Book Name:Jism e Pak Ke Mojzat
سچّا خُدا اللہ رَبُّ الْعَالَمِیْن ہے ، اے لوگو ! رسولِ رحمت ، شفیعِ اُمّت صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم اس دعویٰ پر نہایت ہی پختہ اور مضبوط دلیل بن کر تمہارے پاس تشریف لے آئے ہیں۔ ( [1] )
رَبِّ اعلیٰ کی نعمت پہ اعلیٰ درود حق تَعَالیٰ کی مِنَّت پہ لاکھوں سلام ( [2] )
وضاحت : اللہ پاک کی سب سے اعلیٰ و اَرْفع نعمت ( ہم غریبوں کے آقا و مولا ، ہماری شفاعت فرمانے ، ہمیں بخشوانے والے آقا صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ) پر اَعْلیٰ درود اور اللہ پاک کے اس اِحْسَانِ عظیم پر لاکھوں سلام ہوں۔
مشہور مفسرِ قرآن ، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : * اَنْبیائے کرام علیہمُ السّلام کے معجزات اللہ پاک کی ذات و صِفَات کی دلیل ہوتے ہیں * گزشتہ اَنْبیائے کرام علیہمُ السّلام کو اللہ پاک نے مختلف معجزات عطا فرمائے * حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السّلام کا ہاتھ مبارک معجزہ تھا * حضرت داؤد عَلَیْہِ السّلام کی آواز مبارک معجزہ تھی * حضرت یوسُف عَلَیْہِ السّلام کا حُسْن مبارک معجزہ تھا ، اسی طرح پہلے اَنْبیائے کرام علیہمُ السّلام میں کسی کو 1 معجزہ عطا ہوا ، کسی کو 2 معجزے عطا ہوئے ، اِن سب اَنْبیائے کرام علیہمُ السّلام کے بعد اللہ پاک نے اپنے سب سے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی ، مُحَمَّدِ عربی صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم کو سَر سے لے کر پاؤں تک معجزہ بنا کر بھیجا ( [3] ) اور فرمایا : اے لوگو ! تمہارے پاس تمہارے رَبّ کی جانِب سے نہایت پختہ اور مضبوط دلیل آ گئی۔
دئیے معجزے انبیا کو خُدا نے معجزہ بن کے آیا ہمارا نبی
سرکار کی آمد ! مرحبا ! سردار کی آمد ! مرحبا !