Book Name:Ramzan Mubarak Kesay Guzaren

رمضان المبارک کیسے گزاریں؟

(1) : رمضان المبارک کا اَدب کیجئے!

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنت  دَامَت بَرَکاتہمُ الْعَالِیَہ  نے اپنی بہترین کتاب فیضانِ رمضان میں ایک بڑا ایمان افروز واقعہ لکھا ہے : بُخارا  ایک شہر ہے ، اس شہر میں ایک مجوسی (یعنی آگ  کو پُوجنے والا) رہتا تھا ، ایک مرتبہ رَمَضان المبارک  کا مہینا تھا ،  وہ مجوسی  اپنے بیٹے کے ساتھ مسلمانوں کے بازارسے گُزررہا تھا ، مجوسی  کے بیٹے نے بازارمیں عَلَی الْاِعْلان کوئی چیز کھانی شروع کردی ، مَجوسی نے جب یہ دیکھا تو اس نے اپنے بیٹے کو ایک زَوْر دار تھپڑ لگایا اور کہا : تجھے شرم نہیں آتی ...؟  رَمَضانُ الْمبارَک کا مہینا ہے اور مسلمانوں کے سامنے عَلَی الْاِعْلان کھا رہے ہو؟ بیٹے نے کہا : ابّا جان!آپ بھی تَو ماہِ رَمَضان میں کھاتے ہیں ، مجوسی نے کہا : میں مسلمانوں کے سامنے نہیں بلکہ  اپنے گھر میں چُھپ کر کھاتا ہوں ، ماہِ رمضان کی بے حُرمتی(Dis-respect) نہیں کرتا۔ یہ واقعہ ہوا ، بات گزر گئی ، کچھ عرصے کے بعداُس مجوسی کا اِنتِقال ہوگیا۔ اس کے مرنے کے بعد کسی نے اسے خواب میں دیکھا کہ  بڑے مزے سے جنّت میں ٹہل رہا تھا ، خو اب دیکھنے والے نے حیرت سے پُوچھا : تُم تو مَجوسی تھے ، تم جنّت میں کیسے آگئے ؟اس نے کہا : میں واِقعی مَجوسی تھالیکن میں نے رَمَضان المبارک کا احترام کیا تھا ، اس  کی بَرَکت سے اللہ پاک نے موت سے پہلے مجھے ایمان کی دولت بھی عطا فرما دی اور مرنے کے بعد جنّت سے بھی مشرف فرمادیا۔ ([1])

رہوں قائِم میں توبہ پر ، خُدایا فضل ایسا کر              گناہوں سے دے نفرت ماہِ رمضان آنے والا ہے


 

 



[1]...فیضانِ رمضان ، صفحہ : 57۔