دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دُھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا عمرفیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون2022ء


ترکی کے شہر استنبول میں

مدنی مرکز فیضان مدینہ کا افتتاح کردیا گیا

جانشینِ امیرِ اہلِ سنت ، نگرانِ شوریٰ اور ترجمانِ دعوتِ اسلامی کی افتتاحی تقریب میں خصوصی شرکت

تفصیلات کے مطابق مدنی مرکز ترکی استنبول کے افتتاح کی تقریب 4 مارچ 2022ء کو جمعہ کے دن رکھی گئی جس میں خصوصی شرکت کے لئے پاکستان سے جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی اور ترجمانِ دعوتِ اسلامی و رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُ الحبیب عطّاری ترکی استنبول پہنچے۔ نمازِجمعہ سے قبل افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں حاجی عبدُ الحبیب عطّاری نے تلاوتِ قراٰن مجید کی اور بارگاہِ رسالت مآب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت پیش کیا جس کے بعد مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان فرمایا ، جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے خطبۂ جمعہ دیا اور جمعہ کی نماز پڑھائی۔ اس افتتاحی تقریب میں یوکے سے سید فُضیل رضا عطّاری اور چند دیگر اسلامی بھائیوں سمیت استنبول کے گرد و نواح سے کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس مدنی مرکز میں درسِ نظامی (یعنی عالم کورس) کے لئے جامعۃُ المدینہ ، حفظ و ناظرہ کے لئے مدرسۃُ المدینہ اور دعوتِ اسلامی کے دیگر شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ملک بھر میں کئی مقامات پر تقسیمِ اَسناد اجتماعات کا انعقاد

حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والے

بچوں اور بچیوں کو اَسناد پیش کی گئیں

تفصیلات کے مطابق دعوتِ اسلامی کے زیرِاہتمام ملک بھر میں چلنے والے مدارسُ المدینہ سے سال 2021ء میں 8 ہزار 895 طلبہ نے حفظِ قراٰن اور 44ہزار 691بچّوں اور بچیوں نے ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ان بچوں اور بچیوں میں اَسناد تقسیم کرنے کے لئے 27 مارچ کو پاکستان کے مختلف شہر وں کراچی ، فیصل آباد ، اسلام آباد ، لاہور ، گوجرانوالہ ، ملکوال ، ظفروال ، سیالکوٹ ، ملتان ، دارُ السلام ٹوبہ ، کھرڑیانوالہ ، لاڑکانہ ، نواب شاہ ، سانگھڑ ، بحریہ روڈ سندھ ، سکھر ، ڈیرہ غازی خان ، شیخوپورہ ، پشاور ، لیہ اور جہلم سمیت سینکڑوں مقامات پر تقسیمِ اَسناد اجتماعات منعقد کئے گئے۔ اجتماعات میں ہزاروں طلبہ ، ان کے سرپرستوں اور دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ تقسیمِ اَسناد کا مرکزی اجتماع مدنی مرکزفیضانِ مدینہ فیصل آباد میں ہوا جس میں نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ بیان کےبعد امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا آڈیو پیغام بھی سنایا گیا جس میں امیرِ اہلِ سنّت نے بچّوں اور ان کے سرپرستوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں قراٰن کی تعلیمات پر عمل کرنے اور بچّوں کو جامعۃُ المدینہ میں داخلے لینے کی ترغیب دلائی ، پیغام میں امیرِ اہل سنّت نے طلبہ کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا۔ اجتماعات کے آخر میں حافظِ قراٰن بننے والے 8 ہزار 895 اور تجوید و قراءت کے ساتھ ناظرہ مکمل کرنے والے 44 ہزار 691 بچّوں اور بچیوں میں اَسناد تقسیم کی گئیں۔ واضح رہے کہ پاکستان بھر میں قائم مدارسُ المدینہ سے اب تک 1 لاکھ 9 سو 82 بچے اور بچیاں حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرچکے ہیں ، اس کے علاوہ تجوید و قراءت کے ساتھ ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے والے بچّوں اور بچیوں کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار 998 ہے جبکہ اس وقت دنیا بھر میں مدارسُ المدینہ کی 5 ہزار 541 برانچز قائم ہیں جہاں ساڑھے تیرہ ہزار سے زائد اسٹاف کی زیرِ نگرانی دولاکھ 47 ہزار سے زائد بچّوں اور بچیوں کو قراٰنِ پاک کی بالکل مفت تعلیم دی جاری ہے۔

بنگلہ دیش میں دستارِ فضیلت اجتماع کا انعقاد

اجتماع میں مولانا عبدُالحبیب عطّاری نے خصوصی بیان فرمایا اور 58 مدنی علمائے کرام کی دستار بندی فرمائی

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 18 مارچ 2022 ء کو شبِ براءت کے موقع پر رنگونیا اردشہ باہو مکھی پائلٹ اسکول گراؤنڈ ، رنگونیا ، چٹا گرام بنگلہ دیش میں عظیمُ الشان “ دستارِ فضیلت اجتماع “ کا انعقاد کیا گیا جس میں نگرانِ بنگلہ دیش حاجی رضا عطّاری اور ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی سمیت ہزاروں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی مولانا عبدُ الحبیب عطّاری نے سنتوں بھرا بیان فرمایا جبکہ سنّتوں بھرے اجتماع میں عاشقانِ رسول نے براہِ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے میں بھی شرکت کی۔ دستارِ فضیلت اجتماع میں جامعۃُ المدینہ بوائز بنگلہ دیش سے فارغُ التحصیل ہونے والے 58 علمائے کرام کے سروں پر رکن شوریٰ اور سینیئر اساتذۂ کرام کے ہاتھوں دستار سجائی گئی۔

