Book Name:Ramzan Mubarak Kesay Guzaren

رمضان المبارک کا بھرپُور استقبال کیجئے!

 اے عاشقانِ رسول ! رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ رَبّ کا مہمان آ رہا ہے۔  ہمارے گھر میں جب کوئی اہم مہمان آ تا ہے تو ہم کیا کرتے ہیں؟ گھر کی اچھی طرح صفائی ہوتی ہے ، کپڑے ،  بیڈ شیٹ ،  صوفوں کے غلاف ، سب کچھ دھو کر ، صاف ستھرے کر دئیے جاتے ہیں ، اُجلے اُجلے بہترین کپڑے پہنے جاتے ہیں تاکہ مہمان دیکھ کر اچھا تاَثُّر (Impression) لیں ، ننھے مُنّے بچوں کو بھی اچھے کپڑے پہنائے جاتے ہیں ، گھر میں خوشبوئیں مہکائی جاتی ہیں ، ایک اَہَم مہمان کے استقبال کے لئے خوب اہتمام کیا جاتا ہے۔  

ماہِ رمضان کی آمد ہے ، ہمیں چاہئے کہ اس مبارک مہمان کی آمد پر بھی خوب  اہتمام کریں ،  بہتر ہے کہ ماہِ رمضان کی آمد سے پہلے گھر کی اچھے انداز سے صفائی کر لی جائے ، گھر میں خوشبو ئیں مہکائی جائیں ، ماہِ رمضان المبارک میں خوب عبادت کرنی ہے ، گھر میں استعمال ہونے والے مُصَلّے بھی دھو لئے جائیں ، رمضان المبارک میں عبادت کے لئے کپڑے دھو کر تیار کر لئے جائیں ، جس دن رمضان المبارک کا چاند نظر آنا ہے ، زہے نصیب! اس دِن ہم نہا دھو کر ، اچھے کپڑے پہن کر ، خوشبو لگا کر ، خُدا توفیق دے تو عمامہ شریف باندھ کر ، پُوری طرح تیار ہو کر استقبالِ رمضان کی نیّت سے مغرب سے پہلے پہلے مسجد میں پہنچ جائیں ، نفل اعتکاف کی نیت بھی کر لیں ، اے کاش! ذِکْر و درود کرتے ہوئے پُرتپاک انداز میں ماہِ رمضان کا استقبال ہو ، زہے نصیب! ہمیں برکتیں ملیں اور پُورا رمضان ہی نیکیوں میں گزارنے  میں کامیاب ہو جائیں۔

دِلِ مغموم پھر اِک بار خوشیوں سے ہوا سرشار          ہوئی حاصِل مَسَرَّت ماہِ رمضان آنے والا ہے

خوشی سے جھومتا ہے دِل ، مچی ہے قلب میں ہلچل                   ملی عاشِق کو فَرحت ماہِ رمضان آنے والا ہے