دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا عمرفیاض عطاری مدنی

 ” ماہنامہ فیضانِ مدینہ “  جولائی 2022ء

جشنِ ولادتِ اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہ علیہ کے موقع پر

 ” اجتماعِ افتتاحِ بخاری کا انعقاد

امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بخاری شریف کی

پہلی حدیثِ پاک کی شرح بیان فرمائی

مجلسِ جامعۃُ المدینہ کی جانب سے 10 شوالُ المکرم 1442ھ بمطابق 12مئی 2022ء بروز جمعرات عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں امامِ اہلِ سنّت ، مُجدِّدِ دین و ملّت ، پروانۂ شمعِ رِسالت ، الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ کے یومِ ولادت کے موقع پر  ” اجتماعِ افتتاحِ بخاری “ کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماعِ پاک کا آغاز تلاوت و نعت سے کیا گیا۔ اس موقع پر شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حدیثِ پاک کی کتاب بخاری شریف کے مکمل نام اور اُسے لکھنے کی وجوہات کے بارے میں طلبہ کو معلومات فراہم کیں اور  ” بخاری شریف  “  کی پہلی حدیث پڑھ کر اُس کی تفصیلاً تشریح بھی بیان فرمائی۔ اس اجتماع میں امیرِ اہلِ سنّت نے درجاتِ حدیث پر بھی مختصراً کلام فرمایا۔ تقریب میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالینے بھی بیان فرمایااور طلبہ کو 12 ماہ کےمدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی جس پر کئی طلبہ 12 ماہ کے قافلے میں سفر کے لئے تیار ہوگئے۔ مذکورہ تقریب میں جامعۃُ الاظہر مصر سے تشریف لائے ہوئے ڈاکٹر شیخ جمال فاروق دقاق حفظہ اللہ سمیت کئی مفتیان و علمائے کرام اور دورۃُ الحدیث شریف کے طلبہ و اساتذۂ کرام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ اس سال ملک و بیرونِ ملک میں قائم دورۃُ الحدیث شریف کےدرجات میں 1670 بوائز اسٹوڈنٹس اور 3211 گرلز اسٹوڈنٹس شریک ہیں اور اِنْ شَآءَاللہ اس سال کے آخر میں عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوت اسلامی اُمّت کو تقریباً 5ہزار علمائے کرام کا تحفہ پیش کرے گی۔

مڈلینڈ سٹی ڈڈلی یوکے میں غیر مسلموں کی عبادت گاہ کو خرید کر مسجد میں تبدیل کردیا گیا

مسجد کا نام امیر اہلِ سنت نے  ” فیضانِ فاروقِ اعظم “  رکھا ہے

کچھ عرصہ قبل ڈڈلی Dudley ویسٹ مڈلینڈیوکے میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے غیرمسلموں کی عبادت گاہ کو خرید کر اس جگہ پر مسجد کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کردیا گیا تھا،جو اب عالی شان مسجد بن کر تیار ہوچکی ہے۔ شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس مسجد کا نام  ” فیضانِ فاروقِ اعظم “  رکھا ہے۔ مسجد کا افتتاح یکم اپریل 2022ء کو نمازِ جمعہ پڑھاکر کیا گیا۔ جمعہ کی نماز سےقبل سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور دیگر عاشقانِ رسول سمیت ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔نگرانِ ویلز حاجی سید فضیل رضا عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیااور شُرکاکو دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔ اجتماع کے بعد مسجد میں پہلی اذان دی گئی اور پہلی نماز بھی ادا کی گئی۔ آخر میں نگرانِ ویلز نے اسلامی بھائیوں سے ملاقات بھی کی۔ افتتاحی تقریب میں شریک مولانا میر مصباحی صاحب مُدَّ ظِلُّہُ العالی، مولانا نیاز احمد مصطفوی مُدَّ ظِلُّہُ العالیاور کونسلر شوکت علی نے ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں سات دن کے

