ہوچکے ہیں،لہٰذا اس میں ایمان کی کشتی پر سفر کرو، اللہ پاک کی فرمانبرداری کے عمل کو ہم سفراور اللہ پاک پر توکُّل کو بادبان(3)بناؤتاکہ نجات حاصل کرو۔ ﴿9…حضرت سیِّدُنا ابنِ عباس رَضِیَ اللہ عَنْہُمَا فرماتے ہیں کہ نبی پاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نےارشاد فرمایا:جسے اس بات سے خوشی ہوکہ وہ لوگوں میں سب سے قوی ہو اسے چاہیے کہ وہ اللہ پاک پر توکل کرے۔

توکل کرنے والا وہ ہے۔۔۔

﴿10…حضرت سیِّدُناعمر فاروق رَضِیَ اللہ عَنْہُ سےیمن کے کچھ لوگ ملے تو آپ نے ان سے پوچھا:تم کون ہو؟انہوں نے کہا:ہم توکل کرنے والے ہیں۔ آپ رَضِیَ اللہ عَنْہُ نے فرمایا:نہیں بلکہ تم صرف بولنے والے ہوکیونکہ توکل کرنے والا وہ ہے جو زمین میں بیچ ڈال کر اللہ پاک پر توکل کرتا ہے۔ ﴿11…حضرت سیِّدُنا انس بن مالک رَضِیَ اللہ عَنْہُ فرماتے ہیں کہ نبی پاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے پاس ایک شخص آیا اور کہا:اے رسولِ خدا!کیا میں اپنی سواری باندھوں اور توکل کروں یا اپنی سواری کو کھلا چھوڑ کر توکل کروں؟ارشاد فرمایا: سواری کو باندھ کر توکل کرو۔(4)

توکل کرو اور خو ش رہو:

﴿12…حضرت سیِّدُناعبد اللہ بن سلام اور حضرت سَیِّدُنا سلمان فارسی رَضِیَ اللہ عَنْہُمَا کی ملاقات ہوئی تو ایک نے دوسرے سے فرمایا: اگر آپ مجھ سے پہلے انتقال کریں تو مجھے(خواب میں)خبر دیں کہ ربّ کی بارگاہ سے آپ کو کیا پیش آیا اور اگر میں آپ سے پہلے انتقال کرجاؤں تو میں آپ کو خبر دوں گا، دوسرے نے پوچھا:کیا زندے اور مردے بھی آپس میں ملتے ہیں؟ فرمایا: ہاں مسلمانوں کی روحیں تو جنت میں ہوتی ہیں اور انہیں اختیار ہوتا ہے جہاں چاہے جائیں۔فلاں کا انتقال ہوا تو کسی نے اسے خواب میں دیکھا اور یہ کہتے سنا:توکل کرو اور خو ش رہو کیونکہ میں نے توکل جیسا کوئی عمل نہیں دیکھا۔ ﴿13…حضرت خلید رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں:جس بندے کو کوئی سخت حاجت پیش آئی پھر اس نے اپنے ربّ پر توکل کرتے ہوئے اپنے پاس رکھی امانت کو لے لیا اوربغیر فضول خرچی کئے اسے اپنے گھروالوں پر خرچ کردیا ۔اس کے بعد اسے موت نے آلیا اور وہ اس امانت کو ادا نہ کرسکا تو اللہ پاک اپنے فرشتوں سے فرماتا ہے:میرے بندے کو سخت حاجت پیش آئی اور اس نے مجھ پر توکل کرتے ہوئے امانت کو لیا اوربغیر فضول خرچی کئے اسے اپنے گھروالوں پر خرچ کیا۔تم گواہ ہوجاؤ میں اس کا قرض ادا کروں گا اور اس کے حقدار کو راضی کروں گا۔ ﴿14…حضرت حسن بصری رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں:عزت اور غنا توکل کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں جب کامیاب ہوتے ہیں تو انہیں قرار آجاتا ہے۔

توکل کی وضاحت:

