ameer ul momineen hazrat usman e ghani ka ishq e rasool
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
Type 1 or more characters for results.
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Wudu Ka Tariqa Shafiee | وضو کا طریقہ - شافعی

ameer ul momineen hazrat usman e ghani ka ishq e rasool

book_icon
وضو کا طریقہ - شافعی
            
پہلے اسے پڑھ لیجئے! الحمد للہ ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے بانی، شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنت حضرت علامہ مولانا ابو بِلال محمد الیاس عطاؔر قادِری رضوی ضیائی دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے کُتُب و رسائل میں عقائد و اعمال، فضائل و مناقب، شریعت و طریقت، تاریخ و سیرت، سائنس و طب، اخلاق و ادب، روزمرہ کے مُعَاملات اور دیگر بہت سے موضوعات پر علم و حکمت کا بہت قیمتی خزانہ ہوتا ہے اس لئے المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کا شعبہ ”کُتُبِ فقہِ شافعی“ آپ کی کُتُب و رسائل کو ترمیم و اضافہ کے ساتھ فقہِ شافعی کے مطابق مرتب کر رہا ہے تاکہ فقہِ شافعی پر عمل کرنے والے افراد بھی امیرِ اہلسنت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے علم و حکمت سے معمور مدنی پھولوں سے اِستفادہ کر سکیں۔ شعبہ کُتُبِ فقہ ِشافعی کی طرف سے اس رِسالے پر کام کی تفصیل یہ ہے: * رِسالے میں ذِکْر کردہ تمام فقہی مسائل کو تبدیل کر کے فقہِ شافعی کی معتبر کُتُب سے لکھا گیا ہے۔ * ضرورتاً کہیں کہیں مسائل کا اِضافہ کیا گیا ہے۔ * دعوتِ اسلامی کی اِصْطِلاحات، اسلامک ریسرچ سینٹر نیز شعبہ کُتُبِ فقہِ شافعی کے اپ ڈیٹ اُصُولوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے رِسالے میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ * مذکورہ کام مکمل کرنے کے بعد مفتی محمد رفیق سعدی شافعی مَدَّ ظِلُّہُ العالی سے پورے رِسالے کی شرعی تفتیش کرائی گئی ہے۔ اس رِسالے میں جو بھی خوبیاں ہیں یقیناً اللہ پاک کی توفیق، اس کے محبوبِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی عطا، اولیائے کرام کی عنایت اور امیرِ اہلسنت کی شفقتوں اور پُرخُلُوص دُعاؤں کا نتیجہ ہیں اور خامیوں میں ہماری غیر اِرادی کوتاہی کا دخل ہے۔ المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر)، شعبہ کُتُبِ فقہِ شافعی 21 جمادی الاخری 1442ھ / 4فروری2020ء اَلحمدُ لِلّٰہ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ وُضو کا طریقہ(شافعی) یہ رسالہ اوّل تا آخِر پورا پڑھئے، قَوی اِمکان ہے کہ آپ کی کئی غَلَطیاں آپ کے سامنے آ جائیں۔

دُرُود شریف کی فضیلت

سرکارِ دو عالَم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ معظم ہے: جس نے دن اور رات میں میری طرف شوق و مَحَبَّت کی وجہ سے تین تین مرتبہ دُرُودِ پاک پڑھا اللہ پر حق ہے کہ وہ اُس کے اُس دن اور اُس رات کے گناہ بَخْش دے۔ [1] صَلُّوا عَلَى الْحَبِيب ! صَلَّى اللهُ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّم

عُثمانِ غنی کا عشقِ رسُول

حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ نے ایک بار ایک مقام پرپہنچ کر پانی منگوایا اور وُضُو کیا پھر یَکایک مسکرانے اور رُفقا سے فرمانے لگے: جانتے ہو میں کیوں مسکرایا؟ پھر خود ہی اِس سُوال کا جواب دیتے ہوئے فرمایا: میں نے دیکھا سرکارِ نامدار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے وُضُو فرمایا تھا اور بعدِ فراغت مسکرائے تھے اور صَحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے فرمایا تھا: جانتے ہو میں کیوں مسکرایا؟ پھر سرکارِ نامدار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے خود ہی فرمایا: جب آدمی وُضو کرتا ہے تو چہرہ دھونے سے چہرے کے اور ہاتھ دھونے سے ہاتھوں کے اور سر کا مسح کرنے سے سر کے اور پاؤں دھونے سے پاؤں کے گناہ جھڑ جاتے ہیں۔ [2] وُ ضُو کر کے خَنداں ہوئے شاہِ عثماں کہا: کیوں تَبسُّم بھلا کر رہا ہوں؟ جوابِ سُوالِ مخاطب دیا پھر کسی کی ادا کو ادا کر رہا ہوں صَلُّوا عَلَى الْحَبِيب ! صَلَّى اللهُ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّم اے عاشقانِ صَحابہ! دیکھا آپ نے؟ صَحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سرکارِ خیرُ الْانَام صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی ہر ہر ادا اور ہر ہر سُنَّت کو دیوانہ وار اپناتے تھے۔ نیز اس روایت سے گناہ دھونے کا نسخہ بھی معلوم ہو گیا۔ اَلحمدُ لِلّٰہ ! وُضُو میں کُلّی کرنے سے منہ کے، ناک میں پانی ڈال کر صاف کرنے سے ناک کے، چہرہ دھونے سے پلکوں سَمیت سارے چہرے کے، ہاتھ دھونے سے ہاتھ کے ساتھ ساتھ ناخُنوں کے نیچے کے، سَر (اور کانوں) کا مسح کرنے سے سَر کے ساتھ ساتھ کانوں کے اور پاؤں دھونے سے پاؤں کے ساتھ ساتھ پاؤں کے ناخُنوں کے نیچے کے گناہ بھی جھڑ جاتے ہیں۔

