Book Name:Khwaja Garib Nawaz Aur Neki Ki Dawat

ہمارے مُحَمَّد صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  سے محبت کا دعویٰ کرتا ہے ، اُن کی اُمّت بنتا ہے مگر اُن کی سُنّت تَرْک کرتا ہے؟ شیخ اَجَل رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ نے اسی وقت قسم کھائی کہ اب مرتے دَم تک کوئی سُنّت تَرْک نہیں کروں گا۔ چنانچہ آپ نے ایسا ہی کیا۔

اس وقت کے بعد ایک روز میری(یعنی خواجہ غریب نواز رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہکی) شیخ اَجَل رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ سے ملاقات ہوئی ، آپ پریشان تھے ، میں نے پریشانی کی وجہ پوچھی تو فرمایا : اس روز مجھ سے انگلیوں کا خِلال رِہ گیا تھا ، اس لئے فِکْر مند ہوں کہ روزِ قیامت نبی اکرم ، نُورِ مجسم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کو یہ منہ کیسے دکھاؤں گا...!!

خواجہ غریب نواز رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ نے درس کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے فرمایا : وُضُو میں ہر عُضْو کو 3 مرتبہ دھونا سُنّت ہے۔ حدیثِ پاک میں ہے : ہر عُضْو کو3 مرتبہ دھونا میری اور مجھ سے پہلے نبیوں کی سُنّت ہے۔ ([1])

ایک دِن حضرت فضیل بن عیاض رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ وُضُو کر رہے تھے ، آپ نے ہاتھ 2 مرتبہ دھوئےاورباقِی وُضُو کر کے نماز ادا کی۔ اسی رات خواب میں اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی زیارت نصیب ہوئی ، غیب جاننے والے نبی ، مکی مدنی ، مُحَمَّد عربی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  نے فرمایا : مجھے تو تعجب ہے کہ تمہارے وُضُو میں کمی رِہ جائے۔ حضرت فضیل بن عیاض رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ یہ فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  سُن کر خوف سے جاگ گئے ، فوراً تازہ وُضُو کیا ، نماز بھی دُہرائی ، اور یہ ایک سُنّت رِہ جانے کے کفارے میں ایک سال تک روزانہ 500 رکعت نفل پڑھنے کی پکّی نیت کر لی۔ ([2])


 

 



[1]...ابن ماجہ ، کتاب الطہارۃ ، باب : ماجاء فی الوضو ، صفحہ : 79 ، حدیث : 420۔

[2]...دلیل العارفین ، صفحہ : 6۔