بزرگوں کے ایام منانے کے فائدے

بزرگوں کےایام منانےکےفائدے

از : شیخِ طریقت ، امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ

حضرت سیدنا سُفیان بن عُیَیْنہ رحمۃُ اللہ علیہ   کا فرمان ہے : ”نیک لوگوں کے ذکر کے وقت رحمت نازل ہوتی ہے۔“ ( حلیۃ الاولیاء ، 7 / 335 ، روایت : 10750 ) اَلحمدُلِلّٰہِ الکریم ! دعوتِ اسلامی میں بزرگانِ دین  رحمۃُ اللہ علیہم کے ذِکرِ خیر کا سلسلہ رہتا ہے جیسے چاروں خلفائے راشدین ، حسنینِ کریمین ، حضرت امیر معاویہ اور دیگر صحابۂ کرام و اہلِ بیتِ اطہار اور دیگر بزرگانِ دین رِضوانُ اللہ علیہم اجمعین ، اسی طرح گیارھویں شریف کا مہینا ربیعُ الاٰخِر شروع ہوتے ہی دعوتِ اسلامی کی طرف سے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں حُضور غوثِ پاک شیخ عبدُالقادر جیلانی رحمۃُ اللہ علیہ کی یاد میں مسلسل 11مدنی مذاکروں کا سلسلہ ہوتا ہے جو مدنی چینل پر Liveٹیلی کاسٹ کیا جاتا ہے ، ربیعُ الاٰخِر کی گیارھویں رات نیازِ غوثیہ بھی عاشقانِ اولیا کو پیش کی جاتی ہے۔

دینی بزرگوں کے ایّام منانے کا ایک بڑا مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ ان بزرگوں کے حالاتِ زندگی بیان کئے جائیں ، ان کے خوفِ خدا و عشقِ مصطفےٰ ، تقویٰ و پرہیزگاری کے واقعات ، کرامات ، علمی خدمات کے بارے میں بتایا جائے۔ اس سے جہاں لوگوں کے دلوں میں ان بزرگوں کی عقیدت و محبت میں اضافہ ہوتا ہے وہیں عمل کا جذبہ بھی بڑھتا ہے ، اور نیکوں سے محبت تو بہت بڑی سعادت کی بات ہے ، فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : اَلْمَرْءُ مَعَ مَنْ اَحَبَّ یعنی جو جس سےمحبت رکھتاہےوہ  ( قیامت کےدن )  اسی کےساتھ  ہوگا۔  ( بخاری ،  4 / 147 ، حدیث : 6169 )   بزرگوں کے ایام منانے کے موقع پر اسلامی بھائی اور بہنیں ان کو اپنی مختلف نیکیوں مثلاً تلاوتِ قراٰن ، ذِکر و دُرود ، علمِ دین سیکھنے ، کتابیں اور رسالے پڑھنے ، نذر و نیاز اور مدنی قافلوں میں سفر کا ثواب بھی تحفے میں پیش کرتے ہیں۔ جس کو تحفہ دیا جائے وہ خوش ہوتا ہے تو جب ہم دینی بزرگوں کو ثواب کا تحفہ بھیجیں گے تو ان کو بھی خوشی ہوگی اور اِنْ شآءَ اللہ ہم پر عطاؤں اور برکتوں کی بارش ہوگی۔اللہ پاک  ہمیں اچّھی اچّھی نیتوں کے ساتھ شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے بُزرگوں کے ایام منانے کی توفیق  نصیب فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

 ( نوٹ : یہ مضمون 15رجب المرجب 1442ھ  مطابق 27فروری2021ء کو ہونے والے  مدنی مذاکرے ( Ep : 1827 ) کی مدد سے تیار کرکے امیر اہل سنت سے نوک پلک درست کر واکے پیش کیا گیا ہے )


Share

Articles

Comments


Security Code