 ”  مسائلِ نماز کورس  “  کا اہتمام

نگرانِ پاکستان مشاورت

حاجی محمد شاہد عطّاری نے شرکا کی تربیت فرمائی

3 تا 9مئی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں اسلامی بھائیوں کی تربیت کے سلسلے میں سات دن پر مشتمل  ” مسائلِ نماز کورس “ کا اہتمام کیا گیا۔ نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے اس کورس میں اسلامی بھائیوں کو نماز کے اہم مسائل اور نماز کا عملی طریقہ سکھایا ، اس کے علاوہ وضو  ، غسل اور تیمم کے مسائل بھی بیان کئے۔کورس کے اختتام پر اسلامی بھائیوں کا ٹیسٹ لیا گیا اور 1st  ، 2nd، 3rdآنے والے اسلامی بھائیوں کو نگرانِ پاکستان کے ہاتھوں دینی کتابوں کا سیٹ اور فیضان ڈیجیٹل قراٰن تحفے میں دیا گیا۔

پتوکی میں فیضان اسلامک اسکول سسٹم کی برانچ کے افتتاح کے موقع پر تقریب کا انعقاد

خطیب داتا دربار مسجد لاہور مفتی محمد رمضان سیالوی صاحب اور رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری کی تقریب میں شرکت

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 6 مئی2022ء بروز جمعہ پتوکی میں فیضان اسلامک اسکول سسٹم کی نئی برانچ کے افتتاح کے سلسلے میں پرُوقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مقامی ذمہ داران اور سرپرستوں سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئےوہاں موجود عاشقانِ رسول کو بچوں کی اخلاقی تربیت کرنے کے لئے دینی ادارے بنانے کی اہمیت و ضرورت بیان کی۔اس موقع پر داتا دربار مسجد لاہورکے خطیب مفتی محمد رمضان سیالوی صاحب کی بھی تشریف آوری ہوئی ، دورانِ تقریب انہوں نے دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈائریکٹر پنجاب اسمبلی سجاد احمد صدیقی کی والدہ ٔ مرحومہ کے لئے ایصالِ ثواب اجتماع کا اہتمام

رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری کا اجتماع میں خصوصی بیان

6 مئی2022ء بروز جمعہ کو ڈائریکٹر پنجاب اسمبلی سجاد احمد صدیقی ، Controller PTV محمد عمران صدیقی اور جنرل کونسلر شوکت صدیقی کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لئے پتوکی میں سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں شخصیات سمیت دیگر عاشقانِ رسول کی شرکت رہی۔اس اجتماعِ پاک میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطّاری نے ’’وفات کے بعد والدین کے حقوق کیا ہیں؟‘‘ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے اسلامی بھائیوں کی تربیت کی۔اس موقع پر مفتی رمضان سیالوی صاحب (خطیب داتا دربار لاہور) بھی موجود تھے۔

12روزہ  ” فنِّ تخریجِ حدیث کورس “  کا انعقاد

اسلامک اسکالرز   کو تخریجِ حدیث  کے حوالے سے تربیت دی گئی

المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کراچی میں قائم شعبہ  ” ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ “  کے تحت المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) فیصل آباد کے اسلامی اسکالرز کیلئے آن لائن 12روزہ  ” فن تخریجِ حدیث کورس “  کا انعقاد کیا گیا ،  کورس کی ڈیزائننگ اور ٹریننگ  کے فرائض مولانا ابوالنور راشد علی عطّاری مدنی (ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ و ایڈیٹر ماہنامہ فیضانِ مدینہ)  نے انجام دئیے۔ کورس کا اصل مقصد تخریجِ حدیث کے Scientific اور Professional انداز کی تربیت اور کتبِ حدیث و تخریج سے گہری آگاہی اور علمائے کرام کو فنِّ تخریجِ حدیث میں مضبوط اور تجربہ کار بنانا ہے۔ اس  کورس میں * تخریج حدیث کے 10 سے زائد پروفیشنل اور ٹیکنیکل طریقے سکھائے گئے * کئی کتبِ حدیث اور موسوعات و معاجم کا تعارف اور ان کے استعمال کا پریکٹیکل کروایا گیا * احادیث کے مصادرِ اصلیہ و فرعیہ کی تفصیلی تقسیم کاری سمجھائی گئی * تمام لیکچرز کو سلائیڈز کے ذریعے آسان سے آسان بنانے کی کوشش کی گئی * پریکٹیکل کے طور پر   احادیث مبارکہ کی تخریج کروائی گئی * کئی کتب حدیث اور موساعات کے اسالیب و مناہج پر تعارفی مقالات لکھوائے گئے جوکہ مقالہ نگاروں نے سیشن میں پڑھ کر سنائے * تدریسی لیکچرز کے بعد اسکالرز سے   پریکٹیکل لیکچرز بھی دلوائے گئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code