Book Name:Nafarmani Ka Anjam

نافرمانیاں چھوڑ کر اللہ و رسول (صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ آلِهٖ وَ سَلَّم) کی رضا والے کاموں میں لگ جائیں۔

تُو بس رہنا سدا راضی ، نہیں ہے تابِ ناراضی                  تو نا خوش جس سے ہو برباد ہے تیری قسم مولیٰ!

صحابئ رسول حضرت عبد اللہ بن عباس رَضِیَ اللّٰهُ عَنْه فرماتے ہیں : اے گنہگار! تُو گُنَاہ کے بُرے انجام سے کیوں بےخوف ہے؟ ہاں! ہاں! گُنَاہ کی تلاش میں رہنا گُنَاہ کرنے سے بھی سخت ہے۔ تیرا کراماً کاتبین یعنی اَعْمَال لکھنے والے فرشتوں سے حیا نہ کرنا اور گُنَاہ پر قائِم رہنا بہت بڑا گُنَاہ ہے۔ تیرا گُنَاہ کر لینے پر خوش ہونا ، قہقہے لگانا اس سے بھی بڑا گُنَاہ ہے ، گُنَاہ کرتے ہوئے تیز ہوا کے جھونکے سے دروازے کا پردہ اُٹھ جائے تو تُو ڈر جاتا ہے مگر اللہ پاک تجھے دیکھ رہا ہے ، اس بات سے نہیں ڈرتا۔ ہاں! ہاں! تُو نہیں جانتا کہ اللہ پاک تیرے ساتھ کیا سلوک فرمانے والا ہے؟([1])

گُنَاہ گویا درندے ہیں

امام محمد بن محمد غزالی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه فرماتے ہیں : نُورِ بصیرت سے اپنے باطِن کو دیکھو! تمہارا باطِن طرح طرح کے درندوں کے گھیرے میں ہے۔ غُصّہ ، شہوت ، کینہ ، حسد ، تکبر ، خود پسندی ، ریاکاری ، یہ سب درندے ہیں ، آج تمہیں ان درندوں کے کاٹنے کی تکلیف محسوس نہیں ہوتی مگر مرنے کے بعد قبر میں پردہ اُٹھ جائے گا ، تم ان درندوں کو دیکھ لو گے۔ ہاں! تم اپنی آنکھوں سے دیکھو گے کہ گُنَاہوں نے بچھوؤں اور سانپوں کی شکلوں میں تمہیں گھیر لیا ہے ، یقین مانو! یہ بُری خصلتیں ، گندی عادتیں در حقیقت خوفناک درندے ہی ہیں ، جو اس وقت تمہارے ساتھ موجود ہیں لیکن ان کی بھیانک شکلیں تمہیں قبر ہی میں نظر آئیں گی ، اچھا یہی ہے کہ موت سے پہلے پہلے ان درندوں کو مار ڈالو! گُنَاہ چھوڑ دو! ([2])


 

 



[1]...جہنّم میں لے جانے والے اعمال ، جلد : 1 ، صفحہ : 61تقدیم و تاخیر۔

[2]...احیاءُالعلوم مترجم ، جلد : 4 ، صفحہ : 559۔