Book Name:Qabren Pegham-e-Fana Deti Hain
وہ سلامت رہا قیامت میں پڑھ لئے جس نے دِل سے چار سلام([1])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
حدیثِ پاک میں ہے : اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیّات اَعْمَال کا دار ومدار نیتوں پر ہے۔ ([2])
پیارے اسلامی بھائیو! اچھی نیت اَفْضَل ترین عَمَل ہے۔ آئیے! بیان سننے سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کر لیتے ہیں۔ نیت کیجئے : * نگاہیں نیچی کئے تَوَجُّہ کے ساتھ بیان سُنوں گا * عِلْمِ دین کی تعظیم کی خاطر جتنی دیر ہو سکا دوزانو (یعنی نماز میں اَلتَّحِیَّات پڑھتے ہوئے جس طرح بیٹھتے ہیں ، ایسے) بیٹھوں گا * ضرورتاً سِمَٹ ، سرک کر دوسروں کے لئے جگہ کشادہ کروں گا * دھکا وغیرہ لگا تو صبر کروں گا * بیان کے بعد خود آگے بڑھ کر مسلمانوں سے سلام کروں گا * ہاتھ ملاؤں گا * اور نیکی کی دعوت پیش کروں گا۔ اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
اے عاشقانِ رسول ! * آج شَبِ براءَت یعنی نجات کی رات ہے * آج بھلائیوں والی ، برکتوں والی ، عظمتوں والی رات ہے * رحمتوں کی چھما چھم برسات ہے * آج بخشش و مغفرت کی رات ہے * اس رات رَبِّ کائنات اپنے بندوں پر خوب رحمتیں نازِل فرماتا ہے * آج دُعاؤں کی قبولیت کی رات ہے * آج روزی تقسیم ہونے کی رات ہے۔
آئی شَبِ براءَت ، یہ ہے برکتوں کی رات لطف وکرم کی رات ہے ، یہ رحمتوں کی رات
بارانِ فضل ہوتا ہے اس شب کو ہر گھڑی خوش بخت ہے جسے ملی یہ عظمتوں کی رات
جو چاہتے ہو ، تم کو کرے گا خدا عطا اس کی عنایتوں کی ہے یہ نعمتوں کی رات