Book Name:Ghous Pak Ki Ibadat o Riyazat

آیئے حضورشیخ عبد القادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ  عَلَیْہ کی زندگی کے چند گوشوں کے بارے میں سماعت کرتے ہیں۔

 غوثِ اعظم کےالقاب اور آپ کے والدین کے نام

حضرت غوْثُ الْاَعْظَم شیخ عبدُالقادر جِیلانی رَحْمَۃُ اللہِ  عَلَیْہ کی ولادتِ باسعادت یکم رمضان ۴۷۰ھ جمعۃ المبارک کوجیلان میں ہوئی ۔ آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  کی کنیت ابومحمد ہے اور مُحِیُّ الدّین ، محبوبِ سبحانی ، غوثِ اعظم ، غوثِ ثَقَلَیْن وغیرہ آپ کے القابات ہیں۔ آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  کے والدِ بزرگوار کانام حضرت  ابوصالح موسیٰ جنگی دوست اور والدہ محترمہ کا نام اُمُّ الخیر فاطمہ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہَاہے ، آپ والد کی طرف سے حَسَنی اور والدہ ماجِدہ کی طرف سے حُسینی سَیِّد ہیں۔

 حُلیہ مبارک :

آپ کے حُلیۂ مبارک کے بارے میں حضرت شیخ ابو محمد عبداللہ بن احمد بن قدامہ مقدسیرَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  فرماتے ہیں کہ ہمارے امام شیخ الاسلام مُحِیُّ الدینسَیِّد عبدُالقادر جیلانی ، قطبِ ربانی ، غوثِ صَمَدَانی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  ضعیفُ البدن ، میانہ قد ، فراخ سینہ ، چوڑی داڑھی اوردرازگردن ، رنگ گندمی ، ملے ہوئے ابرو ، سیاہ آنکھیں ، بلند آواز ، اوروَافِرِ علم و فضل تھے۔ (بہجة الاسرار ، ذکرنسبه  وصفته ، ص۱۷۴)

چالیس سال تک عشاء کے وضو سے نمازِفجرادافرمائی :

                   شیخ ابو عبداللہ محمد بن ابو الفتح ہروی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  فرماتے ہیں کہ ’’میں نے حضرت شیخ مُحِیُّ الدّین سَیِّد عبدالقادر جیلانی ، قُطبِ ِرَبَّانی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  کی چالیس سال تک خدمت کی ، اس مُدَّت میں آپ عشاء کے وضو سے صبح کی نماز پڑھتے تھے اور آپ کا معمول تھا کہ جب بے وضو ہوتے تھے تو اسی وقت وضوفرماکر دو رکعت نمازنفل پڑھ لیتے تھے۔                        

 (بھجة الاسرار ، ذکرطریقه ، ص۱۶۴)