Book Name:Ziada Waqt Naikiyon Main Guzarnay K Nuskha
فائدہ یہ ہو گا کہ دُعا عِبَادت بلکہ عِبَادت کا مغز ہے۔ اللہ پاک کے آخری نبی ، مکی مدنی صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم نے فرمایا : اللہ پاک کےہاں کوئی چیز دُعا سے زیادہ بُزُرگی والی نہیں۔ ایک حدیثِ قدسی میں ہے ، اللہ پاک فرماتا ہے : اَنَا مَعَہٗ اِذَا دَعَانِی میں بندے کے ساتھ ہوتا ہوں ، جب وہ مجھ سے دُعا کرے۔ دُعائیں پڑھنے کا تیسرا فائدہ یہ ہے کہ یہ سارِی دُعائیں ذِکْر اَذْکار کے ضمن میں آتی ہیں اور ذِکْر کرنا اَفْضَل ترین نیکی ہے۔ پارہ 2 ، سُوْرَۃُ الْبَقَرَۃ ، آیت : 152 میں اِرْشاد ہوتا ہے :
فَاذْكُرُوْنِیْۤ اَذْكُرْكُمْ (پ۲ ، البقرة : ۱۵۲)
ترجمہ کنز الایمان : تو میری یاد کرو میں تمہارا چرچہ کروں گا۔
حدیثِ قدسی میں ہے ، اللہ پاک اِرْشاد فرماتا ہے : بندہ میرا ذِکر کرتا ہے ، میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں ، اگر وہ دِل میں مجھے یاد کرے ، میں اسے اکیلا ہی یاد کرتا ہوں ، اگر وہ مجمع میں مجھے یاد کرے میں اُسے اس سےبہتر مجمع میں یاد کرتا ہوں۔ ([1]) جنّتی صحابی حضرت مُعَاذ بن جَبَل رضی اللہ عنہ نے عَرْض کیا : یا رسول اللہ صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم! کون سا عمل اللہ پاک کو زیادہ محبوب ہے؟ فرمایا : تمہیں موت آئے اور زبان ذِکْرِ الٰہی سے تَر ہو۔ ([2])
گَرْ تُوْ خَوَاہِی زِیْسْتَنْ بَاآبْرُوْ ذِکْرِ اُوْ کُنْ ذِکْرِ اُوُ کُنْ ذِکْرِ اُوُ
ہَرْ گَدَا رَا ذِکْرِ اُوْ سُلْطَاں کُنَدْ ذِکْرِ اُو بَس زَیْوَرِ اِیْمَاں بَوَد
مفہوم : باعزّت زِندگی گُزارنا چاہتے ہو تو ذِکْرُ اللہ کرو! ذِکْرُ اللہ کرو! ذِکْرُ اللہ کرو! اللہ کا ذِکْر بھکاری کو بادشاہ بنا دیتا ہے ، خلاصہ یہ کہ ذِکْرُ اللہ ایمان کا زیور ہے۔