Book Name:Ghous Pak Ki Ibadat o Riyazat

یٰۤاَیُّهَا  الَّذِیْنَ  اٰمَنُوا  اتَّقُوا  اللّٰهَ  حَقَّ  تُقٰتِهٖ  وَ  لَا  تَمُوْتُنَّ  اِلَّا  وَ  اَنْتُمْ  مُّسْلِمُوْنَ(۱۰۲) ۴ ، آل عمران : ۱۰۲)

تَرْجَمَۂ کنز العرفان : اے ایمان والو ! اللہ سے ڈرو جیسا اس سے ڈرنے کا حق ہے اور ضرور تمہیں موت صرف ایمان کی حالت میں آئے۔

پیارے پیارے اسلامی بھائیو! جس طرح قرآنِ کریم میں خوفِ خدا کی اہمیت بیان کی گئی  اسی طرح احادیثِ مبارکہ میں بھی جابجا خوفِ خدا کی فضیلت اوراس کے احکام بیان فرمائے گئے ہیں لہٰذا خود کو گناہوں سے بچانے اور دل میں خوفِ خدا جگانے کے لئے چند احادیث مبارکہ سنئے۔

حضرت  انس رَضِیَ اللہُ  عَنۡہُ سے مروی ہے کہ رحمتِ کونین صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : “  اللہ پاک فرمائے گا کہ اسے آگ سے نکالو جس نے مجھے کبھی یاد کیا ہو یا کسی مقام میں میرا خوف کیا ہو۔ “ (شعب الایمان ، باب فی الخوف من اللہ تعالیٰ ، ۱ / ۴۶۹ ، حدیث : ۷۴۰)

سردارِ دو جہان ، محبوبِ رحمن صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عبرت نشان ہے : “ اللہ پاک سے ڈرتا ہے ، ہر چیز اس سے ڈرتی ہے اور جو اللہ پاک کے سوا کسی سے ڈرتا ہے تو اللہ پاک اسے ہر شے سے خوف زدہ کرتا ہے۔ “ (شعب الایمان ، باب فی الخوف من اللہ تعالیٰ ، ۱ / ۵۴۱ ، حدیث : ۹۷۴)

پیارے پیارے اسلامی بھائیو! بیا ن کردہ آیاتِ مبارکہ اور احادیثِ شریفہ سن کر اے کاش! ہمارے دلوں پر پڑا غفلت کا پردہ چاک ہو جائے اور امیدِ رحمت کے ساتھ ساتھ ہمیں صحیح معنوں میں خوفِ خدا بھی نصیب ہوجائے ، اپنے پروردگار  کی ناراضیوں کا ہر دم دھڑکالگا رہے اور اے کاش!ہم نَزْع کی سختیوں ، موت کی تلخیوں ، قبر کی اندھیریوں اور وَحشتوں ، میدانِ قِیامت میں چھوٹی چھوٹی باتوں کی بھی پُرسِشوں کے خوف سے ہر وقت لرزاں وترساں رہنے والے بن جائیں۔

صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیب! صلَّی اللہُ عَلٰی محمَّد