آخری نبی اور آخری اُمّت

آؤ بچو حدیثِ رسول سنتے ہیں

آخری نبی اور آخری امت

*مولانا محمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2022ء

ہمارے پیارے اور آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا :  اَنَا آخِرُ الْاَنْبِيَاءِ وَاَنْتُمْ آخِرُ الْاُمَمِ یعنی میں سب سے آخری نبی ہوں اور تم سب سے آخری امت ہو۔ ( ابن ماجہ ، 4 / 404 ، حدیث : 4077 )

اللہ  پاک نے لوگوں   کی ہدایت اور راہنمائی کے لئے جن پاک بندوں کو اپنے احکام پہنچانے کے لئے بھیجا ان کو   ” نبی “  کہتے ہیں۔  ( کتاب العقائد ،  ص 15 )

پیارے بچّو !  انبیائے کرام علیہمُ السّلام کا یہ سلسلہ حضرت آدم  علیہ السّلام سے شروع ہوا۔یعنی سب سے پہلے نبی جو دنیا میں تشریف لائے وہ حضرت آدم  علیہ السّلام ہیں۔اس کے بعد  مختلف قوموں کی طرف مختلف انبیائے کرام کو بھیجا گیا ، پھر آخر میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو دنیا میں بھیجا گیا۔

پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سب سے آخری نبی ہیں اور عربی میں  ” خاتم النّبِیّٖن “ آخری نبی کو کہتے  ہیں۔ قراٰن پاک میں بھی اللہ پاک  نے آپ کو   ” خاتم النّبِیّٖن “  فرمایا ہے۔

ذکر کی گئی حدیث کے علاوہ اور بہت ساری احادیث میں بھی یہی بات  آئی ہے ،  نیز صحابۂ کرام اورتابعینِ  عظام کا بھی یہی نظریہ اورعقیدہ ہے۔

پیارے بچو !  ہمیشہ ہمیشہ کے لئے یاد کرلیں اور اپنے دل میں بٹھا لیں کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بعد نہ تو کوئی نیا نبی آیا ہے ،  نہ آئے گا اور نہ ہی آسکتاہے ،  قیامت کے قریب حضرت عیسیٰ  علیہ السّلام آئیں گے لیکن وہ نئے نبی نہیں ہوں گے بلکہ وہ تو پہلے سے اللہ کے نبی ہیں ،   ان کو تو اللہ  پاک نے   آسمانوں پر زندہ اٹھا لیا تھا ،  وہ  اپنی بقیہ زندگی پوری کریں گے اور حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے دین کی ہی دعوت دیں گے۔

اللہ پاک ہم سب کو اپنے آخری نبی محمدِعربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ سچی پکی محبت عطا فرمائے ۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ،  ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code