کتب کا تعارف

فیضان بیاناتِ عطار ( جلد : 1 )

*مولانا ابوشیبان عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2023ء

درس و بیان کا اہم ترین مقصد تعلیم اور اصلاح و راہنمائی ہے ، انبیائے سابقین اور آخری نبی محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بھی انفرادی و اجتماعی میدانوں میں اپنے اپنے انداز سے درس و بیان کے ذریعے اصلاحِ معاشرہ میں مصروف رہے۔ آخری نبی محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پردہ فرمانے کے بعد اصلاح و تربیت کا یہ اہم منصب امّتِ محمدیہ کے سپرد ہوا چنانچہ  ( وَذَكِّرْ فَاِنَّ الذِّكْرٰى تَنْفَعُ الْمُؤْمِنِیْنَ ( ۵۵ ) )[1] (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  کے تحت یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔

 موجودہ صدی میں شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت ، مولانا محمد الیاس قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا شمار بھی انہی بندگانِ خدا میں ہوتا ہے جنہوں نے معاشرے کے بگڑے ہوئے لاکھوں افراد کو اپنے وعظ و نصیحت سے راہِ ہدایت پر گامزن کردیا۔ آپ نے ہزاروں موٹیویشنل بیانات فرمائے اور الفاظ کے مؤثر تیروں سے دلوں کی سلطنتیں فتح کیں۔

آپ کے بیانات کی حیرتناک مقبولیت کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے تحقیقی و تصنیفی ادارے ”المدینۃ العلمیۃ“ کی جانب سے آپ دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے بیانات میں سے 18 بیانات کو 610 صفحات پر مشتمل ”فیضانِ بیاناتِ عطار“ کی جلد1 کی حیثیت سے شائع کیا گیا ہے :

  ( 1 )  دیدارِ مصطفےٰ اور اس کی برکتیں  ( 2 ) تابوتِ سکینہ برکتوں کا خزینہ  ( 3 )  دل خوش کرنے کے طریقے  ( 4 )  دُعائیں قبول کیوں نہیں ہوتیں ؟  ( 5 )  پیغامِ فنا  ( 6 )  موت کا ذائقہ  ( 7 ) قبر کی ہولناکیاں  ( 8 )  گانوں کی تباہ کاریاں  ( 9 )  شراب کی بوتل  ( 10 ) بے نمازی کی سزائیں  ( 11 ) بدگمانی  ( 12 ) حسد  ( 13 ) آخرت کی تیاری  ( 14 ) ایثار  ( 15 )  اخلاص  ( 16 ) حُسنِ اخلاق  ( 17 ) اصلاحِ معاشرہ  ( 18 ) کیا تنگدستی بھی نعمت ہے ؟

محترم قارئین ! یہ وہ بیانات ہیں کہ جن کو سن کر ہزاروں لوگوں کے پتھر دل موم ہو گئے ، دنیاکے شیدائی اللہ و رسول کے شیدا بن گئے۔ خلقِ خدا نے ان بیانات کو اپنے ضمیر کی آواز سمجھا ، اپنے کردار کو ان بیانات کے لفظوں کا جامہ پہنایا ، لوگ نماز و روزے کے پابند بنے ، چہروں پر ایک مٹھی داڑھی سجائی ، فیشن سے تائب ہوکر  حضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنتوں کے آئینہ دار بن گئے ، بلامبالغہ ان بیانات نے لوگوں میں عمل کے جوش و ولولے کو بیدار کیا ہے۔

ان بیانات کے مطالعہ سے اِن شآءَ اللہ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے وسیع مطالعے اور تجربات کی روشنی میں دینی معلومات ، فکرِ آخرت ، اصلاحِ عقائد و اعمال ، ذہنی الجھنوں اور شیطانی وسوسوں کا حل ، دینی ، دنیوی ، معاشی ، معاشرتی اور گھریلو مسائل سے متعلق تربیتی نکات ، باہمی اتفاق و محبت ، خدمتِ دین کا جذبہ اور استقامت کے طریقےاور ان کے علاوہ بہت کچھ ملے گا۔

خلاصہ یہ ہے کہ یہ کتاب ہر عمر کے عاشقانِ رسول کی دنیا و آخرت کو سنوارنے والی تعلیمات پر مشتمل ہے ، لہٰذا اسے خود بھی خرید کر مطالعہ فرمائیں اور اپنے پیاروں کو بھی اس کی ترغیب دے کر اپنے لئے ثوابِ جاریہ کا سامان کریں۔

اللہ پاک ہمیں دنیا و آخرت کی بھلائی اور ایمان پر استقامت عطا فرمائے۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی



[1] ترجمۂ کنزالایمان : اور سمجھاؤ کہ سمجھانا مسلمانوں کو فائدہ دیتا ہے۔  ( پ27 ، الذّٰریٰت : 55 )


Share

Articles

Comments


Security Code