قراٰن کی زینت

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

قراٰن کی زینت

*مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2025

نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: زَيِّنُوا الْقُرْاٰنَ بِاَصْوَاتِكُمْ یعنی قراٰنِ  پاک کو اپنی آوازوں سے مزین کرو۔ (ابن ماجہ،2/131، حدیث: 1342)

یعنی خوش الحانی (اچھی آواز) اور بہترین لہجے غمگین آواز سے تلاوت کرو اور ہر حرف کو اس کے مخرج سے صحیح اداکرو مگر گا کر (یعنی گانے وغیرہ کے انداز میں )تلاوت کرنا جس سے مَد شَد میں فرق آجائے  (یہ )حرام ہے۔ (مراٰۃ المناجیح، 3/270)

پیارے بچو!قراٰنِ کریم اللہ پاک کا کلام ہے جو ہمارے پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل ہوا، قراٰنِ پاک میں لوگوں کے لئے ہدایت ہے، اس کا ایک حرف پڑھنے پر دس نیکیاں ملتی ہیں اوراللہ و رسول کی رضا حاصل ہوتی ہے ۔  

جس کتاب کی اتنی اہمیت و فضیلت ہے اسے اچھے سے اچھے انداز میں پڑھنا چاہئے اور اس کے لئے کوشش بھی کرتے رہنا چاہئے۔

اگر  آپ  درست تلفظ اور اچھی آواز کےساتھ قراٰنِ کریم پڑھنا چاہتےہیں تو  اپنے قریبی  مدرسۃ المدینہ   میں داخلہ لیجئے اور اچھے  انداز میں قراٰن پڑھنا سیکھئے اور حضور نبیِّ رحمت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے   خوش الحانی(یعنی اچھے  لہجے) سے   تلاوتِ قراٰنِ کریم کرنے کی کوشش  کیجئے۔

اللہ پاک ہمیں قراٰنِ کریم کو اچھے انداز میں پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share