Book Name:Zikr Ullah Ki Adat Kesay Banayen
لَایَزَالُ لِسَانُکَ رَطْبًا مِّنْ ذِکْرِ اللّٰہِ عَزَّوَ جَلَّ یعنی تمہاری زبان ہمیشہ اللہ پاک کے ذِکْر سے تَر رہے۔ ([1])
مشہور مفسرِ قرآن ، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ اس حدیثِ پاک کی شرح میں فرماتے ہیں : غالباً سائِل (یعنی سوال پوچھنے والے صحابی رَضِیَ اللہُ عنہ ) کا سوال نوافِل کے متعلق تھا(کہ یارَسُوْلَ اللہ صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! نفل عبادات بہت ساری ہیں ، ان میں سے کوئی ایک عبادت بتا دیجئے جسے میں مضبوط تھام لوں) ، اس پر پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے یہ جواب دیا ، مقصد یہ ہے کہ ہر وقت زبان پر کوئی ذِکْرُ اللہ جاری رہے۔ اللہ پاک ایسی زِندگی نصیب کرے۔ ([2]) آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
حضرت مُعَاذ رَضِیَ اللہُ عنہ کے لئے آخری نصیحت
پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے بہت پیارے صحابی ہیں : حضرت مُعاذ بن جبل رَضِیَ اللہُ عنہ ۔ آپ فرماتے ہیں : اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی ظاہری حیات میں میری آپ سے جو آخری ملاقات ہوئی ، اس وقت میں نے عرض کیا : یارسولَ اللہ صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! کون سا عَمَل سب سے بہتر اور اللہ پاک کا زیادہ قُرب دِلانے والا ہے؟ اللہ پاک کے رسول ، رسولِ مقبول صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : اَنْ تَمُوتَ وَلِسَانُکَ رَطْبٌ مِّنْ ذِکْرِ اللہِ یعنی اے معاذ! تمہیں موت اس حال میں آئے کہ تمہاری زبان ذِکْرُ اللہ سے تر ہو۔ ([3])