Book Name:Ghous Pak Ki Ibadat o Riyazat

ایک خوفناک حِکایت سنئے اور غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  کی استِقامت پر عقیدت سے سر دُھنئے چُنانچِہ حُضور شَہَنْشاہِ بغداد سر کا رِ غو ثِ پاک شیخ عبد القادر جیلانی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  فرماتے ہیں ، ایک بار میں جامِعِ منصور میں مصروفِ نَماز تھا کہ سانپ آگیا اور اُس نے میرے سَجدے کی جگہ پر سر رکھ کر مُنہ کھول دیا ۔ میں نے اُسے ہٹاکرسَجدہ کیا مگر وہ میری گردن سے لِپَٹ گیا پھر وہ میری ایک آستین میں گھُس کردو سری آستین سے نکلا ، نَماز مکمّل کرنے کے بعد جب میں نے سلام پھیراتو وہ غائب ہوگیا ۔ دوسرے رو ز جب میں پھر اُسی مسجِد میں داخِل ہوا تو مجھے ایک بڑی بڑی آنکھوں والا آدَمی نظر آیا میں نے اُسے دیکھ کر اندازہ لگالیا کہ یہ شخص انسان نہیں بلکہ کوئی جِنّ ہے ۔ وہ جنّ مجھ سے کہنے لگا کہ میں آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  کو تنگ کرنے والا وُہی سانپ ہوں ۔ میں نے سانپ کے رو پ میں بَہُت سارے اولیاء ُاللہ رَحِمَہُمُ اللہُ کو آزمایا ہے مگر آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  جیسا کسی کو بھی ثابِت قدم نہیں پایا ۔ پھر وہ جِنّ آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  کے دستِ حق پرست پر تائب ہوگیا ۔

 (بَھجۃ الأسرار ، ص ٦٩ ١ )

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ!                                               صَلَّی اللہُ  عَلٰی مُحَمَّد

پیارے پیارے اسلامی بھائیو!آپ نے سنا کہ ہمارے مرشِدِ کامِل ، سرکارِ بغداد شیخ عبد القادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ  عَلَیْہ کی بھی کیا شان ہے! سانپ نماز کی حالت میں آپ کے سامنے آگیا اور سجدے کی جگہ پر بیٹھ گیا مگر آپ نماز پڑھتے رہے۔ آہ ! ایک ہماری نَماز ہے کہ نماز میں ہم جسمانی طور پر تو مسجد میں ہوتے ہیں مگر ذہن ہمارا کہیں اور ہوتا ، کوئی اپنے کاروبار میں الجھا ہوتا ہے کسی کا دھیان اپنے کام کی طرف ہوتا ہے کوئی اپنے گھریلو مسئلوں میں کھویا ہوتا ہے ، اے کاش! ہمیں بھی خشوع و خضوع سے نماز پڑھنے کی توفیق نصیب ہوجائے۔ اس واقِعہ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جنّات بھی ہمارے غوثُ الا عظم رَحْمَۃُ اللہِ  عَلَیْہ کے مُریدبن جاتے ہیں۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب!                                                                    صَلَّی اللہُ  عَلٰی مُحَمَّد