آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

 مہمان کی عزت کرو

* مولانا محمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ جنوری2022

اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : مَن قَرَیَ الضَّيْفَ دَخَلَ الجَنَّۃَ یعنی جو مہمان کی مہمان نوازی کرے وہ جنّت میں داخل ہو گا ۔ (معجم کبیر ، 12 / 106 ، رقم : 12692)

پیارے بچّو! مہمان اللہ پاک کی رحمت ہوتے ہیں ، مہمان کے آنے سے برکت ہوتی ہے ، مہمان نوازی کرنا فضیلت والا کام ہے ، مہمان نوازی کرنے سے بہت زیادہ ثواب ملتا ہے ، مہمان نوازی کرنا سنّتِ مبارکہ ہے ، مہمان نوازی کرنے سے جنّت ملتی ہے ، مہمان نوازی کرنے والوں کی اللہ پاک نے بھی تعریف فرمائی اور جنتی لباس کا وعدہ فرمایا ہے۔

اللہ پاک کے نبی حضرت ابراہیم  علیہ السّلام  بہت مہمان نواز تھے  اسی وجہ سے آپ  علیہ السّلام  کو اَبُوالضَّیفان (یعنی بہت زیادہ مہمان نوازی کرنے والا) کہا جاتا ہے۔ (موسوعہ ابن ابی الدنیا ، 8 / 461 ، حدیث : 7)

اچّھے بچّو ! آپ بھی اپنے گھر میں آنے والےمہمانوں کی مہمان نوازی کرسکتے ہیں ، اس طرح کہ کوئی چیز باہر سے لانی ہو ، برتن رکھنے یا اٹھانے ہوں تو اس میں اپنے گھر والوں کا ساتھ دیجئے۔

بچّو! آپ کو چاہئے کہ جب مہمان آئیں تو ان سے اچھے انداز میں سلام کریں ، اپنےابُّو اور امّی سے مہمان کے سامنے رکھی ہوئی کھانے پینےوالی چیزوں کا مطالبہ نہ کریں اور نہ ہی ضد کر کے ان کو تنگ کریں۔

اللہ پاک ہمیں مہمانوں کا احترام کرنے اور خوب مہمان نوازی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ


Share

Articles

Comments


Security Code