دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دُھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا حسین علاؤالدین عطّاری مدنی

دعوتِ اسلامی نے سمتھ وِک مڈلینڈز ، انگلینڈ میں

90سال پرانی غیر مسلموں کی عبادت گاہ کو خرید لیا

خریدی گئی عمارت کو مسجدو مدنی مرکز

فیضانِ مدینہ میں تبدیل کیا جائے گا

تفصیلات کے مطابق دعوتِ اسلامی نے سمتھ وِک ویسٹ مڈلینڈز یوکے انگلینڈ میں کم و بیش 90 سال پرانی غیر مسلموں کی عبادت گاہ کو خرید لیا جہاں بہت جلد ایک خوبصورت مسجد اور دعوتِ اسلامی کامدنی مرکز فیضانِ مدینہ بنے گا۔ مذکورہ جگہ کی خرید کے بعد چابیاں ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی کے سپرد کی گئیں تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی ، اس موقع پر اسلامی بھائیوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔خوشی کے اس موقع پر نگرانِ ویلز یوکے  ( Wales UK )  حاجی سیّد فضیل رضا عطّاری سمیت بیرونِ ملک کے اہم ذمہ دار اسلامی بھائی بھی موجود تھے۔

باغِ مصطفےٰ گراؤنڈ حیدر آباد اور ایشیا گراؤنڈ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے عظیم الشان اجتماعات

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری نے بیانات کئے

باغِ مصطفےٰ گراؤنڈ ، حیدر آباد اجتماع : دعوتِ اسلامی کی جانب سے حیدرآباد میں نابینا افراد کے لئے بہترین سہولیات سے آراستہ دینی ادارہ ”جامعۃُ المدینہ“ قائم کیا گیا جس کے افتتاح کے لئے 25 نومبر 2022ء کو باغِ مصطفےٰ گراؤنڈ لطیف آباد ، حیدر آباد میں عظیمُ الشّان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی علمائے کرام ، اراکینِ شوریٰ ، اسپیشل افراد اور ہزاروں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے”اللہ پاک کی نافرمانی سے بچیں“  عنوان پر سنتوں بھرا بیان فرمایا اور شرکا کو اسلامی احکامات کے مطابق زندگی گزارنے ، نماز پڑھنے اور آخرت کی فکر کرنے کی ترغیب دلائی۔عظیمُ الشان اجتماع میں اسپیشل افراد کیلئے بھی خصوصی انتظام کیا گیا جہاں متعلقہ شعبے کے ذمہ دار اسلامی بھائی نے اشارو ں کی زبان میں نگرانِ شوریٰ کے بیان کی ترجمانی کی۔

ایشیاء گراؤنڈ ، کراچی اجتماع : 27 نومبر 2022ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ایشیاء گراؤنڈ گلشن بہار ، اورنگی ٹاؤن کراچی میں بڑے پیمانے پر سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں اراکینِ شوریٰ ، مقامی علمائے کرام ، مساجد کے ائمہ کرام ، تاجر حضرات سمیت ہزاروں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”موت کو یاد رکھیں“عنوان پر سنتوں بھرا بیان فرمایا اور شُرَکا کو موت کو یاد رکھتے ہوئے زندگی گزارنے ، رب کو راضی کرنے ، گناہوں سے توبہ کرنے اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہوکر اپنے اعمال درست کرنے کی ترغیب دلائی۔

حضرت سخی عبد الوہاب شاہ جیلانی  رحمۃُ اللہ علیہ

کے سالانہ عرس کےموقع پر عظیم الشان اجتماع کا انعقاد

شیخُ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطّاری کا بیان

شہنشاہِ حیدر آباد ، حضرت سیدنا سخی عبد الوہاب شاہ جیلانی قادری رحمۃُ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 23نومبر2022ء کو دربار شریف کے احاطے میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں اراکینِ شوریٰ ، ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اور عاشقانِ اولیاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجتماع کا آغاز تلاوتِ قراٰنِ پاک و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے کیا گیا۔ بعد ازاں شیخُ الحدیث والتفسیرمفتی محمد قاسم عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”شانِ اولیاء“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعا کا سلسلہ ہوا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا حکومتی وفد کے ہمراہ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کا دورہ

