علومِ اسلامیہ اور تحقیقی مقالہ

دعوت اسلامی کی مدنی خبریں

علومِ اسلامیہ اور تحقیقی مقالہ نگاری

ماہنامہ نومبر 2022

 درسِ نظامی ( عالِم کورس )  کے آخری سال ” الشہادۃ العالمیہ ، سالِ دوم “ کے امتحان میں طلبۂ کرام کسی منتخب عنوان پر تحقیقی مقالہ لکھتے ہیں۔ مقالات کے عنوانات کی لسٹ کنزالمدارس بورڈ کی جانب سے جاری کی جاتی ہےجس میں سے طلبہ عنوان کا انتخاب کرتے ہیں اور اس پر مقالہ تحریر کرکے سالانہ امتحان پاس کرتے اور ” الشہادۃ العالمیہ “ کی ڈگری حاصل کرتے ہیں جوکہ ہائرایجوکیشن کمیشن  ( HEC )  کے مطابق ایم اسلامیات اور عربی کے برابر ہے ۔

اَلحمدُ لِلّٰہ گذشتہ سال 2021ء میں جامعاتُ المدینہ کے طلبہ کے درمیان 9مقامات پر ” تحقیقی مقالہ نگاری “ کے سیشنز کا انعقاد ہوا۔ گذشتہ سال کے تجربہ کے بعد سالِ رواں 2022ء میں مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ انسٹیٹیوٹ ، کراچی میں ” 12روزہ تحقیقی مقالہ نگاری کورس “ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کورس کی تکمیل کے بعد 13ستمبر2022ء کو تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد بھی ہوا اور کورس کے شُرَکا طلبۂ کرام کو ” مقالہ نگاری کورس “ کی اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر شیخ الحدیث حضرت علامہ مفتی محمد حسان عطّاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مقالہ نگاری کورس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ” یہ انٹرنیشنل لیول کا کورس تھا جو کہ طلبۂ کرام کو بالکل فری کروایا گیا ، جبکہ دنیا بھر میں ایسے کورسز کی بھاری فیسیں ہوتی ہیں۔ “

تقریب کے آخر میں شیخ الحدیث حضرت علامہ مفتی محمد حسان عطّاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مقالہ نگاری کورس کے ٹرینر و لیکچرار ، اسلامک اسکالر و رائٹر مولانا راشد علی عطاری مدنی کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور حوصلہ افزائی بھی فرمائی۔

واضح رہے کہ ” 12روزہ تحقیقی مقالہ نگاری و مضمون نویسی کورس “ میں کتاب ، مقالہ ، مضمون ، آرٹیکل اور دیگر کثیر تحریری کاموں میں معاونت کرنے والے 100 سے زائد اہم نکات پر تفصیلی گفتگو ہوئی نیز ساتھ ہی 14 اہم تحریری پروجیکٹس کے آسان عملی منصوبے بھی پیش کئے گئے۔مقالہ نگاری کورس کے لیکچرز کا کل دورانیہ 18 گھنٹے سے زائد تھا۔

سکھائے گئے اہم ترین نکات میں سے 36 بنیادی نکات یہ ہیں :


 ( 1 ) تحریر و تصنیف کی اہمیت و ضرورت  ( 2 ) تحریر و تصنیف میں حائل رکاوٹیں اور ان کا حل  ( 3 ) مقالہ نگاری میں معاون اہم اُمور کی نشاندہی  ( 4 ) تحقیق و تصنیف کی 20 اصناف اور اسالیب کا تعارف و پہچان  ( 5 ) ذاتی مواد بینک بنانے کا طریقہ اور فوائد و ضرورت  ( 6 ) موضوع و عنوان میں فرق  ( 7 ) انتخابِ موضوع اور فنِ عنوان سازی  ( 8 ) انتخابِ موضوع میں معاون ذرائع  ( 9 ) تحقیقی مقالہ کے عنوان کے انتخاب میں کی جانے والی غلطیاں  ( 10 ) مقالہ نگاری کے مراحل اور مشمولات  ( 11 ) ابتدائیہ اور اس کی اقسام  ( 12 ) مضمون کے مشمولات کا خاکہ بنانا  ( 13 ) اختتامیہ کی تعریف اور اقسام  ( 14 ) املاء و عبارت کی درستی اور غلطیوں کی اصلاح  (15 ) جمع و نقلِ مواد کی دیانت  ( 16 ) رموز و اوقاف کا درست اور برمحل استعمال  ( 17 ) کتب ، سافٹ وئیرز ، انٹرنیٹ اور دیگر ذرائع سے مواد لینے کا اختیار کہاں تک ہے اور طریقہ  ( 18 ) منقولی و غیرمنقولی مواد کی تقسیم اور طریقۂ استعمال  ( 19 ) موضوع کے مطابق مضمون یا کتاب کی تقسیم کاری کیسے کریں  ( 20 ) ابواب و فصول کیسے بنائیں  ( 21 ) فنِ تخریجِ حدیث  ( 22 ) تخریج کا تعارف اور فنِ تخریج  ( 23 ) حدیث کے مصادرِ اصلیہ و فرعیہ کا تعارف و فرق  ( 24 ) کتبِ حدیث کی اقسام اور تخریج میں مدارجِ کتب  ( 25 ) کتابوں کے ذریعے حدیثیں تلاش کرنے کے 5 اہم طریقے  ( 26 ) سافٹ وئیرز کے ذریعے حدیثیں تلاش کرنے کے4 اہم طریقے  ( 27 ) مقالہ کی خاکہ سازی  ( 28 ) مقدمہ کی تفصیل اور اس کے مشمولات  ( 29 ) جمع مواد کے ذرائع اور طریقے  ( 30 ) منقولی مواد جمع کرنے اور استعمال کرنے کا طریقہ اور غیرمنقولی یعنی استنباطی ، تجزیاتی کلام اور تمہیدات ، ترغیبات اور ترہیبات کے استعمال کرنے کا طریقہ  ( 31 ) مقالے کا خاتمہ اور فہارس  ( 32 )  نتائج البحث کیسے لکھیں؟  ( 33 ) سفارشات کیا اور کیسی ہونی چاہئیں؟  ( 34 ) آیات ، احادیث ، اماکن ، موضوعات اور مصادر و مراجع کی فہارس بنانے کا طریقہ  ( 35 ) لکھنے سے پہلے کرنے والے20 اہم ترین کام جن سے کئی دنوں کی محنت بچ جائے  ( 36 ) مصنف و محقق بننے کے سفر میں درپیش 56 اہم ترین مراحل سے آگاہی اور عملی صورت کی تجاویز۔


Share

Articles

Comments


Security Code