سراور داڑھی میں  تیل لگانے کا طریقہ مع فوائد

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! تیل کا استعمال ہمارے پیارے آقا، مدینے والے مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بہت پیاری سنّت ہے۔ اچھی اچھی نیّتوں سے استعمال کرنے پر ثواب ملے گا اور ضمناً دُنْیَوی فوائد کا بھی حصول ممکن ہے۔ سَر میں تیل لگانے کا طریقہ: ’’بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ‘‘ پڑھ کر اُلٹے ہاتھ کی ہتھیلی میں تھوڑا ساتیل ڈالیں، پھر  پہلے سیدھی آنکھ(Right Eye) کے اَبرو پرتیل لگائیں پھر اُلٹی (Left) کے۔ اس کے بعد سیدھی آنکھ کی پلکوں پر ، پھر اُلٹی پر۔ اب (پھر’’بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ‘‘ پڑھ کر) سر میں تیل ڈالیں۔ سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم جب تیل لگاتے تو اُلٹے ہاتھ کی ہتھیلی پر ڈالتے اور پہلے اَبرُو پر تیل لگاتے پھر پلکوں پر، پھر اپنے سر مبارک پر تیل لگاتے۔ (وسائل الوصول الی شمائل الرسول،ص81)

داڑھی میں تیل لگانے کا طریقہ: سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم جب داڑھی مبارک میں تیل لگاتے تو ”عَنْفَقَہ(یعنی نچلے ہونٹ اور ٹھوڑی کے درمیانی بالوں) سے شروع کرتے تھے۔(معجمِ اوسط،ج5،ص366، حدیث: 7629)فوائد: سرمیں قدرتی تیل کے مَساج سے بہت ساری بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے، مَساج سے جسم تروتازہ اور پُرسکون ہوجاتاہے۔ بالخصوص خالص قدرتی تیل سے مَساج اِضطراب اوربے چینی کی کیفیت کو ختم کرتا ہے نیز اس کی وجہ سے نَبْض کی رفتاربھی بہترہوجاتی ہے جِلدکی اکثر بیماریوں کا علاج قدرتی تیل کامَساج ہی ہے۔(سنّت مصطفےٰ(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) اور جدیدسائنس،ص66ملتقطاً)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…ناظم المدینۃالعلمیہ،باب المدینہ کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code