پیغاماتِ امیرِ اہلِ سنّت

معیوب بیماریوں کا تذکرہ مت کیجئے

ماہنامہ مارچ2021

 (شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے آڈیو پیغام کے ذریعے ایک اسلامی بھائی کی عیادت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا : )

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیِّیْن

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

اللہ کر یم آپ کو شفائے کامِلہ ، عاجِلہ ، نافعہ عطا فرمائے ، غالباً آپ کا آپریشن ہوچکا ہے ، اللہ کریم آپ کو سکون بخشے ، اِن شآءَ اللہ آپ بہت جلد نارمل ہوجائیں گے ، اچھا بیٹا! صبر کرنا ، ہمت رکھنا۔ کچھ مدنی پھول بھی قبول کیجئے :

حضرت سیّدُنا عمر بن عبدالعزیز  رحمۃُ اللہ علیہ  کی بغل میں پھوڑے ہوئے ، کسی نے آزمانے کے لئے پوچھا : آپ کو کہاں تکلیف ہے؟ ارشاد فرمایا : ہاتھ کے اندرونی حصے میں۔ (احیاء العلوم ، 3 / 151) یعنی آپ نے بغل کا نام لینے میں شرم محسوس کی ، بعض لوگوں کو تو پتا نہیں کہاں کہاں تکلیف ہوتی ہے ، بس ہر ایک کو بولتے رہتے ہیں ، جیسے پیٹ جاری ہوجاتا ہے تو اس کو بولتے ہیں ، مجھے لوز موشن ہوگئے ہیں ، یہ بھی معیوب ہے۔ اسی طرح بعض ایسی جگہوں کے آپریشن ہوتے ہیں کہ جن کا نام نہ لیا جائے ، اچھا تصور نہیں بنتا لیکن لوگ بلا تکلف اُن جگہوں کے نام لے کر بول رہے ہوتے ہیں کہ مجھے یہاں تکلیف ہے ، یہ ہوگیا ہے ، وہ ہوگیا ہے وغیرہ۔ اگر کوئی پوچھے بھی کہ بھئی کیا ہوا ہے اور وہ جگہ پردے کی ہو تو کہہ دینا چاہئے کہ (مثلاً) پردے کی جگہ میں کوئی تکلیف تھی ، اس کا آپریشن ہوا ہے۔ لوگ کُریدتے ہیں تو ان کو اس طرح کا ہی جواب دیا جائے کہ پردے کی جگہ میں کوئی تکلیف تھی ، اس کا آپریشن ہوا ہے ، پھر مدنی پھول دے دیئے جائیں ، حیا کا درس دے دیا جائے تو مدینہ مدینہ۔

اپنی تکلیف کو چھپانا بھی بڑا ثواب کا کام ہے جیسے کسی کو کوئی مصیبت پہنچی ، بیماری پہنچی اور اس نے اسے اللہ پاک کی رضا کے لئے پوشیدہ رکھا اور لوگوں سے اس کی شکایت نہ کی تو اس کے لئے مغفرت کی بشارت ہے۔ (دیکھئے معجم الاوسط للطبرانی ، 1 / 214 ، حدیث : 737) جتنا ہوسکے آدمی اپنی مصیبت ، پریشانی چھپائے ، اللہ مجھے بھی توفیق دے ، میں بھی اچھا ہوجاؤں ، اپنی مصیبتیں چھپاؤں ، صرف شرم و حیا کی باتیں کروں ، اللہ کریم سے دعا کیجئے گا میری بے حساب مغفرت ہوجائے ، اس وقت آپ آزمائش میں  ہیں ،  تکلیف میں ہیں ، اللہ کریم  آسانی کردے ، اللہ کریم ہم سب کو عافیت نصیب فرمائے ، بیٹا! ہمت رکھنا اورمجھے اپ ڈیٹ دینا کہ اب طبیعت کیسی ہے۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code