گناہ جَھڑنے کی حِکایت

اَلحمدُ لِلّٰہ ! وُضُو کرنے والے کے گناہ جَھڑتے ہیں، اِس ضِمْن میں ایک ایمان افروز حِکایت نَقْل کرتے ہوئے حضرت علّامہ عبدُ الْوَہّاب شعرانی رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ایک مرتبہ امامِ اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ جامِع مسجِد کوفہ کے وُضُو خانے میں تشریف لے گئے تو ایک نوجوان کو وُضُو بناتے ہوئے دیکھا، اس سے وُضُو (میں استعمال شدہ پانی) کے قطرے ٹپک رہے تھے۔ آپ نے ارشاد فرمایا: اے بیٹے! ماں باپ کی نافرمانی سے توبہ کر لے۔ اس نے فوراً عرض کی: میں نے توبہ کی۔ ایک اورشَخْص کے وُضُو (میں اِستعمال ہونے والے پانی) کے قطرے ٹپکتے دیکھے، آپ رضی اللہ عنہ نے اس شخص سے ارشاد فرمایا: اے میرے بھائی! تو زِنا سے توبہ کر لے۔ اس نے عرض کی: میں نے توبہ کی۔ ایک اورشخص کے وُضُوکے قطرات ٹپکتے دیکھے تو اسے فرمایا: شراب نوشی اور گانے باجے سننے سے توبہ کر لے۔ اس نے عَرْض کی: میں نے توبہ کی۔ امامِ اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ پر کشف کے باعِث چُونکہ لوگوں کے عُیُوب ظاہِر ہو جاتے تھے لہٰذا آپ رضی اللہ عنہ نے بارگاہِ خداوندی میں اِس کشف کے خَتْم ہو جانے کی دُعا مانگی: اللہ پاک نے دُعا قَبول فرما لی جس سے آپ رضی اللہ عنہ کو وُضُو کرنے والوں کے گناہ جھڑتے نظر آنا بند ہو گئے۔ [3] صَلُّوا عَلَى الْحَبِيب ! صَلَّى اللهُ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّم

سارا بدن پاک ہو گیا!

دو حدیثوں کا خُلاصہ ہے: جس نے بِسْمِ اللہ کہہ کر وُضُو کیا اس کا سر سے پاؤں تک سارا جسم پاک ہو گیا اور جس نے بغیر بِسْمِ اللہ کہے وُضو کیا اُس کا اُتنا ہی بدَن پاک ہو گا جتنے پر پانی گزرا۔ [4] حضرت ابُو ہُریرہ رضی اللہ عنہ سے رِوایَت ہے کہ سرکارِ مدینہ، قرارِ قلب و سینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا: اے ابُو ہُریرہ! جب تم وُضُو کرو تو بِسْمِ اللہ ِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہ کہہ لیا کرو جب تک تمہارا وُضُو باقی رہے گا اُس وَقْت تک تمہارے فرشتے (یعنی کِرامًا کاتبین) تمہارے لئے نیکیاں لکھتے رہیں گے۔ [5]

باوُضُو سونے کی فضیلت

حدیثِ پاک میں ہے: باوُضُو سونے والا روزہ رکھ کر عِبادت کرنے والے کی طرح ہے۔ [6]

باوُضُو مرنے والا شہید ہے

مدینے کے تاجدار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے حضرت اَنَس رضی اللہ عنہ سے فرمایا: بیٹا! اگر تم ہمیشہ باوُضُو رہنے کی اِستطاعَت رکھو تو ایسا ہی کرو کیونکہ مَلکُ الْمَوت جس بندے کی روح حالتِ وُضُو میں قَبض کرتا ہے اُس کے لئے شہادت لکھ دی جاتی ہے۔ [7] فقہائے کِرَام رحمۃُ اللہ علیہم فرماتے ہیں: ہمیشہ باوُضُو رہنا مستحب ہے۔ [8]

