Book Name:Faizan-e-Ghous-ul-Azam

(3)حضرت حَسَن بصری رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ   کی خوشخبری

حضرت حسن بصری رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے اپنے زَمانۂ مُبَارَک سے لے کر حضرت شیخ سَیِّدعبدُالقادر جیلانی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے زمانۂ مُبَارَک  تک تفصیل سے خبردی کہ جتنے بھی اَوْلیائے کرام رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ  عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن گُزرے ہیں، سب نے شیخ عبدُالقادرجیلانی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ (کے آنے کی ) کی خبردی ہے۔

(سیرت غوث الثقلین،ص۵۸)۔ (غوثِ پاک کے حالات،ص۲۲)

(4)حضرت شیخ ابوبکرہُواررَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ  کی خوشخبری

اسی طرح حضرت شیخ ابُوبکربن ہُوار رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہ نے ایک روز اپنے  مُریدین سے فرمایا: عنقریب عِراق میں ایک عَجَمِیْ شخص جو اللہ  پاک اور لوگوں کے نزدیک بلند مرتبے والا ہوگا، اُس کا نام عبدُالقادر ہوگا،وہ بَغْداد شریف میں رہائش اِخْتیار کرے گا،قَدَمِیْ ھٰذِہٖ عَلٰی رَقَبَۃِ کُلِّ وَلِیِّ اللہِ(یعنی میرایہ قَدم ہروَلی کی گردن پرہے) کا اِعْلان فرمائے گا اور زمانے کے تمام اَوْلیائے کرام رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن اس کے فرمانبردارہوں گے۔ (بہجۃالاسرار،ذکراخبارالمشایخ عنہ بذالک،ص۱۴)(غوثِ پاک کے حالات، ص۲۳)

صَلُّو ْا عَلَی الْحَبِیْب!                                           صَلَّی اللہُ  عَلٰی مُحَمَّد

پیارے پیارے اسلامی بھائیو!حضور غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ  پیدائشی وَلی تھے۔ آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ ابھی اپنی والدۂ محترمہ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا کے پیٹ مبارک میں تھے،والدۂ محترمہ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا کو جب چھینک آتی،اس پر وہ”اَلْحَمْدُلِلّٰہ“کہتیں، تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ پیٹ ہی میں جواباً یَرْحَمُکِ اللّٰہُکہتے،آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہ یکُم رَمَضَانُ الْمُبارَک صبحِ صادِق کے وَقْت دُنیا میں تشریف لائے، اُس وَقْت ہونٹ آہستہ آہستہ حرکت کر رہے تھے اور اللہ اللہ کی آواز آرہی تھی۔(منے کی لاش ، ص۴۔۵)