سگریٹ کھیل نہیں!

مدنی کلینک وروحانی علاج

سگریٹ کھیل نہیں !

*   ڈاکٹر امّ سارب عطاریہ

ماہنامہ ربیع الاول1442ھ

دنیا  بھر میں کثیر تعداد میں بکنے والی اشیاء میں سے ایک سگریٹ بھی ہے۔ سگریٹ پینے والوں (Smokers) کی تعداد  کا انداز ہ اس کی  خرید و فروخت سے کیا جاسکتا ہے۔ سگریٹ نوشی کی عادت بعض اوقات دیگر منشّیات (Drugsمثلاً چرس ، ہیروئن ، کرسٹل وغیرہ)  کے استعمال میں مبتلاہونے کا سبب بھیبن جاتی ہے۔ جتنے بھی بڑے نشے ہیں ان کے لئے پہلا قدم سگریٹ نوشی بنتی ہے لیکن اب تو چھوٹے چھوٹے بچّے سگرىٹ کے عادى بن گئے ہىں۔ اگر  سگریٹ نوشی کو روک دیا جائے تو منشیات کے راستے بند ہو سکتے ہیں ۔ سگریٹ  نوشی  کرنے والا آگے چل کر کسی اور نشے کا عادی بھی بن سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سگریٹ پینے والے کو جانی و مالی نقصانات بھی  ہوتے ہیں۔ آئیے سگریٹ نوشی کے نقصانات  کے بارے میں کچھ معلومات حاصل کرتے ہیں :

دنیا بھر میں سگریٹ نوشی : ایک تحقیق (Research) کے مطابق سگریٹ پینے والےدنیا کی کل آبادی کا 33فیصد سے زائد ہیں۔ سگریٹ نوشی (Smoking) نہ صرف مختلف بیماریوں کاسبب بنتی ہے بلکہ اس کی وجہ سے ہر سال لاکھوں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ان مرنے والوں  میں  بعض وہ ہوتے ہیں جو خود تو سگریٹ   نہیں پیتے لیکن پینے والوں کے  پاس بیٹھتے  اور ان کے ماحول میں رہتے ہیں  اس وجہ سے ان پر بھی دھوئیں کا اثر پڑتاہے۔ سگریٹ نوشی کی عادت کیوں پڑتی ہے؟ ایک تحقیق کے  مطابق سگریٹ کے دھوئیں میں ایک ایسا جز ہوتا ہے جس کی وجہ سے دماغ میں پیدا ہونے والا انزائم ’’مونوامائین آکسیڈیز  بی (B  Monoamine Oxidase ) “ تباہ ہو جاتا ہے۔ یہ انزائم ڈوپامین (Dopamine) نامی  کیمیائی مادے کے اثرات کو زائل کرنے کا کام دیتا ہے جبکہ ڈوپامین لذت کی خواہش بڑھانے والا مادّہ ہے۔ گویا “ مونوامائین آکسیڈیز بی “ خواہشات کے دروازے پر چوکیدار کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ تمباکو نوشوں(Smokers) میں اس کی مقدار ڈوپامین کی مقدار کے تناسب سے بہت کم ہو جاتی ہے اس لئے ڈوپامین کی زیادتی بار بار انہیں حصولِ لذت کی خواہش میں مزید سگریٹ نوشی پر اُکساتی رہتی ہے۔ سگریٹ نوشی کے چند نقصانات : ممکن ہے سگریٹ پینے والوں کی نظر میں اس  کےکچھ فوائد(Benefits) بھی ہوں   لیکن  زیادہ تر نقصانات ہی سامنے آتے ہیں مثلاً : (1)نیند میں کمی ہو سکتی ہے (2)شوگر کے مریض (Diabetic Patients) کیلئے ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے (3)سگریٹ نوشی  کے  عادی عُموماً صَبْر نہ کر پانے کی بِنا پر روزہ چھوڑ دیتے ہیں (4) دواؤں کا زیادہ استعمال کرنا پڑتا ہے کیونکہ ان پر دوا اثر نہیں کرتی۔ سگریٹ نوشی اور بیماریاں : سگریٹ نوشی کی وجہ سے یہ بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں : (1)پھیپھڑوں (Lungs) میں انفیکشن (2)سانس کی بیماریاں (3)نفسیاتی امراض (4)ڈپریشن (5)دماغ میں موجود خون کی شریانوں (Blood Veins) کے پھٹ جانے کا خطرہ رہتا ہے۔ سگریٹ نوشی اور خواتین : سگریٹ نوشی کی مذکورہ نقصان دہ صورتیں خواتین میں بھی پائی جاسکتی ہیں لیکن ان کے علاوہ بھی چند ایک نقصانات ہیں جو خواتین کے ساتھ خاص ہیں۔ مثلاً : (1)بچّوں کی پیدائش میں کمی ہونا (2)حمل (Pregnancy) کے دوران مشکلات درپیش ہونا (3)بیمار یا کمزور بچّوں کی پیدائش ہونا۔ سگریٹ نوشی اور کینسر : ایک تحقیق کے مطابق تمباکو میں تقریباً 50سے زائد ایسے کیمیکلز ہوتے  ہیں جو کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔ سگریٹ نوشی کی وجہ سے پھیپھڑوں ، منہ ، گلے ، خوراک کی نالی ، معدے ، مثانے ، لبلبے ، گردے اور جگر کا کینسر جبکہ خواتین کو بریسٹ کینسر بھی ہوسکتا ہے۔ سگریٹ نوشی سے چھٹکارا : سگریٹ یا کوئی اور نشہ اگر انسان کی عادت میں شامل ہوجائے تو اس سے چھٹکارا حاصل کرنا کافی مشکل ہوتا ہے ، لیکن اگر صبر کیا     جائے             تو  اِنْ شَآءَ اللہ اس بُری عادت سے نجات مل جائے گی۔ (1)اس سلسلے میں سب سے اہم یہ ہے کہ آپ مضبوط ارادہ (determination) کریں کہ سگریٹ نوشی چھوڑنی ہے (2)اپنے دوستوں ، گھر والوں اور آفس یا جہاں کہیں کام کرتے ہوں ، اُنہیں بتا دیں کہ میں سگریٹ چھوڑ چکا ہوں ، اُن کی حوصلہ افزائی بہت مُفید ثابت ہو گی (3)پانی کا استعمال زیادہ کریں تاکہ  جسم سے  نکوٹین مادے کا اخراج ہو (4)کھانا کھانے کے بعد سگریٹ کی بجائے ایک کپ پودینہ چائے لیں (5)صبح سویرے اٹھنے کا معمول بنائیں تازہ ہوا میں لمبے سانس  لیں ، ہلکی پھلکی ورزش(Exercise) کریں (6)کسی پریشانی کی صورت میں ماہرِ نفسیات (Psychologist) سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اگر سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے کے بعد بھی کبھی کبھار اس کی طلب محسوس  ہو تو  ذیل میں بیان کردہ باتوں  پر عمل کریں اِنْ شَآءَ اللہ دل کو بھی آرام ہوہی جائے گا : (1)کسی دوسری چیز کے بارے میں سوچنا شروع کریں۔ ( زہے نصیب مکّۂ مکرّمہ اور مدینۂ طیّبہ کا  حسین تصوّر ذہن میں آئے) (2)کوئی کام کرنا شروع کریں ، بہتر یہ ہے کہ تلاوتِ قراٰن یا دیگر ذکر و اذکار کریں (3)پانی یا شربت وغیرہ کا  گلاس لے کر آہستہ سے پئیں اور ہر گھونٹ تھوڑی دیر تک منہ میں رکھیں (4)جب بھی طلب ہو  تو صاف تر و تازہ ہوا میں  لمبے لمبے سانس لیں  بلکہ  یہ عمل دن میں تین سے چار مرتبہ ضرور کریں اس سے آپ کو سکون محسوس ہوگا اور مثبت نتائج آہستہ آہستہ برآمد ہوں گے۔ سگریٹ نوشی ترک کرنے کے 5اہم فوائد : سگریٹ نوشی ترک کرنے  کے بہت سے فوائد ہیں بلکہ یوں کہاجائے تو غلط نہ ہوگا کہ اس کے  چھوڑنے میں فائدے ہی فائدے ہیں نقصان نہیں : (1)صحت اچّھی ہوتی ہے (2)بندہ بہت سے امراض سے دور رہتا ہے (3)بلڈ پریشر نارمل ہوجاتا ہے (4)دل کے دورے (Heart Attack) کے امکانات  50فیصد کم ہو جاتے ہیں(5)مال کی بچت ہوتی ہے۔

