دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے !

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اگست2023

* مولانارمضان رضا عطّاری مدنی


عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں محفلِ مدینہ کا انعقاد

امیرِ اہلِ سنّت نے حاضریِ مدینہ کے آداب بیان کئے

28 مئی 2023ء اتوار کی شب بعد نمازِ عشا عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں محفلِ مدینہ کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے رواں سال حج پر جانے والے عاشقانِ رسول اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری ، اراکینِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری اور حاجی سیّد ابراہیم عطّاری بھی موجود تھے۔ محفل کا آغاز تلاوتِ قراٰنِ پاک سے کیا گیا جبکہ نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت پیش کیا اور یادِ مدینہ میں کلام پڑھے۔ اس موقع پر عاشقِ مدینہ شیخِ طریقت ، امیر اہلِ سنّت مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حاضریِ مکہ و مدینہ کے آداب اور بزرگانِ دین رحمۃُ اللہ علیہم کا اندازِ سفرِ مدینہ بیان کرتے ہوئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔ دورانِ محفل نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے بھی شُرکا کی راہنمائی فرمائی۔ محفل کے اختتام پر حج پر جانے والوں نے خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّظِلُّہُ العالی سے ملاقات کی۔

تنظیمی اسٹرکچر کا جائزہ لینے کے لئے نگرانِ شوریٰ

مولانا حاجی عمران عطّاری کا بیرونِ ممالک کا سفر

نگرانِ شوریٰ نے ذمّہ داران کی تربیت فرمائی اور نئے اہداف دیئے

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی 13تا 16 مئی تھائی لینڈ ، 17 تا 21 مئی جاپان اور 22 تا 25 مئی 2023ء کو سری لنکا کے دورے پر تھے۔ نگرانِ شوریٰ نے اس دوران مقامی ائمۂ کرام اور ذمّہ داران کا مدنی مشورہ لیا جس میں انہیں نئے اہداف دیئے اس کے علاوہ اسٹوڈنٹس ، پروفیشنلز ، شخصیات ، تاجر برادری ، انٹرنیشنل کمیونٹیز اور مقامی عاشقانِ رسول کے درمیان سنّتوں بھرے اجتماعات میں بیانات کئے اور ملاقاتیں کیں۔

دعوتِ اسلامی نے اٹلی میں ایک نئے فیضانِ مدینہ کا افتتاح کردیا

افتتاحی تقریب میں نگران اٹلی کابینہ منظور حسین عطّاری کا بیان

دعوتِ اسلامی نے ترقی کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے 13مئی 2023ء کو اٹلی کے شہر بولونیا  ( Bolognaکے علاقے گیلیرا  ( Gallieraمیں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی ذمّہ داران کے علاوہ مقامی عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی و نگران اٹلی کابینہ منظور حسین عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور شُرکا کو دعوتِ اسلامی کے ساتھ مل کر دینی کام بڑھانے کا ذہن دیا۔ نگران اٹلی کابینہ نے فیضانِ مدینہ کے افتتاح پر شُرکا کو مبارک باد بھی دی جس پر اسلامی بھائیوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

پریٹوریا میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے

اسلامک سینٹربنام”کنزالایمان“ کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں کئی غیر مسلموں نے اسلام قبول کیا

ساؤتھ افریقہ کے شہر پریٹوریا  ( Pretoria )  کے علاقے ڈینول  ( Danville )  میں تھوڑے ہی عرصے میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ خُدامُ المساجد و المدارس کے تحت ذمّہ داران کی کوشش سے ایک اسلامک سینٹر بنام”کنز الایمان“ کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ 19مئی 2023ء کو سینٹر کا باقاعدہ آغاز نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے ساتھ کیا گیا۔ نمازِ جمعہ سے قبل مفتی عبد النبی حمیدی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور مساجد کی اہمیت و فائدوں پر گفتگو کرتے ہوئے مسجد کو آباد کرنے کا ذہن دیا۔ اس موقع پر خوشی کا اضافہ کچھ اس طرح ہوا کہ افتتاحی تقریب ( Opening ceremonyکے موقع پر کئی غیر مسلموں کو مفتی عبد النبی حمیدی صاحب نے کلمۂ طیبہ پڑھاکر دامنِ اسلام سے وابستہ کردیا۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code