کسی کی مدد کے لئے بینک سے سود لینا کیسا؟ مع دیگر سوالات

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ فیضان مدینہ مئی 2024ء

(1)فطری بات اور قدرتی بات میں فرق

سوال: بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ فطری بات ہے،یہ  قدرتی بات ہے، ان دونوں میں کیا فرق ہے؟

جواب: فطرت و قدرت کے ایک ہی معنیٰ ہیں، نیز فطرت، عادت کو بھی بولتے ہیں کہ اس کی فطرت یہ ہے یعنی اس کی عادت یہ ہے۔(مدنی مذاکرہ، 7ربیع الاول شریف 1445ھ)

(2)صحن میں کھلے آسمان کے نیچے نماز پڑھنا کیسا؟

سُوال: اگر ایک ہی کمرہ ہو اور جگہ نہ ہو نماز پڑھنے کی تو کیا باہر صحن میں کھلے آسمان کے نیچے نماز پڑھ سکتے ہیں؟

جواب: جی ہاں! بالکل پڑھ سکتے ہیں، کمرہ ہو یا نہ ہو، میدان میں بھی نماز پڑھی جاسکتی ہے بلکہ کئی مقامات پر میدانوں میں عید کی نماز پڑھی جاتی ہے، اللہ پاک توفیق دے تو اِنْ شآءَ اللہُ الکریم میدانِ عرفات میں بھی کھلے آسمان تلے نماز پڑھیں گے، منیٰ شریف میں خیمے بنے ہوتے ہیں مگر لوگ پھر بھی میدان میں جماعت کے ساتھ نماز پڑھ رہے ہوتے ہیں۔

(مدنی مذاکرہ، 13ربیع الآخر شریف 1445ھ)

(3)کیا بچّوں کو آئینہ دکھانے سے دانت دیر سے نکلتے ہیں؟

سُوال: سنا ہے کہ بچوں کو آئینہ نہیں دکھانا چاہئے دانت دیر سے آتے ہیں، اس کی کیا حقیقت ہے؟

جواب: یہ افواہ ،مجھ تک آج پہلی بار پہنچی ہے، ایسا کچھ نہیں ہے، دانت نکلنے کا ٹائم جو اللہ پاک کے علم میں ہے اس کے مطابق ہی دانت آئیں گے، آئینہ نہ رکاوٹ بنے گا، نہ اسپیڈ بڑھائے گا۔(مدنی مذاکرہ، 20ربیع الآخر شریف 1445ھ)

(4)کسی کی مدد کے لئے بینک سے سود لینا کیسا؟

سُوال: کیا کسی کی مدد کرنے کی نیت سے بینک سے سود لے سکتے ہیں؟

جواب: سود لینا حرام و گناہ ہے، کسی کی مدد کرنے کے لئے  بھی سود نہیں لے سکتے۔ اس کو یوں سمجھئے کہ نجاست سے نجاست کو صاف کریں گے تو نجاست صاف نہیں ہوگی بلکہ بڑھ جائے گی۔(مدنی مذاکرہ، 20ربیع الآخر شریف 1445ھ)

(5)علمِ دین کس طرح حاصل کیا؟

سُوال: آپ نے مفتی وقارُالدین رحمۃُ اللہِ علیہ سے کتنا عرصہ علمِ دین حاصل کیا ؟

جواب: حضرت مفتی وقارُ الدین صاحب رحمۃُ اللہِ علیہ کی صحبت میں تقریباً22سال میرا آنا جانا رہا ہے، اگرچہ جس طرح باقاعدہ کتابیں پڑھتے ہیں اس طرح ان سے کتابیں نہیں پڑھیں، لیکن اَلحمدُ لِلّٰہ میں نے ان سے وہ وہ مسائل سیکھے ہیں جو عام طور پر انسان کتابیں پڑھ کر نہیں سیکھ سکتا۔(وقارالفتاویٰ، 2/202-مدنی مذاکرہ، 20ربیع الآخر شریف 1445ھ)

(6)عدّت کے بعد شوہر کی قبر پر جانا کیسا؟

سُوال:کىا عورت کے لئے عدّت ختم ہونے کے بعد شوہر کى قبر پر جانا ضرورى ہے؟

 جواب:عدت سے پہلے ہو یا بعد میں! بہرصورت قبروں کى زىارت کے لئے جانا عورت کو منع ہے۔ رسول ِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے روضۂ پاک کے علاوہ دیگر مزارات پر عورت کو جانے کی اجازت نہیں۔(فتاویٰ رضویہ، 9/541۔مدنی مذاکرہ، 15جمادی الاُخریٰ شریف 1444ھ)

(7)زکوٰۃ کے پیسے مسجد مىں لگانا کیسا؟

سُوال:کیا زکوٰۃ کے پیسے مسجد مىں لگا سکتے ہیں؟

جواب: زکوٰۃ کے پیسے ڈائریکٹ مسجد میں نہیں لگا سکتے، زکوٰۃ کو مخصوص اسلامی طریقے پر عمل  کر کے مسجد کے لئے دے دینا دُرست ہے یعنی زکوٰۃ دینے والے کو چاہئے کہ زکوٰۃ کے حق دار کو زکوٰۃ کا مالک بنائے کہ یہ زکوٰۃ ادا  ہونےکی شرط ہے، پھر وہ شخص اپنی مرضی سے یہ رقم مسجد بنانے کے لئے دے دے تو یہ جائز ہے۔(دیکھئے: بہارِ شریعت، 1/890) ایسا کرنے سے زکوٰۃ ادا ہو جائے گی۔اگر زکوٰۃ کے پیسے ڈائریکٹ مسجد میں ہی لگا دیئے تو یہ جائز نہیں ہے اور اس طرح زکوٰۃ بھی ادا نہیں ہوگی۔(مدنی مذاکرہ، 15جمادی الاُخریٰ شریف 1444ھ)

(8)مسجد کی کتاب گھر لے جانا کیسا؟

سُوال:کیا مسجد کى کتاب کو مُطالَعے کے لئے گھر لے جا سکتے ہىں؟

جواب:اگر کتاب مسجد کے لئے وقف ہے تو اسے گھر نہیں لے جا سکتے بلکہ مسجدہی میں اس کتاب سے فائدہ حاصل کیا جائے گا اور پڑھا جائے گا۔(دیکھئے: بہارِ شریعت، 2/535، 536) وقف شدہ کتاب پر قلم سے نشان لگانا، کاغذ موڑنا یا نام لکھنا درست نہیں۔ طلبۂ کرام بھلے مسجد کے قراٰنِ کریم میں سبق پڑھیں مگر اس میں نشان لگانا کہ ”اتنا سبق ہوا ہے“یہ دُرست نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 15جمادی الاُخریٰ شریف 1444ھ)

(9)اَفْضَلُ الْبَشَرِ بَعْدَ الْاَنْبِیَاءِ بِالتَّحْقِیْقِ کا مطلب

سوال:اَفْضَلُ الْبَشَرِ بَعْدَ الْاَنْبِیَاءِ بِالتَّحْقِیْقِ“ کا کىا مطلب ہے؟

جواب:اس کا مطلب یہ ہے کہ نبىوں کے بعد تمام انسانوں مىں افضل حضرت ابوبکر صِدّىق رضی اللہُ عنہ ہىں۔

(مدنی مذاکرہ، 22جمادی الاُخریٰ شریف 1444ھ)


Share

Articles

Comments


Security Code