بیماری اور علاج

بیماری اور علاج

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2023

شیخِ طریقت ، امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ

 ( 1 ) فرمانِ آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : ہر بیماری کی دوا ہے ، جب دوا بیماری تک پہنچا دی جاتی ہے تو اللہ پاک کے حکم سے مریض اچّھا ہوجاتا ہے۔ ( مسلم ، ص933 ، حدیث : 5741 ) ( 2 ) یہ یقین رکھئے کہ اللہ پاک چاہے گا تو ہی شِفا ملے گی ( 3 ) بیمار ، ربُّ العزت کی رحمت کے سائے میں ہوتا ہے ( 4 ) بیماری جہنَّم سے بچاتی اور جنّت دلاتی ہے ( 5 ) نظر ڈاکٹر پر نہیں اللہ کریم کی رحمت پر رکھئے ، ڈاکٹر لاکھ اچّھا علاج کرے مگر اللہ پاک چاہے گا تو ہی صحت حاصل ہوگی ( 6 ) کسی حکیم ، باباجی ، ڈاکٹر یا اسپتال کے علاج سے فائدہ نہ ہو یا تکلیف بڑھ جائے تو صبر کیجئے ، بغیر صحیح ضرورت کے کسی کا نام لیکر دوسروں کو بتانا کارِ ثواب نہیں بلکہ اِس میں غیبتوں اور دل آزاریوں وغیرہ گناہوں میں جاپڑنے کا خطرہ ہے ( 7 ) علاج اپنی مرضی سے کرنے کے بجائے ڈاکٹر کے مشورے سے کرنا چاہئے ( 8 ) حتّی الامکان ایک ہی ڈاکٹر سے علاج کروانا مناسب ہے کہ وہ آپ کی طبیعت سے واقِف رہے گا ، ڈاکٹر بدلتے رہیں گے تو ہر ڈاکٹر نئے سِرے سے علاج شروع کرےگا اور ہوسکتا ہے آپ آزمائش میں پڑتے رہیں ( 9 ) ڈاکٹر سے دوا مِل سکتی ہے شِفا نہیں ، اللہ پاک چاہے گا تو ہی دوا شفا کا ذریعہ بنے گی ( 10 ) کوئی بیماری ” لاعلاج “ نہیں ، ہاں بہت سارے امراض کی دوا ڈاکٹر اب تک دریافت نہیں کرسکے ( 11 ) علاج کے لئے دوا کے ساتھ ساتھ دُعا بھی کرتے رہئے ( 12 ) دعوتِ اسلامی کے سنّتیں سیکھنے سکھانے کے مَدَنی قافِلوں میں سفر کرکے دعائیں مانگنے سے کینسر وغیرہ کے مریضوں کو حیرت انگیز طور پر شِفا ملنے کی کئی مدنی بہاریں ہیں ( 13 ) جسمانی بیماریوں سے گناہوں کی بیماریاں زیادہ خطرناک ہیں۔

یہ تِرا جسم جو بیمار ہے تشویش نہ کر                                                                   یہ مرض تیرے گناہوں کو مِٹا جاتا ہے

اصل برباد کُن امراض گناہوں کے ہیں                                                                                           بھائی ! کیوں اِس کو فراموش کیا جاتا ہے

 ( نوٹ : امیرِاہلِ سنّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ  نے یہ تحریر15 جمادی الاخریٰ 144ھ مطابق 7 جنوری 2023 ء کوFGRF کے مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر ( MHC ) کراچی کے افتتاح کے موقع پر لکھی ۔ )


Share

Articles

Comments


Security Code