Book Name:Shab e Meraj Nawazshat e Mustafa

اے عاشقانِ رسول ! ہم نے نوازشاتِ مصطفےٰ کا بیان سُنا، یقیناً پیارے آقا، مدینے والے مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی ہم پر بہت عنایات ہیں، دیکھئے! معراج کی رات بھی حُضُور جانِ کائنات صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے لمحہ لمحہ ہم غُلاموں کو یاد رکھا، اب ہمیں بھی چاہیے کہ ہم بھی اپنے پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی سچی غُلامی کا عملاً ثبوت دیں، نماز ہمارے آقا کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، ہمیں بھی چاہئے کہ ہم بھی خوب نمازیں پڑھیں، گُنَاہ بخشوانے والے اَعْمَال اپنائیں، درجات بلند کروانے والے اَعْمَال اپنائیں، نجات دلانے والے اَعْمال اپنائیں، اللہ و رسول صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی رضا والے کام کریں اور جنّت کے  حق دار بننے کی کوشش کیا کریں۔

شَبّ معراج کے مشاہدات

پیارے اسلامی بھائیو!  معراج کی رات ہمارے پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ آلِهٖ وَ سَلَّم نے جنّت کی سیر بھی فرمائی اور دوزخ کو بھی ملاحظہ فرمایا، آئیے!   آخر میں چند مُشَاہَداتِ معراج بھی سُن لیتے ہیں۔ چنانچہ

موتیوں سے بنے ہوئے گنبد نُما خیمے

روایات میں ہے:جنت میں آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  نے موتیوں سے بنے ہوئے گنبد نُما خیمے مُلاحظہ فرمائے جن کی مِٹی مُشک تھی۔ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  نے حضرتِ جبریل عَلَیْہِ السَّلَام سے دَرْیَافت فرمایا: لِمَنْ ھٰذَا یَا جِبْرِیْل یعنی اے جبریل! یہ کس کے لئے ہیں؟عرض کیا: یہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی اُمَّت کے ائمہ اور مُؤذِّنین کے لئے ہیں۔([1])


 

 



[1]...مسند للشاشی، مسند عبادۃ بن الصامت، جلد:3، صفحہ:321، حدیث:1428۔