﴿15…حضرت فیض بن اسحاق رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت فضیل بن عیاض رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ سے کہا :کیا آپ مجھے توکل کی تعریف بتا سکتے ہیں۔فرمایا:آہ! تم اس ذات پر کیسےتوکل کرسکتے ہو ؟وہ تمہارے لئے کوئی چیز پسند کرتا ہے تو تم اس کے فیصلے سے ناراض ہوتے ہو۔تمہارا کیا خیال ہے اگر تم اپنے گھر میں داخل ہواور اپنی بیوی کو اندھا ،بیٹی کو اپاہج اور خود کو فالج زدہ پاؤ تو اس وقت اس ذات کے فیصلے پر تمہاری رضا مندی کیسی ہوگی؟میں نے کہا:مجھے خوف ہے کہ صبر کا دامن چھوٹ جائے۔ارشاد فرمایا:کیوں نہیں ہوسکتا معاملہ ایک جیسا ہو کہ تم عافیت میں جس طرح راضی ہوتے ہو اسی طرح اگر تم سے کوئی نعمت لے لی جائے تو تم اس پر بھی راضی رہواور تمہیں جو ملا ہے اسی پر بھروسا کرو۔پھر انہوں نے ایک شخص کانام ذکر کرتے ہوئے اس کا یہ قول ذکر کیا:میں یہ ناپسند کرتا ہوں سجدے میں یہ کہوں:”اے اللہ !میں تجھ پر توکل کرتا ہوں۔“ ﴿16…حضرت عون بن عبد اللہ رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: ایک فتنہ کے زمانے میں کوئی شخص مصر کے ایک باغ میں غمزدہ حالت میں کسی شے سے زمین کرید رہا تھا اس نے سر اٹھایا تو ایک شخص کو کھدال اٹھائے اپنے سامنے کھڑے دیکھا۔ کھدال والے نے کہا: تجھے کیا ہوا تو غمزَدَہ کیوں ہے؟کیا دنیا کا معاملہ ہے؟ بے شک دنیا تو متاع حاضر ہے اور اس سے نیک و بد دونوں ہی کھاتے ہیں اور آخرت وہ تو آنے والی ایک سچی حقیقت ہے،قادرِ مُطْلَق بادشاہ اس میں فیصلہ کرنے والا ہو گا،جو حق اور باطل کو جدا جدا فرمائے گا حتّٰی کہ اس نےیہ تک بتا دیا کہ آخرت کے بھی جوڑ ہیں، جیسے گوشت میں جوڑ ہوتے ہیں جس نے اس میں خطا کی اس نے حق میں خطا کی، غمزدہ شخص کو اس کی باتیں پسند آنے لگیں،کھدال والے نے کہا: جس معاملے میں مسلمان پڑے ہیں اس پر غمزدہ ہو؟ مسلمانوں پر تمہاری اس شفقت کے سبب عنقریب اللہ پاک تمہیں نجات دے گا۔ پوچھو کہ کون ہے جس نے اللہ پاک سے دعا مانگی لیکن اس نے قبول نہ کی، اس سے سوال کیا لیکن اس نے عطا نہ کیا ، اس پر بھروسا کیا لیکن وہ کافی نہ ہوا اور اس پر یقین کیا لیکن اس نے نجات نہ دی ہو...؟غمزدہ شخص کہتا ہے: میں نے دعا کی: اَللّٰهُمَّ سَلِّمْنِیْ وَسَلِّمْ مِنِّیْ یعنی اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ! میری حفاظت فرما اور مجھ سے حفاظت فرما۔ حضرتِ سیِّدُناعون بن عبداللہرَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں:فتنہ تو ظاہر ہوا مگر اس شخص کو اس فتنہ سے کچھ نہ پہنچا۔ ﴿17…حضرت حسن بصری رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ سے توکل کے بارے میں پوچھا گیا تو فرمایا: اللہ پاک سے راضی رہنا توکل ہے۔ ﴿18…حضرت حسن بصری رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں:بندے کے توکل میں سے ہے کہ اللہ پاک ہی اس کا بھروسا ہو۔
1… ترمذی،۴ /۱۵۴،حدیث۲۳۵۱ 2…موسوعة الامام ابن ابی الدنیا، کتاب التواضع والخمول ،۳/ ۵۶۱، حدیث :۱۲۷ 3…کشتی کے اوپربندھا ہوا وہ کپڑا جو کشتی کی رفتار تیز کرنے اور اس کا رخ موڑنے کے کام آتاہے۔ (فیروزاللغات،ص172) 4… ترمذی، ۴ / ۲۳۲، حدیث: ۲۵۲۵

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن