Book Name:Ghous Pak Ki Ibadat o Riyazat

پیارے پیارے اسلامی بھائیو! آپ نے سُنا کہ ہمارے غوث پاک کا معمول تھا کہ آپ جب بھی وضو فرماتے تو دو رکعت نفل پڑھ لیتے ، حدیث پاک میں وضو کے بعد دورکعت نفل پڑھنے کی فضیلت آئی ہے آپ  بھی سماعت فرمالیجئے ۔ چنانچہ

ایک بار حضورِ اَقْدَس صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت بلال رَضِیَ اللہُ  عَنْہُ  سے ارشاد فرمایا : “ اے بلال ! کیا سبب ہے کہ میں جنّت میں تشریف لے گیا تو تم کو آگے آگے جاتے دیکھا ۔ “ عرض کی : یارسولَ الله صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم میں جب وُضو کرتا ہوں ، دورکعت نفل پڑھ لیتا ہوں۔ فرمایا : یہ ہی سبب ہے !(بخاری ، کتاب التھجد ، باب فضل الطہور…الخ ، الحدیث ۱۱۴۹ ، ج۱ ، ص۳۹۰ ، ملخصاً)

اس روایت سے معلوم ہوا کہ “ تَحِیَّۃُ الْوُضُو “ ادا کرنے کی بہت بڑی فضیلت ہے ، امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ “ 72 نیک اعمال “ میں سے نیک عمل نمبر20میں اس فضیلت کوپانے کےلیے اِرشاد فرماتے ہیں : کیا آج آپ نے کم از کم ایک ایک بار تحِیَّۃُ الوُضو اور تَحِیَّۃُ المَسجِد ادا فرمائی؟

 آپ بھی نیت کرلیجئے کہ جب بھی وضو کریں اگر مکروہ وقت نہ ہو تو دورکعت نماز “ تَحِیَّۃُ الْوُضُو “ ادا کرلیں اِنْ شَآءَ اللہاجر و ثواب کا خزانہ ہاتھ آئے گا۔  

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب!                             صَلَّی اللہُ  عَلٰی مُحَمَّد

پندرہ سال تک ہررات میں ختمِ قرآن ِمجید :

پیارے پیارے اسلامی بھائیو! حضور غوثِ پاک شیخ عبد القادر جیلانی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ بہت زیادہ عبادت و ریاضت اور قرآن مجید کی تلاوت کیا کرتے تھے ۔  چنانچہ منقول ہے کہ حضور غَوْثُ الثَّـقَلَیْـن رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  پندرہ سال تک رات بھر میں ایک قرآنِ پاک ختم کرتے رہے۔                 (بہجةالاسرار ، ذکرفصول من کلامه…الخ ، ص۱۱۸)

اسی طرح یہ بھی منقول ہے کہ آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ روزانہ ایک ہزار رکعت نفل ادا فرماتے تھے۔ ‘‘       (تفریح الخاطر ، ص۳۶)