Book Name:Faizane Ameer-e-Ahl-e-Sunnat

فرمانِ مصطفےٰ صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم : اَفْضَلُ الْعَمَلِ اَلنِّيَّۃُ الصَّادِقَۃُ سچی نیت سب سے افضل عمل ہے۔ ([1]) اے عاشقانِ رسول! ہر کام سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرنے کی عادت بنائیے کہ اچھی نیت بندے کو جنت میں داخِل کر دیتی ہے۔ بیان سننے سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے! مثلاً نیت کیجئے! * عِلْم سیکھنے کے لئے پورا بیان سُنوں گا  *  با اَدب بیٹھوں گا * دورانِ بیان سُستی سے بچوں گا  * اپنی اِصْلاح کے لئے بیان سُنوں گا  * جو سُنوں گا دوسروں تک پہنچانے  کی کوشش کروں گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                            صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمّد

پیارے اسلامی بھائیو!      اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اسلام ایساسچا اورکامل دین ہے جوقِیامت تک کے لئے قابلِ عَمَل ہے۔ جب بھی اس کے نام لیواؤں پر آزمائش کی آندھیاں چلیں ، نئے نئے فتنے ظاہرہوئے اورگمراہی کے بادل چھانے کے ساتھ ساتھ بے راہ رَوی اپنی بجلیاں گرانے لگی ، بَدعقید گی کی دعوت عام ہونے کے باعث لوگ نیکی کے راستے سے دُور ہونے لگے تو اللہ پاک نے دین اسلام میں پیدا ہونے والے اس بگاڑ کو ختْم کرنے اور اپنے پیارے حبیب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی سنّتوں کو زندہ کرنے کیلئے ہَرہَر دور میں اس اُمَّتِ مَرحومہ کو ایسی ہستیاں عطا فرمائیں ، جو علْم و عَمَل اورتقویٰ وپرہیزگاری کے انوار سے منوّر ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں انقلاب برپا کرنے کی مجاہِدانہ صِفات سے بھی آراستہ تھیں۔

    اَلْحَمْدُ لِلّٰہ اِحیائے سنّت و بَقائے اسلام کے لیے انقلابی جِدوجَہد کرنے والی ایسی شخصیات ہر صدی میں اپنا فَیضان عام کرتی ہیں جیسا کہ حضرت ابو ہُریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے کہ حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے : “ اِنَّ اللہَ یَبْعَثُ لِھٰذِہِ الْاُمَّۃِ عَلٰی رَأسِ کُلِّ مِائَۃِ سَنَۃٍ مَنْ یُّجَدِّدُ لَھَا دِیْنَھَا “ ترجمہ : بے شک اللہ پاک اس امّت کے لیے ہر صدی (سوسال) کے سِرِے پر ایسے شخص کو بھیجے گا جو اس دین کی تجدید کریگا ۔ ( ابوداؤد ، ۴ / ۱۴۸ ، حدیث : ۴۲۹۱ )


 

 



[1]...جامع صغیر، صفحہ:81، حدیث:1284۔