Book Name:Ramzan Mubarak Kesay Guzaren

یہ 3 اَوْقات جو عُمُوماً غفلت کی نذر ہو جاتے ہیں ، ان اوقات کو عبادت میں ، اچھے کاموں میں گزارنے کی کوشش کرنی ہے عَلّامہ اِبْنِ رجب حنبلی  رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ  فرماتے ہیں : وہ وقت کہ جب عموماً لوگ غفلت کا شِکار ہوتے ہیں ، اس وقت عبادت کرنا اللہ پاک کے ہاں محبوب عَمَل ہے مزید فرماتے ہیں : اللہ پاک کے بعض نیک بندے بطورِ خاص مغرب سے عشاء تک نمازیں پڑھا کرتے تھے اور فرماتے تھے : یہ وہ وقت ہے جب  لوگ عموماً غفلت کا شکار ہوتے ہیں۔ ([1]) احادیث میں رات کو  جب لوگ سو رہے ہوں ، اس وقت نماز پڑھنے کے خصوصی فضائل آئے ہیں ، اللہ پاک کے نبی ، رسولِ ہاشمی  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  نے فرمایا : سلام  کو عام کرو ،  لوگوں کو کھانا کھلاؤ  اور رات کے وقت جب لوگ سو رہے ہوتے ہیں اس وقت نماز پڑھو تو سلامتی کے ساتھ جنت میں داخل ہو جاؤ گے۔ ([2]) اسی طرح بازار میں ذِکْرُ اللہ کرنے کے فضائل ہیں ،  کیوں؟ اس لئے کہ بازار غفلت کا مقام ہے۔

بازار میں ذِکْر اللہ کرنے والوں کی بخشش ہو گئی

منقول ہے : 2 دوست تھے ، ان کا بازار سے گزر ہوا ،  ایک دوست نے کہا : دیکھو! لوگ خرید و فروخت میں مصروف ہیں ، ذِکْرُاللہ سے غافل ہیں ، آؤ! ہم یہاں ذِکْرُ اللہ کرتے ہیں ، چنانچہ دونوں ایک طرف کھڑے ہو گئے اور ذکر اللہ کرنے لگے ، کچھ عرصے کے بعد ان میں سے ایک دوست کا انتقال ہو گیا ، دوسرے دوست نے مرنے والے کو خواب میں دیکھا ، مرنے والے دوست نے کہا : کیا تم جانتے ہو؟ اس دن ہم دونوں نے  بازار میں ذِکْرُ اللہ کیا تھا ، اللہ پاک نے اسی دِن ہم دونوں کی بخشش فرما دی تھی۔ ([3])


 

 



[1]...  لطائف المعارف ، وظائف شہر شعبان ، صفحہ : 181۔

[2]...  ترمذی ، کتا ب صفۃ القیامۃ ، صفحہ : 589 ، حدیث : 2485۔

[3]... جامع العلوم والحکم ، صفحہ : 457۔