Book Name:Ramzan Mubarak Kesay Guzaren

(2) : رمضان المبارک میں غفلت سے بچئے

حضرت  ابو ہریرہ  رَضِیَ اللہُ عنہ  سے روایت ہے ، سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   نے فرمایا : اس ذات کی قسم جس کے نام کی قسم اٹھائی جاتی ہے! بے شک تم پر ایک بہترین مہینا سایہ کرنے والا ہے ، یہ وہ مہینا ہے کہ مسلمانوں کے پاس اس سے بہتر مہینا نہیں آتا اور منافقوں کے پاس اس سے زیادہ نقصان دِہ مہینا کبھی نہیں  آتا۔

پھر پیارے نبی ، رسولِ ہاشمی  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   نے اپنے اس فرمانِ عالی شان کی وَضاحت کرتے ہوئے فرمایا : بے شک  جب ماہِ رمضان آتا ہے تو مسلمان اپنی قُوَّت کو عبادت کے لئے جمع کر لیتا ہے جبکہ منافق اپنے اوپر غفلت اَوْڑھ لیتا ہے ، پس یہ مہینا مسلمانوں کے لئے غنیمت اور منافقوں کے لئے بوجھ (Burden)ہے۔ ([1])

پیارے اسلامی بھائیو!  الحمدُللہ! رمضانُ المبارک کی آمد ہوتی ہے تو مسجدوں میں رونق لگ جاتی ہے ، تلاوت کرنے والوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے ، عبادت گزاروں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے ، وہ لوگ جو پُورا سال نمازوں کی طرف نہیں آتے ، انہیں بھی  ہدایت ملتی ہے ، وہ بھی مسجدوں کی طرف بڑھ جاتے ہیں ، البتہ لوگوں کی ایک تعداد ہے جو رمضان المبارک میں بھی غفلت کی چادر اَوْڑھ کر رکھتے ہیں ،  رمضان المبارک میں بھی مسجدوں کا رُخ نہیں کرتے ، اللہ پاک ہم سب کو نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، ہم منافقوں والے کاموں سے بچیں ، نیکیاں کریں اور نیک بندوں کی پیروی اختیار کریں۔

نصیب  تیرے کرم سے چمک اُٹھا یارَبّ!        جہاں میں پھر مہِ رمضان آگیا یارَبّ!


 

 



[1]... موسوعہ ابن ابی الدنیا ، فضائل شہر رمضان ، جلد : 1 ، صفحہ : 365 ، حدیث : 16۔