گورنر سندھ کو مختلف شعبہ جات کا وزٹ کروایا گیا

12 نومبر 2022ء کو گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے حکومتی وفد کے ساتھ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطّاری نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو فیضانِ مدینہ میں قائم مختلف شعبہ جات  ( دارُ الافتاء اہلسنّت ، المدینۃ العلمیۃ]اسلامک ریسرچ سینٹر[ ، مدنی چینل ، فیضان آن لائن اکیڈمی ، ٹرانسلیشن ڈیپارٹ ، آئی ٹی )  کا دورہ کروایا اور وہاں سے دنیا بھر میں ہونے والے علمی ، دینی و فلاحی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے دعوتِ اسلامی کے شعبہ جات اور دنیا بھر میں ہونے والے دینی و فلاحی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دعوتِ اسلامی اپنے ہر شعبے میں بے مثال کام کررہی ہے ، اس کے علاوہ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ یہاں سے بے سہارا لوگوں کی مدد بھی کی جارہی ہے۔ دعوتِ اسلامی ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنے سے منسلک ایک ایک شخص کو مکمل ادارہ بنارہا ہے۔ کامران خان نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ انتہائی منظم انداز سے کام کرنے پر ہم دعوتِ اسلامی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ آخر میں نگرانِ شوریٰ نے گورنر سندھ کو ”فیضانِ قرآن ڈیجیٹل پین“ ، مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”اے ایمان والو“ اور ”معرفۃُ القرآن“ تحفے میں دی۔

یورپی ملک پُرتگال  اورکینیا کے سٹی نیروبی سے خوشی کی خبر

تین غیر مسلم کلمۂ طیبہ پڑھ کردائرۂ اسلام میں داخل ہوگئے

پُرتگال میں قبولِ اسلام : 19نومبر 2022ء کو نگرانِ پرتگال احمد رضا عطّاری کے ہاتھوں ایک پرتگالی نوجوان کلمہ پڑھ کر دائرۂ اسلام میں داخل ہوگیا۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے انہیں اسلام کی بنیادی معلومات سے آگاہ کیا جبکہ مزید تربیت کے لئے کورسز کا ذہن دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 18 نومبر کو بھی ایک یوکرینین خاتون نے پرتگا ل میں اسلام قبول کیا تھا۔

کینیا میں قبول اسلام : دعوتِ اسلامی کے رکن سینٹرل افریقہ ریجن محمد عمران عطّاری کی انفرادی کوشش سے نیروبی کے علاقے ڈنڈورا میں ایک غیر مسلم نے اسلام قبول کرلیا۔ محمد عمران عطّاری نے اس شخص کو سابقہ مذہب سے توبہ کروائی اور کلمہ طیبہ پڑھاکر دامنِ اسلام میں داخل کرلیا۔ نیو مسلم کا اسلامی نام ”محمد ابراہیم“ رکھا گیا۔

ماریشس میں درسِ نظامی کے پہلے بیج کی دستارِ فضیلت

درسِ نظامی مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی کی گئی

افریقی ملک ماریشس میں موجود دعوتِ اسلامی کے جامعۃُ المدینہ بوائز سے طلبۂ کرام کے پہلے بیج نے درسِ نظامی مکمل کرلیا۔ فارغُ التحصیل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں دستارِ فضیلت اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شیخ الحدیث والتفسیر مفتی عبد النبی حمیدی مُدَّ ظِلُّہُ العالی اور رکنِ شوریٰ مولانا حاجی محمد جنید عطّاری مدنی کے ہاتھوں درسِ نظامی  ( عالم کورس )  مکمل کرنے والے اسلامی بھائیوں کی دستار بندی کی گئی جبکہ ان کے سرپرستوں کو بھی تحائف پیش کئے گئے۔

اس موقع پر مدرسۃُالمدینہ بوائز سے قراٰنِ پاک حفظ مکمل کرنے والے طلبۂ کرام کے سروں پر بھی عمامے شریف سجائے گئے۔

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام

اٹلی  ( Italy )  میں پہلے جامعۃُ المدینہ کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ مولانا جنید عطّاری مدنی کا بیان

دعوتِ اسلامی دنیا بھر میں قراٰن و سنت کی تعلیمات کو عا م کرنے کا عزم رکھتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ دعوتِ اسلامی کی جانب سے آئے روز دنیا بھرمیں مساجد ، جامعاتُ المدینہ اور مدارس وغیرہ قائم کئے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے دعوتِ اسلامی نے یورپ کے ملک اٹلی  ( Italy )  میں 02 نومبر 2022ء کو پہلے جامعۃُ المدینہ بوائز کا آغاز کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر بلونیا میں قائم ہونے والا یہ پہلا جامعۃُ المدینہ ہے جس میں اٹلی کے کئی شہروں سے طلبہ درسِ نظامی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ مستقبل میں دعوتِ اسلامی اٹلی کے دیگر شہروں میں بھی جامعاتُ المدینہ کی مزید برانچز کھولنے کا عزم رکھتی ہے۔ جامعۃُ المدینہ کی افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی محمد جنید عطّاری مدنی نے پاکستان سے آن لائن سنّتوں بھرا بیان کیا اور طلبۂ کرام کی تعلیمی اعتبار سے تربیت کی ، اس موقع پر انہوں نے ”جامعۃُ المدینہ کے منتظمین“ اور” ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اٹلی“ کو مبارک باد  بھی پیش کی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*   فارغ التحصیل عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز


Share

Articles

Comments


Security Code