Book Name:Shab e Meraj Nawazshat e Mustafa

فرشتوں کے دو مسائِل حل ہو گئے، اب حضرت جبریل امین عَلَیْہِ  السَّلَام  نے تیسرا مسئلہ پیش کیا: وَ مَا الْمُنْجِیَاتُ (یا رسولَ اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم!) نجات دلانے والی چیزیں کیا ہیں؟ محبوبِ رَبّ، سلطانِ عرب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:خَشْیَۃُ اللہِ فِی السِّرِّ وَ الْعَلَانِیَۃِ تنہائی میں اور سب کے سامنے (ہر حال میں) اللہ پاک سے ڈرتے رہناوَ الْقَصْدُ فِی الْفَقْرِ وَ الْغِنٰی تنگی وآسانی، غربت و مالداری (ہر حال میں) میانہ روی اختیار کرنا وَالْعَدْلُ فِی الْغَضَبِ وَ الرِّضیٰ یعنی غُصّے کی حالت ہو یا خوشی کی کیفیت ہو (ہر حال میں) انصاف قائِم رکھنا۔

یہ تین مسائِل حل ہو گئے، اب حضرت عزرائیلعَلَیْہِ  السَّلَام  نے عرض کیا: وَ مَا الْمُہْلِکَاتُ یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! ہلاکت میں ڈالنے والی چیزیں کیا ہیں؟ فرمایا: شُحٌّ مُطَاعٌ کنجوسی جس کی پیروی کی جائےوَ ہَويً مُتَّبَعٌ خواہش جس کی اِتِّباع کی جائے وَ اِعْجَابُ الْمَرءِ بِنَفْسِہٖ اور بندے کا اپنے آپ کو اچھا سمجھنا (یعنی خود پسندی کا شکار ہو جانا)۔([1])

 اے عاشقانِ رسول !یہ کل 12 چیزیں ہیں۔ فرشتے 1000 سال سے مسائِل میں غور و فِکْر کر رہے تھے، آج کی رات ہمارے آقا و مولیٰ، مُحَمَّد مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرشتوں کے مسائِل حل فرمائے اور انہیں یہ 12 باتیں ارشاد فرمائیں۔ زہے نصیب! آج معراج کی رات ہم ان 12 باتوں کو معراج کا تحفہ سمجھ کر قبول کریں اور اپنی زِندگی میں نافِذکرنے میں کامیاب ہو جائیں۔


 

 



[1]...ترمذی، کتاب تفسیر القرآن، صفحہ:747، حدیث:3234بتغیر قلیل، عصیدہ، صفحہ:236-237۔