گھر کی سجاوٹ میں پردوں کا کردار

سلیقے کی باتیں

گھر کی سجاوٹ میں پردوں کا کردار

بنتِ غلام سرور عطاریہ   مدنیہ

ماہنامہ صفر المظفر1442ھ

مکان کو گھر بنانے کےلئےسازوسامان میں جہاں فرنیچر ، قالین ، ٹیبل ، کلرپینٹ وغیرہ اہم کردار ادا کرتے ہیں وہیں اس کی زینت و آرائش کو چار چاند لگاتے ہیں ، کمروں کے دروازوں ، کھڑکیوں ، دالان ، لائبریری ، صحن وغیرہ کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے والے خوش نما پردے ماحول کو خوب سے خوب تَر بنا دیتے ہیں جبکہ ضرورتاً  لگائے گئے ہوں۔

گھر کاانتظام و اُمورِ خانہ داری چونکہ خاتونِ خانہ کے ہاتھ میں ہوتے ہیں اور عموماً ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ بہترین نقش و نگار والے شاندار پردے لیکر آویزاں کئے جائیں۔ پردوں کے انتخاب کے لئے چند تجاویز پیشِ خدمت ہیں :

تَصَنُّع و بناوٹ سے بچئے : بلاضرورت دیواروں وغیرہ پر پردے لگانا دنیاوی تکلُّف ہے۔ (مراٰۃ المناجیح ، 6 / 199 ماخوذاً) پردوں کا بے جا استعمال نہ صرف پیسوں کا زیاں (یعنی ضائع کرنا) ہے  بلکہ دیکھنے والوں کو بھی گھٹن کا احساس دلاتا ہے اس لئے جہاں ضرورت ہو وہیں پردے لگائے جائیں۔

رنگوں کی زبان : پردے خریدتے وقت کمروں کے کلر اور فرنیچر کو مدِّ نظر رکھناچاہئے اگر آپ کا فرنیچر ڈارک کلرمیں ہے تو ہلکے رنگ کے پردے منتخب کیجئے ، آج کل نیلے ، سفید ، پَرپَل ، سُرمَئی اور گولڈن پردے زیادہ استعمال کئے جاتے ہیں ۔

اقسام : آج کل نِت نئے ڈیزائن کے نفیس ، سادہ ، باریک ، موٹے اور  ڈبل شیڈز کے دُہرے پردے مارکیٹ میں موجود ہیں جو کہ جالی ، نیٹ ، ساٹن ، سوتی ، ویلویٹ وغیرہ سٹف (Stuff) میں بنائے جاتے ہیں ۔

ایسے پردے جن پر جانداروں کی تصاویر بنی ہوں انکے استعمال سے گریز کیجئے کہ حضور ِاکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے جانداروں کی تصاویروالے پردے ناپسندفرماتے ہوئے ارشاد فرمایا : ان تصویروں والے(یعنی تصویریں بنانے والے اور ان کو شوقیہ رکھنے والے دونوں ہی) لوگ قیامت کےدن عذاب دیئے جائیں گے۔

(بخاری ، 2 / 21 ، حدیث : 2105 ، مراٰۃ المناجیح ، 6 / 198ملتقطاً)

صفائی وحفاظت : چاہے کتنی ہی مہنگی و بہترین چیز ہو وہ دیرپا ساتھ اسی وقت دےسکتی ہے جبکہ اس کو حفاظت و احتیاط سے استعمال کیاجائے ، پردوں کی صفائی ستھرائی ہماری اَوّلین ترجیح ہونی چاہئے ، پردے چونکہ روز روز نہیں دھوئے جاتے اس لئے ان کی روزانہ ڈسٹنگ نہایت ضروری ہے اورہر ماہ باقاعدگی سے پردوں کو دھونا چاہئے ایک سے زائد اقسام کے پردے ہوں تو گاہے گاہے انہیں تبدیل کرکے لگانا بھی نئے پَن کا احساس دلاتا ہے ۔

کفایت شعاری : تھوڑی سی محنت کرکے آپ کم پیسوں میں گھر میں ہی بہترین پردے تیار کرسکتی ہیں ۔ اس کے لئے آپ سادہ کپڑا لےکر اس پر بیل ، گوٹا ٹانک سکتی ہیں۔ لہٰذاکم قیمت کے معمولی پردے لےکر اگر ان پر ہینڈ ورکنگ کی جائے تو تھوڑے سے پیسوں میں بیش قیمت پردے گھرپر ہی بنا سکتی ہیں۔


Share

Articles

Comments


Security Code