حسنِ معاشرت کے نبوی اصول (قسط:02)

اسلام کی روشن تعلیمات

حُسنِ مُعاشرت کے نبوی اصول ( قسط : 02 )

*مولانا ابو النور راشد علی عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ نومبر 2022

گزشتہ شمارے میں بیان کیا گیا تھا کہ حضور نبیِّ رحمت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک تعلیمات حسنِ معاشرت کے عظیم اصولوں کی حیثیت رکھتی ہیں ، جن میں سے 18 اصولوں پر مشتمل احادیث پہلی قسط میں بیان کی گئی ہیں ، آئیے مزید حسن معاشرت کے 13اصولوں پر مشتمل احادیثِ مبارکہ ملاحظہ کرتے ہیں۔

اصول19 : سلام ، عیادت ، نمازِ جنازہ ، قبولِ دعوت کے ذریعے دوسروں کے حق ادا کرو !

 حَقُّ الْمُسْلِمِ عَلَى الْمُسْلِمِ خَمْسٌ رَدُّ السَّلَامِ وَعِيَادَةُ الْمَرِيضِ وَاتِّبَاعُ الْجَنَائِزِ وَاِجَابَةُ الدَّعْوَةِ وَتَشْمِيتُ الْعَاطِس یعنی مسلمان کے مسلمان پر پانچ حق ہیں : سلام کا جواب دینا ، مریض کی عیادت کرنا ، جنازے کے ساتھ جانا ، دعوت قبول کرنا اور چھینک کا جواب دینا۔[1]

اصول20 : مسلمان بھائی کی پردہ پوشی کرو !

لَا يَسْتُرُ عَبْدٌ عَبْدًا فِي الدُّنْيَا اِلَّا سَتَرَهُ اللَّهُ يَوْمَ الْقِيَامَة یعنی جو بندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کرتا ہے اﷲ پاک قیامت کے دن ضرور اس کے عیبوں پر پردہ ڈالے گا۔[2]

اصول21 : خونی رشتوں کو جوڑو !

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيَصِلْ رَحِمَهٗ یعنی جو شخص اﷲ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہئے کہ وہ صلہ رحمی  ( یعنی رشتہ داروں سے اچھا سلوک )  کرے۔[3]

اصول22 : بچیوں کی اچھی تربیت وپرورش کرو !

مَنْ عَالَ جَارِيَتَيْنِ حَتَّى تَبْلُغَا جَاءَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ اَنَا وَهُوَ وَضَمَّ اَصَابِعَهٗ یعنی جس نے دو بچیوں کی پرورش کی ، حتى کہ وہ بلوغت کو پہنچ گئیں قیامت کے دن وہ میرے ساتھ  ( اس طرح قریب )  ہوگا آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنی انگلیوں کو ملایا۔  [4]

اصول23 : اچھے کاموں میں سفارش کرو !

اِشْفَعُوا فَلْتُؤْجَرُوا یعنی سفارش کرو  ( جائز کام کے لئے )  تمہیں اجر ملے گا۔[5]

اصول24 : بخل سے بچو کہ اس سے معیشت تباہ ہوتی ہے

مَا مِنْ يَوْمٍ يُصْبِحُ الْعِبَادُ فِيهِ اِلَّا مَلَكَانِ يَنْزِلَانِ فَيَقُولُ اَحَدُهُمَا اَللّٰهُمَّ اَعْطِ مُنْفِقًا خَلَفًا ، وَيَقُولُ الْآخَرُ اَللّٰهُمَّ اَعْطِ مُمْسِكًا تَلَفًایعنی ہر روز صبح سویرے دو فرشتے زمین پر اترتے ہیں۔ ان میں سے ایک اﷲ تعالی سے دعا کرتا ہےکہ اے اﷲ جو تیری راہ میں خرچ کرے اسے مزید رزق عطا فرما اور دوسرا یہ دعا کرتا ہے کہ اے اﷲ جو تیری راہ میں خرچ نہ کرے اس کے مال کو تباہ و برباد کر دے۔[6]

اِتَّقُوا الشُّحَّ فَاِنَّ الشُّحَّ اَهْلَكَ مَنْ كَانَ قَبْلَكُمْیعنی بخل سے بچو ، کیونکہ تم سے پہلے لوگوں کو بخل ہی نے ہلاک کیا۔[7]

اصول25 : مہمان کی عزّت کرو !

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيُكْرِمْ ضَيْفَهٗیعنی جو شخص اﷲ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہئے کہ اپنے مہمان کی عزت کرے۔[8]

اصول26 : ہمسائے کی عزّت کرو ، اسے تکلیف نہ دو کہ یہ ایمان کا بھی تقاضا ہے

وَاللَّهِ لَا يُؤْمِنُ وَاللَّهِ لَا يُؤْمِنُ وَاللَّهِ لَا يُؤْمِنُ قِيلَ وَمَنْ يَا رَسُولَ اللَّهِ؟ قَالَ الَّذِي لَا يَاْمَنُ جَارُهٗ بَوَائِقَهٗیعنی اللہ کی قسم ! وہ  ( کامل )  مؤمن نہیں۔ اللہ کی قسم ! وہ  ( کامل )  مؤمن نہیں۔ اللہ کی قسم ! وہ  ( کامل )  مؤمن نہیں۔ عرض کیا گیا اے اﷲ کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم وہ کون ہے؟ آپ نے فرمایا : وہ شخص جس کی شرارتوں سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو۔[9]

اصول27 : دوستی دین و دیانت دیکھ کر کرو !

