Book Name:Ramzan Mubarak Kesay Guzaren

سُبْحٰنَ اللہ! رمضان المبارک کی  کیا عظیم شان ہے! الحمدُ للہ! مہینوں کا سردار تشریف لا رہا ہے۔ اللہ پاک ہمیں اس مُقَدَّس مہینے کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، کاش! ہم ماہِ رمضان میں کثرت سے عبادت کریں ، خوب روزے رکھیں ، تِلاوت کریں ، ذِکْر  کریں اور  درودپڑھیں۔ اللہ پاک توفیق بخشے۔

بھائیو بہنو! کرو سب نیکیوں پر نیکیاں              پڑ گئے دوزخ پہ تالے قید میں شیطان ہے([1])

 “ اِسْتقبالِ رمضان “ اور معمولات مصطفےٰ

ہمارے پیارے نبی ، مکی مدنی ، مُحَمَّد عربی  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  رمضان المبارک سے بہت محبت فرمایا کرتے تھے ، سن 2 ہجری میں ماہِ رمضان کے روزے فرض ہوئے۔ ([2])  اس کے بعد سے لے کر پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفٰے  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   کے وصال ِ ظاہری تک کل 9 مرتبہ ماہِ رمضان کی حاضری ہوئی ۔

(1) : آقا کریم   صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم    آمدِ رمضان کی خوشخبری دیتے!

حضرتِ ابو ہریرہ  رَضِیَ اللہُ عنہ  فرماتے ہیں : سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   کا معمول مبارک تھا کہ رمضان المبارک تشریف لاتا تو آپ  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  صحابۂ کرام  علیہمُ الرِّضْوَان  کو آمدِ رمضان کی خوشخبری دیا کرتے تھے۔ ([3])

ماہِ رمضاں جہاں میں پھر آیا                        مغفرت کا پیام ہے لایا

رحمتِ حق کا ہو گیا سایہ                             لحظہ  لحظہ  نزولِ  رحمت  ہے([4])


 

 



[1]... وسائل بخشش ، صفحہ : 706۔

[2]... فتاویٰ شامی ،   کتاب الزکاۃ ،   باب صدقۃ الفطر ، جلد : 3 ، صفحہ : 362 ماخوذاً۔

[3]... موسوعہ ابن ابی الدنیا ، فضائل شہر رمضان ، جلد : 1 ، صفحہ : 364 ، حدیث : 13۔

[4]... وسائل فردوس ، صفحہ : 29۔