سگریٹ نوشوں کو امیرِ اہلِ سنّت کی نصیحت : شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ  فرماتے ہیں : اُمّت کی خیر خواہی کے جذبے کے تحت عرض کررہا ہوں کہ آپ جو سگریٹ پی رہے ہیں اس سے آپ کو تو نقصان ہو ہی رہا ہے لیکن اگر آپ گھر میں پی رہے ہیں تو اس کا دھواں آپ کے بچّوں اور فیملی   ممبرز کو بھی بیمار کرسکتا ہے لہٰذا اپنے آپ پر اور  گھر والوں  پر بھی رحم کیجئے اور سگریٹ نوشی چھوڑ دیجئے۔

(بچوں کی  ضد ختم کرنے کا وظیفہ ، ص 31ملخصاً)

سگریٹ کے متعلق 3 اہم مسئلے : (1)سگریٹ پینے سے روزہ جاتا رہے گا(بہار  شریعت ، 2 / 986ملتقطاً) (2)سگریٹ پیتے وَقت بِسمِ اللّٰہ پڑھنا مکروہ ہے(مسجدیں خوشبودار رکھئے ، ص8 ملخصاً) (3)سگریٹ پینے اور تمباکو کھانے والے مسواک اور کُلّیاں کریں کہ منہ بالکل صاف ہوجائے اور بُو (Smell) کا اصلاً نشان نہ رہے۔ ( فتاویٰ رضویہ ، 1 / 838 ملخصاً) کیونکہ ایسی حالت میں مسجد نہیں جاسکتے۔ بہارِ  شریعت میں ہے کہ بدبو کے ساتھ مسجد میں جانا حرام ہے۔ (بہار شریعت ، 1 / 428)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*   نیورو اسپیشلسٹ ، کراچی

 

                                                                                                                                                                                                                                      

 


Share

Articles

Comments


Security Code