بچے رمضان کیسے گزاریں؟

رمضانُ المبارک بڑوں سمیت بچّوں کے لئے بھی اللہ پاک سے اپنا رُوحانی تعلق مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ ہے کہ اس مہینے مسلمان اللہ پاک کی رضا حاصل کرنے والے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں مگر ممکن ہے والدین کے ذہن میں یہ سوال آئے کہ “ بچے رمضان کیسے گزاریں؟ “ یہاں 16 ایسے نکات (Points) لکھے گئے ہیں جو آپ کو اس سوال کے حل میں مدد فراہم کریں گے ، ملاحظہ فرمائیں :

(1) بچّوں کے لئے والدین رول ماڈل (عملی نمونہ)ہوتے ہیں ، بچّے ہر وہ کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو وہ اپنے والدین کو کرتا دیکھتے ہیں لہٰذا آپ ان کے سامنے وہ کام کریں جو ان سے کروانا چاہتے ہیں (2)بچوں کو نماز کی طرح روزہ رکھنے کا عادی بنائیں ، انہیں روزہ رکھنے کی مشق اس طرح بھی کروائی جاسکتی ہے کہ پہلے انہیں چند گھنٹے بھوک برداشت کرنے کا ذہن دیں پھر بتدریج (Gradually) اس دورانيے (Duration) کو بڑھاتے جائیں ، جب بچہ روزہ رکھنے کے قابل ہوجائے تو اسے روزے رکھوائیں(3)پہلی بار روزہ رکھنے والے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی کریں (4)روزہ رکھنے والے بچّوں کا ایسا شیڈول ترتیب دیں جس میں عبادت ، آرام اور دیگر مناسب سرگرمیوں  کی خوب رعایت  ہو  نیز انہیں عام دنوں کی طرح زیادہ کھیلنے کُودنے سے باز رکھیں ورنہ افطار کے وقت تک صبر کرنا کافی مشکل ہوسکتا ہے (5)جو بچے بہت چھوٹے ہونے کی بناء پر روزہ نہیں رکھ رہے انہیں احترامِ رمضان میں باہر کھانے پینے سے منع کریں (6)بچّوں کو ان کی عمر کے مطابق رمضان کےفضائل اور روزے کے عام فہم مسائل بالکل آسان انداز میں بیان کریں ، اس کے لئے امیراہل سنّت کی کتاب فیضانِ رمضان بہت مفید ہے (7) بچّوں کو بتائیں کہ روزے کا مطلب صرف کھانا پینا چھوڑنا نہیں ، بلکہ ہر اس کام سے باز رہنا ہے جو اللہ پاک کو ناپسند ہو مثلاً : گالی دینا ، فلمیں دیکھنا ، غصّہ کرنا ، جھوٹ بولنا ، غیبت کرنا اسی طرح دیگر بُرے کام (8) بچّوں کو روزے کی تاریخ بتائیں کہ بیٹا! روزہ بہت قدیم (Old) عبادت ہے ، حضرت آدم علیہ السَّلام سے لے کر اب تک تمام امتوں پر روزے فرض تھے ، رمضان کے روزے 10 شعبان 2 ہجری میں فرض ہوئے تھے۔ (صراط الجنان ، 1 / 290) (9) بچّوں کو روزہ رکھنے کا مقصد بتائیں کہ بیٹا! روزہ رکھنے کا مقصد تقویٰ و پرہیزگاری حاصل  کرنا ہے (10) والد کو چاہئے کہ سمجھ دار بچّوں کو نماز پڑھنے کے لئے اپنے ساتھ مسجد لے کر جائے جبکہ مائیں بچیوں کو گھر میں اپنے ساتھ نماز پڑھائیں (11) بچوں کو روزہ رکھنے ، افطار کرنے اور شب قدر کی دعا یاد کرائیں (12)بچّوں کے ساتھ مل کر قراٰنِ پاک کی تلاوت کریں (13) افطاری کے لئے دسترخوان لگاتے وقت بچّوں سے مدد لیجئے تاکہ ان میں روزوں کا شوق بڑھے (14)بچّوں کے ہاتھ سے صدقہ و خیرات کروائیں تاکہ ان میں بھی راہِ خدا میں خرچ کرنے کا شوق پیدا ہو (15) پڑوسیوں کے ہاں کھانے کی اشیاء اور افطاری وغیرہ بچوں کے ہاتھ بھجوائیں تاکہ وہ اچھا پڑوس نبھانے کے عادی بنیں (16) بچوں کو یہ ذہن دیجئے کہ رمضانُ المبارک گزرجانے کے بعد بھی اسی  طرح عبادت کرتے رہنا ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share