Book Name:Nafarmani Ka Anjam

اللہ پاک قرآنِ کریم میں اسی عبرتناک واقعہ کے متعلق فرماتا ہے :

فَجَعَلْنٰهَا نَكَالًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهَا وَ مَا خَلْفَهَا وَ مَوْعِظَةً لِّلْمُتَّقِیْنَ(۶۶)  (پارہ : 1 ، البقرۃ : 66)

ترجمہ کنز الایمان : تو ہم نے اس بستی کا یہ واقعہ اس کے آگے اور پیچھے والوں کے لئے عبرت کر دیا اور پرہیز گاروں کے لئے نصیحت۔

 معلوم ہوا   اس واقعہ میں عبرت  اور نصیحت ہے ، لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم اس سے عبرت پکڑیں ، اللہ پاک کے حُضُور رجوع لائیں ، تَوبہ کریں ، نیکیاں کریں اور اللہ پاک اور اس کے پیارے محبوب  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کی نافرمانی سے ہر دَم بچتے رہیں کہ اللہ و رسول کی نافرمانی دُنیا و آخرت میں ذِلَّت و  رُسْوائی کا سبب ہے۔ حضرت امام حسن بصری رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه فرمایا کرتے تھے : اے اِبْنِ آدم! تیری ہلاکت ہو...! کیا تُو اللہ پاک سے مقابلہ کرنا چاہتا ہے؟ ہاں! ہاں! جس نے اللہ پاک کی نافرمانی کی گویا اس نے اللہ پاک سے جنگ کی۔ ([1])

گناہوں سے مجھ کو بچا یااِلٰہی!                        بُری عادتیں بھی چھڑا یااِلٰہی!

خطاؤں کو میری مٹا یااِلٰہی!                         مجھے  نیک  خصلت  بنا  یااِلٰہی!([2])

نافرمانی لعنت برسنے کا سبب ہے

پارہ : 6 ، سورۂ مَائِدَہ ، آیت : 78 میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے :

لُعِنَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا مِنْۢ بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ عَلٰى لِسَانِ دَاوٗدَ وَ عِیْسَى ابْنِ مَرْیَمَؕ-ذٰلِكَ بِمَا عَصَوْا وَّ كَانُوْا یَعْتَدُوْنَ(۷۸)

ترجمہ کنزُ الایمان : لعنت کئے گئے وہ جنہوں نے کفر کیابنی اسرائیل میں داؤداور عیسیٰ بن مریم کی زبان پر یہ بدلہ ان کی نافرمانی اورسرکشی کا ۔


 

 



[1]...عُیُون الحکایات ، حصہ اوّل ، صفحہ : 52۔

[2]...وسائِلِ بخشش ، صفحہ : 100۔