گناہ سے حفاظت کا وظیفہ

وظائف

ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری2024 ء

سانپ، بچھو وغیرہ موذیات سے حفاظت کا عمل

اَعُوْذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّآمَّةِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ

ترجمہ:میں اللہ پاک کے کامل کلمات کے واسطے سے ساری مخلوق کے شَر سے پناہ مانگتا ہوں۔

صبح اور شام تین تین بار پڑھئے۔

فضیلت: سانپ، بچھو وغیرہ موذیات سے پناہ حاصل ہو۔(الوظیفۃ الکریمہ، ص14)

گناہ سے حفاظت کا وظیفہ

سُورَۃُ الْاِخْلَاص 11 بار صبح پڑھئے۔

فضیلت:اگر شیطان مع اپنے لشکر کوشش کرے کہ اس سے گناہ کرائے نہ کراسکے جب تک کہ یہ خود نہ کرے۔

(الوظیفۃ الکریمہ، ص21)

نوٹ:ہر وظیفہ کے اوّل آخِر ایک ایک بار دُرُود شریف پڑھنا ہے۔

شبِ براءت میں مغرِب کے بعد چھ نوافِل

شعبانُ المُعَظَّم کی پندرہویں رات یعنی شبِ براء ت میں بزرگانِ دین کے معمولات میں سے یہ بھی ہے کہ مغرب کے فرض وسنَّت وغیرہ کے بعد چھ رَکعت نفل دو دو رَکعت کر کے ادا کئے جائیں ۔ پہلی دو رَکعتوں سے پہلے یہ نیت کیجئے: یَااللہ پاک ان دورَکعتوں کی بر کت سے مجھے درازیِ عمر بالخیر عطا فرما۔ دوسری دو رَکعتوں میں یہ نیت فرمایئے:یَااللہ پاک ان دو رکعتوں کی بَرکت سے بلاؤں سےمیری حفاظت فرما۔ تیسری دو رَکعتوں کے لئے یہ نیت کیجئے: یَااللہ ان دو رَکعتوں کی برکت سے مجھے اپنے سوا کسی کا محتاج نہ کر۔ ان 6رَکعتوں میں سُورۃُ الفاتحہ کے بعد جو چاہیں وہ سورَتیں پڑھ سکتے ہیں ، چاہیں تو ہر رَکعت میں سُورۃُ الفاتحہ کے بعد تین تین بار سُورۃُ الاِخْلَاص پڑھ لیجئے۔ نیز ہر دو رَکعت کے بعداِکیس بار سُورۃُ الاِخْلَاص (پوری سورت) یا ایک بار سُورۂ یٰسٓ شریف پڑھئے بلکہ ہو سکے تو دونوں ہی پڑھ لیجئے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی ایک اسلامی بھائی بلند آواز سے یٰسٓ شریف پڑھے اور دوسرے خاموشی سے خوب کان لگا کر سنیں ۔ اس میں یہ خیال رہے کہ سننے والا اِس دَوران زَبان سے یٰسٓ شریف بلکہ کچھ بھی نہ پڑھے اور یہ مسئلہ خوب یاد رکھئے کہ جب قراٰنِ کریم بلند آواز سے پڑھا جائے تو جو لوگ سننے کیلئے حاضر ہیں اُن پر فرضِ عین ہے کہ چُپ چاپ خوب کان لگا کر سُنیں ۔ اِن شآءَ اللہ رات شروع ہوتے ہی ثواب کا اَنبار لگ جائے گا۔ ہر بار یٰسٓ شریف کے بعد دُعائے نصف شعبان بھی پڑھئے۔(آقا کا مہینا،ص 15)

نوٹ:دعائے نصف شعبان امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ  کے رسالے

آقا کا مہینامیں ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔یہ رسالہ مکتبۃ المدینہ سےحاصل کیجئے ۔


Share