Naikiyon Ki Hirs Kaisy Paida Ki Jay

Book Name:Naikiyon Ki Hirs Kaisy Paida Ki Jay

اہلِ جنت نعمتوں کے مَزے لیتے ہوۓ

پیاری پیاری اسلامی بہنو!مَعْلُوم  ہوا!درست عقیدہ رکھنے والے مومن کو اس کے اچھے اَعمال کے بدلےمیں  جنَّت میں داخل کیا جاۓ گا اوراس کے اَعْمال کے برابر اسے جنَّت میں دَرَجہ ملے گا۔ قرآنِ پاک میں کئی مَقامات پر جنتیوں کو ملنے والی نعمتوں کو بیان کیا گیا ہے،چُنانچہ

 پارہ 27 سُوْرَۃُالْواقِعَہ  کی  آیت نمبر15 تا24 میں اِرْشاد ہوتا ہے:

عَلٰى سُرُرٍ مَّوْضُوْنَةٍۙ(۱۵) مُّتَّكِـٕیْنَ عَلَیْهَا مُتَقٰبِلِیْنَ(۱۶)یَطُوْفُ عَلَیْهِمْ وِلْدَانٌ مُّخَلَّدُوْنَۙ(۱۷) بِاَكْوَابٍ وَّ اَبَارِیْقَ ﳔ وَ كَاْسٍ مِّنْ مَّعِیْنٍۙ(۱۸) لَّا یُصَدَّعُوْنَ عَنْهَا وَ لَا یُنْزِفُوْنَۙ(۱۹) وَ فَاكِهَةٍ مِّمَّا یَتَخَیَّرُوْنَۙ(۲۰) وَ لَحْمِ طَیْرٍ مِّمَّا یَشْتَهُوْنَؕ(۲۱) وَ حُوْرٌ عِیْنٌۙ(۲۲) كَاَمْثَالِ اللُّؤْلُؤِ الْمَكْنُوْنِۚ(۲۳) جَزَآءًۢ بِمَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ(۲۴)

 (پ۲۷،واقعۃ:۱۵تا ۲۴)

تَرْجَمَۂ کنزالعرفان:(جواہرات سے)جَڑے ہوئے تختوں  پر ہوں  گے۔ان پر تکیہ لگائے ہوئے آمنے سامنے ان کے اردگردہمیشہ رہنے والے لڑکے پھریں  گے۔کوزوں  اور صراحیوں  اور آنکھوں  کے سامنے بہنے والی شراب کے جام کے ساتھ۔ اس سے نہ انہیں  سردرد ہو گااور نہ ان کے ہوش میں  فرق آئے گا۔اور پھل میوے جو جنتی پسند کریں  گے۔ اور پرندوں  کا گوشت جو وہ چاہیں  گے اور بڑی آنکھ والی خوبصورت حوریں ہیں۔جیسے چھپا کر رکھے ہوئے موتی ہوں۔ان کے اعمال کے بدلے کے طور پر

            پیاری پیاری اسلامی بہنو!آپ نے سنا کہ قرآنِ پاک کی ان مُبَارَک  آیات میں جنَّتیوں کو دی جانے والی  جنّتی نعمتوں کا کیسا پیارا بیان موجود ہےکہ جنَّت میں  جنّتی لوگ اپنے رَبِّ کریم  کی رحمت کے مَزے لے رہے ہوں گے اور طرح طرح کی نعمتوں سے   لُطف اُٹھا رہے ہوں گے۔