Book Name:Ibadat Ki Lazzat Kaisay Hasil Ho?

لذیز چیزیں کھاتے رہنا دِل کی سختی کا باعِث ہے

پیارے اسلامی بھائیو!  زیادہ کھانا بھی دِل کو سخت کرتا ہے ، اس لئے جو لذّتِ عبادت کا طلبگار ہے ، اسے چاہئے کہ بھوک سے کم کھانے کی عادت اپنائے۔ حضرت ابراہیم بن اَدھم رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں : میں کوہِ لبنان میں کئی اَوْلیائے کرام کی صحبت میں رہا ، ان میں سے ہر ایک نے مجھ سے یہی کہا : جب لوگوں میں جاؤ تو انہیں چار باتوں کی نصیحت کرنا ، ان میں ایک نصیحت یہ تھی کہ جو زیادہ کھائے گا ، اسے عِبَادت کی لذّت نصیب نہیں ہو گی۔ ([1])  

حضرت امام محمد بن محمد غزالی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں : راہِ آخرت پر چلنے والے بزرگانِ دین رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہم کی مبارک عادت تھی کہ وہ سالن ہمیشہ نہیں بلکہ کبھی کبھار ہی کھاتے تھے اور نفس کی خواہشات سے بچتے تھے کیونکہ انسان اگر خواہِش کے مطابق لذیذ چیزیں کھاتا رہے تو اس سے اُس کا نفس سرکش  ہو جاتا ہے اور دِل میں سختی پیدا ہوتی ہے۔ ([2])

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                   صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

3 چیزیں چھوڑنے سے  لذّتِ عبادت مل گئی

حضرت احمد بن حرب رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں : میں 50 سال اللہ پاک کی عبادت کرتا رہا ، میں نے 3 چیزوں کو چھوڑا تو عبادت کی لذّت مِل گئی؛ (1) : میں نے لوگوں کی رِضا کو چھوڑ دیا (یعنی لوگ کیا کہیں گے اس  کی فِکْر چھوڑ کر یہ ذہن بنا لیا کہ میرا اللہ پاک کس بات میں راضی ہے) (2) : میں نے فاسِقَوں (یعنی اعلانیہ گناہ کرنے والوں) کی صحبت کو چھوڑا اور نیک لوگوں کی صحبت اختیار کی (3) : میں نے دُنیا کی لذّت کو چھوڑا ، یہاں تک کہ آخرت کی لذّت حاصِل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ ([3])


 

 



[1]...منہاج العابدین مترجم ، صفحہ : 260۔

[2]...احیاءُالعلوم مترجم ، جلد : 3 ، صفحہ : 280۔

[3]...تاریخ الاسلام ، جلد : 6 ، صفحہ : 184۔