مصیبتوں سے حِفاظت کا نسخہ

اللہ پاک نے حضرت موسیٰ کلیمُ اللہ علیہ الصّلوٰۃُوالسّلام سے فرمایا: اے موسیٰ! اگر بے وُضُو ہونے کی صورت میں تجھے کوئی مصیبت پہنچے تو خود اپنے آپ کو ملامت کرنا۔ [9]

”احمد رضا“ کے سات حُرُوف کی نسبت سے ہر وَقْت باوُضُو رہنے کے 7 فضائل

میرے آقا امامِ اہلسنّت امام احمد رضا خان حنفی رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں: بعض عارِفین (رحمۃُ اللہ علیہم) نے فرمایا: جو ہمیشہ باوُضُو رہے اللہ پاک اُس کو سات فضیلتوں سے مُشَرَّف فرمائے: ( 1 )ملائکہ اس کی صحبت میں رَغبت کریں ( 2 )قلم اُس کی نیکیاں لکھتا رہے ( 3 )اس کے اَعْضا تسبیح کریں ( 4 )اُس سے تکبیرِ اُولیٰ فوت نہ ہو ( 5 )جب سوئے اللہ کریم کچھ فرشتے بھیجے کہ جِنّ و اِنْس کے شَر سے اُس کی حِفاظت کریں ( 6 )سَکَراتِ موت اس پر آسان ہو ( 7 )جب تک باوُضو ہو اَمانِ الٰہی میں رہے۔ [10]

دُگنا ثواب

یقیناً سردی،تھکن یا نزلہ، زُکام، دَرْدِ سر اور بیماری میں وُضو کرنا دشوار ہوتا ہے Text Box: فرمانِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم :جس کے پاس میرا ذکر ہوا اور اس نے مجھ پر دُرُود پاک نہ پڑھا تحقیق وہ بد بخت ہو گیا۔ (ابن سنی) مگر پھر بھی کوئی ایسے وَقْت وُضو کر ے جبکہ وُضو کرنا دشوار ہو تو اس کو بحکمِ حدیث دُگنا ثواب ملے گا۔ [11]

سردی میں وُضُو کرنے کی حِکایت

حضرت عُثمانِ غنی رضی اللہ عنہ نے اپنے غلام حُمران سے وُضُو کے لئے پانی مانگا اور سردی کی رات میں باہَر جانا چاہتے تھے، حُمران کہتے ہیں: میں پانی لایا، انہوں نے مُنہ ہاتھ دھوئے تو میں نے کہا: اللہ آپ کو کفایت کرے، رات تو بَہُت ٹھنڈی ہے۔ اس پر فرمایا: میں نے رسولُ اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے سنا ہے کہ ”جو بندہ وُضُوئے کامِل کرتا ہے اللہ پاک اُس کے اگلے پچھلے گناہ بَخْش دیتا ہے۔“ [12]
[1]... معجم كبير ، 8/69، حديث: 15316، دار الكتب العلميہ بيروت ۔ [2]...مسند امام احمد، مسند عثمان بن عفان ، 1/190، حديث:423، دار الكتب العلميہ بيروت ۔ [3]... ميزان الكبرى ، كتاب الطہارة ، 1 / 130 ، ملتقطا، دار الكتب العلمیہ بيروت ۔ [4]... دار قطنی ، كتاب الطہارة ، باب التسميۃ على الوضوء ، 1 / 52 ، حديث: 228 و229، دار الفكر بيروت ۔ [5]... معجم صغير ، ص 168، حديث: 196، دار الكتب العلميہ بيروت ۔ [6]... كنز العمال ، كتاب الطہارة ، باب الاول ،جز: 5، 9/123، حديث: 25994، دار الكتب العلميہ بيروت ۔ [7]... شعب الايمان ، باب فى الطہارات ، 3/29، حديث: 2783، دار الكتب العلميہ بيروت ۔ [8]... مغنی المحتاج ، كتاب الطہارة ، باب الوضوء ، 1/181، دار الحديث قاہره۔ [9]... شعب الايمان ، باب فى الطہارات ، 3/29، حديث: 2782۔ [10]...فتاویٰ رضویہ، 1/945، جزء ب، رضا فاؤنڈیشن لاہور۔ [11]... معجم اوسط ، 4/106، حديث: 5366، دار الفكر عمان ۔ [12]...مسند بزار، 2/75، حديث: 422، ملتقطا، دار الكتب العلميہ بيروت ۔

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن