Book Name:Safar e Meraj 27th Rajab 1442

ان میں حضرت مُوسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام بھی مَوْجُود تھے اور حُضُور  صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  جب بُراق پر تشریف فرما ہو کر آسمانوں پر  پہنچے ، وہاں دیگر انبیائے کرام عَلَیْہِمُ  السَّلَام کے ساتھ حضرت مُوسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام سے چھٹے آسمان پر ملاقات ہوئی ، اس سے مَعْلُوم ہوا! انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کو اللہ پاک نے ایسی طاقت عطافرمائی ہے کہ نُوری بُراق بھی ان کی نَبوی طاقت کا مُقابلہ نہیں کر سکتا ، نیز یہ بھی مَعْلُوم ہوا! اللہ پاک کے تمام انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام بااختیار ہیں ، اللہ پاک نے انہیں یہ اختیار دے رکھا ہے کہ وہ جب چاہیں جہاں چاہیں جا سکتے ہیں ، جب دِیگر انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کی طاقت کا یہ عالَم ہے تو ہمارےآقا ، مکی مَدَنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم تو تمام انبیاء کےبھی امام ہیں اور سب کے سردار بھی ہیں ، ان کی طاقت و اختیار کا اندازہ کون کر سکتا ہے؟ آقا  صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم   کا یہ فرمانا کہ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام اپنی قبر میں کھڑے نماز پڑھ رہے تھے ، تو جس مصطفےٰ  کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی نگاہ ِ مُبارَک سے قبر کے اندر کے حالات پوشیدہ نہیں ، تو اُس مصطفےٰ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی نگاہ ِ مُبارَک سے کائنات کی کوئی بھی چیز پوشیدہ نہیں ، جو قبر کے اندر کے حالات جانتے ہیں وہ ہمارے دلوں کے حالات بھی جانتے ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا ! آقا  صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  بھی اپنی قبرِ مُنور میں حیات ہیں کیونکہ اگر حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام سینکڑوں سال پہلے اس دارِ فانی سے پردہ فرما کر اپنی قبر میں کھڑے ہو کر نماز پڑھ رہے ہیں تو ہمارے آقا  صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم   تو حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کےبھی   امام اور سردار ہیں۔