Book Name:Tilawat e Quran Kay Shoqeen

امام نَافِع رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه کا شوقِ تلاوت

امام نَافِع مدنی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه قراءَت کے امام ہیں ، آپ پہلے غُلام ہوا کرتے تھے ، پھر اللہ پاک نے آپ کو آزادی کی نعمت عطا فرمائی ، امام نافع رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے 70 تابعین سے قرآنِ کریم پڑھنے کی سعادت حاصِل کی ، پھر ساری زِندگی قرآنِ کریم پڑھاتے ہوئے گزار دی۔ مسجدِ نبوی شریف میں 70 سال تک دَرْسِ قرآن دیتے رہے۔ جب آپ رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه قرآنِ کریم پڑھاتے تو منہ سے خوشبو آتی تھی ، کسی نے پوچھا : کیا آپ خوشبو لگاتے ہیں؟ فرمایا : نہیں ، میں خوشبو نہیں لگاتا ، ایک مرتبہ مجھے خواب میں سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ آلِهٖ وَ سَلَّم کی زیارت نصیب ہوئی ، خوشبودار نبی ، مکی مدنی ، مُحَمَّد عربی صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ آلِهٖ وَ سَلَّم میرے منہ کے قریب ہو کر تِلاوت فرما رہے تھے ، اسی دِن سے میرے منہ سے خوشبو آتی ہے۔ ([1])

امام ابو بکر رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه کا شوقِ تلاوت

امام ابو بکر بن عَیّاش رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه بھی قراءَت کے بہت بڑے امام ہیں ، آپ نے ساری زِندگی قرآنِ کریم پڑھتے پڑھاتے گزاری ، آپ رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه کا 40 سال یہ معمول رہا کہ روزانہ ایک ختمِ قرآن کیا کرتے تھے۔ ([2]) 50 سال تک آپ کے لئے بستر نہیں بچھایا گیا۔ ([3]) روزانہ رات کو عبادت کرتے۔ جب آپ کی وفات کا وقت آیا تو آپ کی بہن رونے لگیں ، آپ رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے فرمایا : کیوں روتی ہو...؟ پھر مکان کے ایک کونے کی طرف اشارہ کر کے فرمایا : میں نے اس جگہ 18 ہزار قرآنِ مجید ختم کئے ہیں۔ ([4])


 

 



[1]...مَعْرِفَۃُ قُرَّاءِ الْکِبَارللذَہَبی ، جلد : 1 ، صفحہ : 108۔

[2]...سِیَر اَعْلَامُ النُّبَلا ، جلد : 7 ، صفحہ : 686۔

[3]... سِیَر اَعْلَامُ النُّبَلا ، جلد : 7 ، صفحہ : 683۔

[4]... سِیَر اَعْلَامُ النُّبَلا ، جلد : 7 ، صفحہ : 686ملتقطاً۔