الرَّجُلُ عَلٰی دِينِ خَلِيلِهٖ فَلْيَنْظُرْ اَحَدُكُمْ مَنْ يُخَالِلیعنی آدمی اپنے دوست کے دین اور اخلاق پر ہوتا ہے ، اس لئے تم میں سے  ( ہر )  ایک کو دیکھنا چاہئے کہ وہ کس سے دوستی کر رہا ہے۔[10]

عَن اَنَسِ بْنِ مَالِکٍ اَنَّ اَعْرَابِيًّا قَالَ لِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم مَتَى السَّاعَةُ؟ قَالَ لَهٗ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم مَا اَعْدَدْتَ لَهَا؟ قَالَ حُبَّ اللَّهِ وَرَسُولِهٖ قَالَ اَنْتَ مَعَ مَنْ اَحْبَبْتَ یعنی حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک اعرابی نے رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے پوچھا : اﷲ کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم قیامت کب آئے گی؟ آپ نے ارشاد فرمایا : تم نے قیامت کے لئے کیا تیاری کر رکھی ہے؟ اس نے کہا : اﷲ اور اس کے رسول کی محبت۔ آپ نے فرمایا : قیامت کے روز تم اسی کے ساتھ ہو گے جس سے تم کو محبت ہے۔[11]

اصول28 : دنیا کے معاملے میں احساسِ کمتری میں نہ پڑو !

اِذَا نَظَرَ اَحَدُكُمْ اِلٰی مَنْ فُضِّلَ عَلَيْهِ فِي المَالِ وَالخَلْقِ ، فَلْيَنْظُرْ اِلَى مَنْ هُوَ اَسْفَلَ مِنْهُ جب تم میں سے کوئی ایسے شخص کو دیکھے جسےاللہ پاک نے مال وجسم میں تم پر برتری  ( Superiority )  دی ہے تو  اسے چاہئے کہ وہ اپنے سے نیچے والے کو دیکھو۔[12] ( یعنی جس پر اللہ پاک نے تمہیں برتری دی ہے )  

اصول29 : اپنے پرائے سبھی کو سلام کرو !

اَنَّ رَجُلًا سَاَلَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم اَيُّ الْاِسْلَامِ خَيْرٌ؟ فَقَالَ تُطْعِمُ الطَّعَامَ وَتَقْرَأُ السَّلَامَ عَلَى مَنْ عَرَفْتَ وَمَنْ لَّمْ تَعْرِفْ یعنی ایک شخص نے نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے پوچھا کون سا اسلام زیادہ خیر و بھلائی والا ہے؟ آپ نے فرمایا : کھانا کھلاؤ اور ہر شخص کو سلام کرو چاہے اسے جانتے ہو یا نہ جانتے ہو۔[13]

اصول30 : معاف کرو اور عاجزی اپناؤ !

مَا نَقَصَتْ صَدَقَةٌ مِنْ مَالٍ وَمَا زَادَ اللَّهُ عَبْدًا بِعَفْوٍ اِلَّا عِزًّا وَمَا تَوَاضَعَ اَحَدٌ لِلَّهِ اِلَّا رَفَعَهُ اللَّهیعنی صدقہ و خیرات سے مال کم نہیں ہوتا اور معاف کرنے سے اﷲ تعالیٰ بندے کی عزت میں اضافہ ہی فرماتا ہے جو شخص اللہ تعالی کی خاطر عاجزی و انکساری اختیار کرتا ہے اﷲ تعالیٰ اسے ضرور بلندی عطا فرماتا ہے۔[14]

اصول31 : جہالت ، شراب اور زنا سے بچو !

اِنَّ مِنْ اَشْرَاطِ السَّاعَةِ اَنْ يُّرْفَعَ الْعِلْمُ وَيَثْبُتَ الْجَهْلُ وَيُشْرَبَ الْخَمْرُ وَيَظْهَرَ الزِّنَایعنی قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ  ( کتاب و سنت کا )  علم اٹھا لیا جائے گا ، جہالت پھیل جائے گی ، شرابیں پی جائیں گی اور زنا عام ہو جائے گا۔[15]

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، نائب مدیر ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی



[1] بخاری ، 1/421 ، حدیث : 1240

[2] مسلم ، ص1072 ، حدیث : 6595

[3] بخاری ، 4/136 ، حدیث : 6138

[4] مسلم ، ص1085 ، حدیث : 6695

[5] مسلم ، ص1084 ، حدیث : 6691

[6] بخاری ، 1/485 ، حدیث : 1442

[7] مسلم ، ص1069 ، حدیث : 6576

[8] بخاری ، 4/136 ، حدیث : 6138

[9] بخاری ، 4/104 ، حدیث : 6016

[10] ترمذی ، 4/167 ، حديث : 2385

[11] مسلم ، ص1087 ، حدیث : 6710

[12] بخاری ، 4/244 ، حدیث : 6490

[13] بخاری ، 1/16 ، حدیث : 12

[14] مسلم ، ص1071 ، حدیث : 6592

[15] بخاری ، 1/47 ، حدیث : 80۔


Share

Articles

Comments


Security Code