
بزرگانِ دین کےمبارک فرامین
*مولانا ابوشیبان عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2025
باتوں سے خوشبو آئے
غیر ضروری گفتگو سے خاموشی بہتر ہے
عقل مند کے لئے ضروری ہے کہ جب تک بولنا ضروری نہ ہوجائے تب تک خاموشی برتے، بول کر تو بارہا ندامت اٹھانا پڑتی ہے مگر ایسا بہت کم ہے کہ خاموش رہ کر شرمندگی اٹھانی پڑجائے۔ (فرمانِ ابو حاتم رحمۃُ اللہِ علیہ) (روضۃ العقلاء،ص 43)
اللہ پر بھروسے کی اہمیت
جو اپنی معرفتِ خداوندی کو پہچاننا چاہے اسے چاہئے کہ غور کرے کہ اللہ پاک کے کئے گئے وعدوں پر اس کا دل زیادہ بھروسا کرتا ہے یا لوگوں کے کئے گئے وعدوں پر۔
(فرمانِ شقیق بن ابراہیم ازدی رحمۃُ اللہِ علیہ) (طبقات الصوفیہ للسلمی، ص 65)
نمازمیں یکسوئی پیدا کیجئے
نماز مکمل انہماک کے ساتھ اور رضائے الٰہی کےلئے پڑھنے سے تصورات و خیالات کا سلسلہ ختم ہوجاتا ہے۔
(فرمانِ حضرت میاں غلام اللہ ثانی صاحب شرقپوری رحمۃُ اللہِ علیہ )(الرحیق العرفان، ص 450ملخصاً)
احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی
مسلمان کے حقیقی خیرخواہ
مسلمان کا ایمان ہے کہ اللہ و رسول سے زیادہ کوئی ہماری بھلائی چاہنے والا نہیں (اللہ و رسول) جل و علا و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وسلَّم جس چیز کی طرف بلائیں یقیناً ہمارے دونوں جہان کا اس میں بھلا ہے، اور جس بات سے منع فرمائیں بلاشُبہ سراسر ضرر و بلا ہے۔(فتاویٰ رضویہ، 15/ 105)
پیر کی خدمت کی اہمیت
پیر کی خدمت جو کچھ پیر ہونے کے سبب کی جائے وہ بھی اللہ ہی کے لئے خرچ (یعنی انفاق فی سبیل اللہ) ہے۔
(فتاویٰ رضویہ، 19/ 265)
برائی کو جڑ سے ختم کرو
مرض کا علاج چاہنا اور سبب کا قائم رکھنا حماقت نہیں تو کیا ہے۔(فتاویٰ رضویہ، 15/ 147)
خاموشی عزّت بڑھاتی ہے
بڑھاپے میں غصہ اور سخت مزاجی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے زبان کا قفلِ مدینہ لگاکر اپنی عزت و اہمیت دلوں میں برقرار رکھنی چاہئے۔ (مدنی مذاکرہ، 3 ذی قعدہ 1445ھ )
پانی کی قدر کیجئے
دودھ کی حفاظت اگر اس کے قیمتی ہونے کی وجہ سے کی جاتی ہے تو پانی کی حفاظت اس سے بڑھ کر کرنی چاہئے کیونکہ پانی کی قدر و اہمیت دودھ سے زیادہ ہے، دودھ کے بغىر زندگى ممکن ہے مگر پانى کے بغیر نہیں۔ (مدنی مذاکرہ، 10 جمادی الاخریٰ 1445ھ )
دشمنِ صحابہ و اہلِ بیت سے کوئی سروکار نہ رکھو
جو صحابہ واہل بىت علیہم الرضوان کا دشمن ہے وہ ہمارے پاؤں کى جوتى کے برابر بھى نہىں ہے، ایسے بدبخت سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہونا چاہئے۔ ( مدنی مذاکرہ، 3 ذو القعدۃ الحرام 1445)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments