سنت رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی

آؤ بچو حدیثِ رسول سنتے ہیں

سنّت رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی

*مولانا محمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر 2022ء

ہمارے پیارے اور آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : مَنْ اَطَاعَنِي دَخَلَ الْجَنَّةَ یعنی جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں داخل ہوگا۔ ( بخاری ، 4 / 499 ، حدیث : 7280 )

نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے طریقے پر چلنا ہی آپ کی اطاعت ہے اور اس کو سنّت بھی کہتے ہیں ۔

پیارے بچّو! اللہ پاک کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری سنتوں پر عمل کرنا بڑا نیکی کاکام ہے ، پیارے صحابۂ کرام کی ہمیشہ کوشش ہوتی کہ پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنتوں پر عمل کرتے رہیں جیسا کہ بہت ہی پیارے صحابی حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ جب بھی بات کرتے تو مسکراتے ، ایک دن آپ کی بیوی نے کہا آپ یہ عادت چھوڑ دیجئے تو حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ نے فرمایا : میں نے جب بھی رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بات کرتے دیکھا یا سنا آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مسکراتے تھے۔  ( یعنی میں بھی اسی سنّت پر عمل کی نیت سے بات کرتے ہوئے مسکراتا ہوں ) ۔ ( مسند احمد ، 8 / 171 ، حدیث : 21791  )

آئیے ہم بھی چند سنّتوں کے بارے میں جانتے ہیں :

کوئی بھی چیز لینے ، دینے ، کھانے پینے کے لئے سیدھا ہاتھ استعمال کرنا ، کھانے سے پہلے بسم اللہ پڑھنا ، چھوٹوں پر شفقت کرنا ، مسواک کرنا ، سلام میں پہل کرنا ، کھانے میں عیب نہ نکالنا ، زلفیں رکھنا ، سفید لباس پہننا ، عمامہ پہننا ، بیچ سے مانگ نکالنا ، تیل استعمال کرنا وغیرہ۔

اچّھے بچّو! سنّت کی نیت سے سَر میں تیل لگائیں ، مسواک کریں ، اور دیگر سنتوں پر عمل کریں توبہت ثواب ملے گا ، اِن شآءَ اللہ!

اللہ پاک ہمیں سنتوں پر عمل کرنے اورجنت میں  رسولُ اللہ کا ساتھ پانے کی سعادت عطا فرمائے ۔ اٰمین

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code