Book Name:Jahannam Se Chutkara Kaise Mila

جہنم کی آگ 70 ہزار مرتبہ جلائے گی

ایک حدیثِ پاک میں ہے : جہنّم میں کافِر کی ایک داڑھ اُحد پہاڑ کے برابر ہو گی اور اس کے جسم کی جلد 3 دِن کی مسَافت کے برابر ہو گی۔ ([1])

آہ! اَہْلِ جہنّم کے اتنے بڑے بڑے جسم...! ان جسموں کو آگ روزانہ 70 ہزار مرتبہ جلائے گی ، چنانچہ قرآنِ مجید میں ہے :

كُلَّمَا نَضِجَتْ جُلُوْدُهُمْ بَدَّلْنٰهُمْ جُلُوْدًا غَیْرَهَا  (پارہ : 5 ، سورۂ نساء : 56)                                         

ترجَمہ کنزُ الایمان : جب کبھی ان کی کھالیں پک جائیں گی ہم ان کے سوا اور کھالیں انہیں بدل دیں گے

اس آیت  کے تحت حضرت سیِّدُناامام حسن بصری  رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ  فرماتے ہیں کہ ہر دن آگ ان کو 70ہزار مرتبہ جلائے گی ، جب وہ ان کوجلا دے گی تو کہا جائے گا دو بارہ اپنی پہلی حالت پر لوٹ جاؤ پس وہ پہلی حالت پر لوٹ جائیں گے۔ ([2])

آہ! اتنے بڑے بڑے جسم! اور ان پر جہنّم کی انتہائی سخت اور دردناک آگ... تصَوُّر تو کیجئے کہ اس آگ کی کتنی تکلیف ہو گی۔ حضرت انس بن مالِک  رَضِیَ اللہُ عنہ   فرماتے ہیں : رسولِ اکرم ، نورِ  مُجَسَّم  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   نے فرمایا : اَہْلِ جہنّم پر رونا مُسَلّط کیا جائے گا ، وہ روئیں گے ، یہاں تک کہ آنسو ختم ہو جائیں گے ، پھر وہ خون کے آنسو روئیں گے ، یہاں تک کہ ان کے چہروں میں ایسے گڑھے پڑیں گے کہ اگر ان میں کشتیاں چھوڑ دی جائیں تو وہ چَل پڑیں۔ ([3])


 

 



[1]...مسلم ، کتاب الجنۃ وصفۃ ، صفحہ : 1094 ، حدیث : 2851۔

[2]...مصنف ابن ابی شیبہ ، کتاب ذکر النار ، جلد : 8 ، صفحہ : 97 ، حدیث : 35۔

[3]...ابن ماجہ ، کتاب  الزہد ، صفحہ : 701 ، حدیث : 4324۔