 “ سیرتُ النبی اور جدید مقالہ نگاری “  ٹریننگ سیشن کا انعقاد

سیشن میں شریک اسکالرز

سیرتُ النبی پر مقالات لکھنے کے لئے پُرعزم

دعوتِ اسلامی کے علمی و تحقیقی ادارے المدینۃُ العلمیہ میں دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق عوام و خواص کے لئے تحریری و تصنیفی کام جاری ہیں۔ ان کاموں کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کے لئے “ شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ “ بھی موجود ہے۔ اس شعبے کے مقاصد و اہداف میں سےایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ اسلامک اسکالرز کو میدانِ تحقیق و تصنیف میں ہونے والی تبدیلیوں اور وقتی تقاضوں سے آگاہ رکھا جائے اور پروفیشنل کورسزاورٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔ اسی مقصد کے پیشِ نظر 28مارچ2022ء کو “ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ “ اور “ شعبہ سیرتِ مصطفےٰ “ کے اشتراک سے “ سیرت النبی اور جدید مقالہ نگاری “ کے عنوان سے ایک تربیتی سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ سیشن میں شعبہ سیرت مصطفےٰ کے نگران مولانا محمد حامد سراج عطّاری مدنی سیرت النبی پر مقالہ نگاری کے حوالے سے گفتگو کی اور مقالہ نگاری میں خاکہ کی اہمیت ، خاکہ بنانے کے اہم نکات ، سیرت النبی پر لکھنے کے لئے اہم مصادر کیا ہیں؟ پر گفتگو کی۔ جبکہ ایڈیٹر ماہنامہ فیضان مدینہ اور ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ (المدینۃ العلمیہ) مولانا راشد علی عطّاری مدنی نے موضوع پر مواد جمع کرنے ، خاکہ بنانے اور Creative Writing کے چند عملی طریقوں کا پریکٹیکل کروایا اور اس بارے میں مزید تربیت بھی فرمائی۔ اس سیشن میں المدینۃُ العلمیہ کے چند منتخب ریسرچ اسکالرز نے شرکت فرمائی اور سیرتُ النبی پر مقالات لکھنے کیلئے اپنے عزائم کا اظہار فرمایا۔

جامعۃُ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام جاری

اسلامک فنانس کورس اختتام پذیر ہوگیا

اختتامی تقریب میں نگرانِ شوریٰ کا بیان ،

شرکا کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے

دعوتِ اسلامی کے جامعۃُ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں جاری “ اسلامک فنانس کورس “ اختتام پذیر ہوگیا۔ کورس کے آخر میں 27 مارچ 2022 ء کو شرکاء میں سرٹیفکیٹ کی تقسیم کے سلسلے میں انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ پاکستان کے آڈیٹوریم میں اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں نگرانِ شوری مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے شرکا کو اپنی زندگی اور بالخصوص لین دین میں شریعت کی اطاعت اور حرام سے بچنے کی اہمیت پر گفتگو فرمائی جبکہ اس کورس کے لیکچرار اور رکنِ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان ، ماہر امورِ تجارت مفتی علی اصغر عطّاری مدنی نے اس کورس کے اغراض و مقاصد اور آئندہ کے اہداف پر تفصیل سے گفتگو کی۔ اس کورس کو مکمل کرنے والے 109 افراد فنانس سے وابستہ پروفیشنلز تھے جو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھے یا MBA کئے ہوئے تھے جبکہ 103 مختلف مدارس کے فارغ التحصیل علما تھے۔ اس کورس میں پاکستان کے مختلف شہروں عرب شریف ، ہند ، جرمنی ، ساؤتھ افریقہ اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز نے بھی آن لائن شرکت کی۔ انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ پاکستان کے آڈیٹوریم میں ہونے والی اختتامی تقریب میں رکنِ شوری حاجی امین عطّاری ، جامعاتُ المدینہ کراچی کے نگران مولانا سید ساجد عطّاری مدنی ، سابق چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج سلیم چامڑیا ، GM Finance of P.I.A جاوید منشا ، C.D.C Pakistan کے C.E.O بدیع ُالدین اکبر ، K-Electric کے C.F.O عامر غازیانی ، سکرنڈ شوگر مل کے C.F.O شمس غنی ، میر پور خاص شوگر مل کے F.C محمد جنید ، اکنامسٹ نعمان عبدُ المجید ، “ ہیڈ آف لاء ڈویژن اسٹیٹ بینک پاکستان “ رضوان نقشبندی ، چیئرمین کراچی برانچ ICMA پاکستان عظیم صدیقی اور معروف بلڈر مصطفیٰ شیخانی سمیت کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد اور مختلف بڑی کمپنیوں کے C.F.O’s اور C.E.O’s شریک ہوئے۔ اختتام پر کورس مکمل کرنے والے افراد کو نگرانِ شوریٰ کے ہاتھوں سے اَسناد دی گئیں۔


ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code