Book Name:Kitabullah Ki Ahmiyat
قرآن والو...!! قرآن پر عمل کیجئے!
پیارے اسلامی بھائیو! *ہم سے پہلوں کو تورات دی گئی تھی، انہوں نے اس پر جب تک عمل کیا، عزّت دار اور غلبے والے رہے، جب عمل چھوڑ دیا تو ذلیل و رُسْوا ہو گئے *زبور والوں کو زبور عطا کی گئی، انہوں نے جب تک عمل کیا، کامیاب رہے *پِھر انجیل والوں کو انجیل عطا کی گئی، انہوں نے بھی جب تک عمل کیا، کامیاب رہے، جب عَمَل چھوڑ دیا تو کئی طرح سے مشکلات میں پھنس گئے *اب ہماری باری ہے، ہمیں اللہ پاک نے سب سے افضل کتاب قرآنِ کریم عطا فرمائی۔ اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے: اے مسلمانو...!! تمہیں قرآن عطا کر دیا گیا۔ کیوں؟ تاکہ تم یہ نہ کہو کہ
لَوْ اَنَّاۤ اُنْزِلَ عَلَیْنَا الْكِتٰبُ لَكُنَّاۤ اَهْدٰى مِنْهُمْۚ- (پارہ:8، الانعام:157)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اگر ہم پر کتاب اُترتی تو ہم ان سے زیادہ ہدایت یافتہ ہوتے۔
یعنی اے مسلمانو! یہ نہ کہنا کہ تورات والوں کو تورات دِی گئی، وہ پِھر بھی درست رستے کے مُسَافِر نہ بنے، انجیل والوں کو انجیل دی گئی، وہ تب بھی دُنیا وآخرت کی کامیابی نہ سمیٹ سکے، ہمیں کِتَاب دی جاتی تو ہم اس پر خُوب عمل کرتے، دُنیا میں بھی کامیاب رہتے، آخرت کی بھی کامیابی حاصِل کر لیتے...!! لَو...!! تمہیں سب سے افضل کتاب قرآنِ مجید عطا کر دیا گیا۔ اب اس پر عَمَل کرو! اور دُنیا و آخرت کی کامیابی حاصِل کر لو!
قرآن کے سِوا کامیابی کا کوئی راستہ نہیں
پارہ: 6، سورۂ مائدہ، آیت: 68 میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:
قُلْ یٰۤاَهْلَ الْكِتٰبِ لَسْتُمْ عَلٰى شَیْءٍ حَتّٰى تُقِیْمُوا التَّوْرٰىةَ وَ الْاِنْجِیْلَ وَ مَاۤ اُنْزِلَ اِلَیْكُمْ مِّنْ رَّبِّكُمْؕ- (پارہ:6، المائدۃ:68)