
کلاس روم
ماہِ قراٰن
*مولانا حیدر علی مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2025
پیارے بچو! چند روز میں ہمارے پاس ایک بہت ہی معزز مہمان تشریف لانے والے ہیں تو ہم نے ابھی سے ان کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دینی ہیں، مزید آپ کو اس حوالے سے ہمارے اسلامیات کے استادِ محترم سر بلال ہدایات (Guide lines) دیں گے، پرنسپل صاحب نے یہ کہتے ہوئے مائیک اپنے دائیں طرف کھڑے سر بلال کو پکڑا دیا۔ دراصل آج مہینے کا آخری جمعہ تھا اور سارے بچے دعائیہ اسمبلی میں ہی کھڑے تھے۔ قومی ترانہ پڑھ چکے تو پرنسپل صاحب نے یہ خوشخبری سناکر سردی سے ٹھٹھرتے بچوں میں خوشی اور توانائی دونوں بھر دئیے تھے۔
سر بلال نے بسم اللہ اور درود پڑھ کر اپنی بات شروع کی: پیارے بچّو! ہمارے پاس ایک انتہائی معزز مہمان تشریف لانے والا ہےہم اس کا سب سے انوکھا استقبال کرنے جا رہے ہیں، وہ استقبال کیسا ہوگا اور ہمیں اس کے لئے کیا کرنا ہوگا آئیے! میں آپ کو سمجھاتا ہوں: آج سے چودہ سو سال پہلے ہمارے پیارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے زمانے میں بھی وہ مہمان تشریف لانے والا تھا چنانچہ اس کے آنے سے پہلے ہی ہمارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے پیارے صحابہ کو اس کے ایسے عظیم الشان استقبال کا حکم دیا تھا جیسا استقبال کسی نے کسی کا نہ کیا ہوگا، ہمارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بیان فرمایا: اے لوگو! تمہارے پاس عظمت اور برکت والا مہینا تشریف لا رہا ہے، جس میں ایک رات ایسی بھی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے، اس مہینے کے روزے اللہ پاک نے فرض کئے اور اس کی رات میں قیام نفل ہے، جو اِس میں نیکی کا کام کرے تو ایسا ہے جیسے کسی اور مہینے میں فرض ادا کیا اور اس میں جس نے فَرض ادا کیا تَو ایسا ہے جیسے اور دِنوں میں ستّر فَرض ادا کئے۔
سر: اس کا کیا مطلب ہے؟ نفل اور فرض والی بات پر معاویہ نے ہاتھ کھڑا کرکے پوچھا۔
سر بلال: یعنی اس مہینے میں نفل کا ثواب فرض کے برابر اور ایک فرض ادا کرنے کا ثواب ستّر فرض ادا کرنے کے ثواب کے برابر ملتا ہے۔ پھر ہمارے نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مزید فرمایا: یہ مہینا صَبْر کا ہے اور صَبْرکا ثواب جَنّت ہے اور یہ مہینا غمخواری اور بھلائی کاہے اور اس مہینے میں مؤمن کا رِزْق بڑھایا جاتا ہے۔ جو اِس میں روزہ دار کو اِفطار کرائے اُس کے گُناہوں کے لئے مَغفِرت ہے اور اُس کی گردن آگ یعنی جہنم سے آزاد کردی جائے گی اور اِفطار کرانے والے کو وَیسا ہی ثواب مِلے گا جیسا روزہ رکھنے والے کو ملے گا۔(دیکھئے:فیضانِ رمضان،ص 27)
سر اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہمیں روزہ رکھنا ضروری نہیں ہے کسی کی افطار دعوت کر کے بھی ہم روزے سے بچ سکتے ہیں۔ نہم کلاس کے سفیان رضا نے پوچھا۔
سبھی اساتذہ مسکرانے لگے، سر بلال بولے: بچّو! روزے کا ثواب الگ چیز ہے اور روزہ الگ چیز، روزہ ہم پر فرض ہے جو صرف اور صرف رکھنے سے ہی ادا ہوگا۔ میرے خیال میں بچو اب تک تو آپ کو پتا چل ہی چکا ہوگا کہ کون سا معزز مہمان ہمارے پاس تشریف لا رہا ہے؟ سر بلال نے سفیان کے سوال کا جواب دینے کے بعد اپنی بات دوبارہ شروع کرتے ہوئے پوچھا تو سبھی بچّوں نے سر ہلاتے ہوئے اونچی آواز سے ”جی“ کے ساتھ جواب دیا۔
سر بلال: جی جی بچو! وہ معزز مہمان ماہِ رمضان ہی ہے جس کے استقبال کے لئے آج سے چودہ سو سال پہلے ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے صحابہ کو تیار بھی کیا تھا لیکن وہ استقبال تھا عبادات کے لئے تیار ہونا اور بچو! رمضان جیسا معزز مہمان جو ہمارے پاس پورے سال کے بعد وہ بھی صرف انتیس یا تیس دن کے لئے آتا ہے اس کا تو ایسا ہی استقبال بنتا ہے کہ ہم اس ماہ میں سارے روزے رکھنے، تراویح پڑھنے، زیادہ سے زیادہ تلاوتِ قراٰنِ پاک کرنے، غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے، دوستوں اور رشتہ داروں میں افطار کی دعوت کے ذریعے خوشیاں بانٹنے کا پکا ارادہ بنائیں، آپ کو پتاہے رمضانُ المبارک کو ماہِ قراٰن بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اسی میں اللہ پاک نے قراٰن پاک نازل فرمایا تھا، امیر ِاہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ فرماتے ہیں:
تجھ پہ صدقے جاؤں رمضاں! تُو عظیم الشان ہے
تجھ میں نازِل حق تعالیٰ نے کیا قرآن ہے
(وسائل بخشش،ص705)
تَو سب سے اہم مقصد (Goal) جو ہم نے اس رمضان میں بنانا ہے وہ یہ کہ کم از کم ایک بار تومکمل قراٰن مجید لازمی پڑھنا ہے لیکن احتیاط کے ساتھ زیادہ پڑھنے کے چکر میں غلط نہیں پڑھنا کہیں ایسا نہ ہو کہ بجائے ثواب کے گناہ کما بیٹھیں لہٰذا جنہیں قراٰن اچھے سے پڑھنا آتا ہے وہ تو مکمل پڑھنے کا ارادہ بنائیں اور جنہیں صحیح نہیں آتا وہ یہ مقصدبنالیں کہ اس رمضان میں لازمی کسی اچھے قاری صاحب سے قراٰنِ مجید پڑھنا سیکھوں گا یوں رمضان کا انوکھا استقبال بھی ہوگا اور وہ ہم سے خوش ہو کر بھی جائے گا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* مدرس جامعۃُ المدینہ، فیضان آن لائن اکیڈمی
Comments